عجز و فروتنی کے سلسلہ میں دعا

رب افحمتني ذنوبي ، و انقطعت مقالتي ، فلا حجة لي ، فأنا الاسير ببليتي ، المرتهن بعملي ، المتردد في خطيئتي ، المتحير عن قصدي ، المنقطع بي .قد اوقفت نفسي موقف الاذلاء المذنبين ، موقف الاشقياء المتجرين عليك ، المستخفين بوعدك .سبحانك ! اي جرأة اجترأت عليك ، و اي تغرير غررت بنفسي ؟ !مولاي ارحم كبوتي لحر وجهي و زلة قدمي ، و عد بحلمك علي جهلي ، و باحسانك علي اساءتي ، فأنا المقر بذنبي ، المعترف بخطيئتي ، و هذه يدي و ناصيتي ، استكين بالقود من نفسي ، ارحم شيبتي و نفاد ايامي ، واقتراب اجلي و ضعفي و مسكنتي و قلة حيلتي .مولاي و ارحمني إذا انقطع من الدنيا اثري ، و امحي من المخلوقين ذكري ، و كنت من المنسيين كمن قد نسي .مولاي و ارحمني عند تغير صورتي و حالي إذا بلي جسمي ، و تفرقت اعضائي ، و تقطعت اوصالي ، يا غفلتي عما يراد بي .مولاي و ارحمني في حشري و نشري ، و اجعل في ذلك اليوم مع أوليائك موقفي ، و في احبائك مصدري ، و في جوارك مسكني ، يا رب العالمين .

اے میرے پروردگار ! میرے گناہوں نے مجھے ( عذر خواہی سے ) چپ کر دیا ہے ، میری گفتگو بھی دم توڑ چکی ہے ۔ تو اب میں کوئی عذر وحجت نہیں رکھتا ۔ اس طرح میں اپنے رنج و مصیبت میں گرفتار اپنے اعمال کے ہاتھوں میں گروی ، اپنے گناہوں میں حیران و پریشان ، مقصد سے سرگرداں اور منزل سے دور افتادہ ہوں ۔ میں نے اپنے کو ذلیل گنہگاروں کے موقف پر لا کھڑا کیا ہے ان بد بختوں کے موقف پر جو تیرے مقابلہ میں جرات دکھانے والے اور تیرے وعدہ کو سرسری سمجھنے والے ہیں ۔ پاک ہے تیری ذات ۔ میں نے کس جرات و دلیری کے ساتھ تیرے مقابلہ میں جرات کی ہے اور کس تباہی وبربادی کے ساتھ اپنی ہلاکت کا سامان کیا ہے ۔ اے میرے مالک ! میرے منہ کے بل گرنے اور قدموں کے ٹھوکر کھانے پر رحم فرما اور اپنے حلم سے میری جہالت ونادانی کو اور اپنے احسان سے میری خطاء و بداعمالی کو بخش دے اس لۓ کہ میں اپنے گناہوں کا مقر اور اپنی خطاؤں کا معترف ہوں یہ میرا ہاتھ اور یہ میری پیشانی کے بال ( تیرے قبضۂ قدرت میں ) ہیں ۔ میں نے عجز و سرافگندگی کے ساتھ اپنے کو قصاص کے لۓ پیش کر دیا ہے ۔ بارالہا ! میرے بڑھاپے ، زندگی کے دنوں کے بیت جانے ،موت کے سر پر منڈلانے اور میری ناتوانی ، عاجزی اور بے چارگی پر رحم فرما ۔ اے میرے مالک ۔ جب دنیا سے میرا نام ونشان مٹ جاۓ اور لوگوں ( کے دلوں ) سے میری یاد محو ہو جاۓ اور ان لوگوں کی طرح جنہیں بھلا دیا جاتا ہے میں بھی بھلا دیۓ جانے والوں میں سے ہو جاؤں تو مجھ پر رحم فرمانا ۔ اے میرے مالک ! میری صورت و حالت کے بدل جانے کے وقت جب میرا جسم کہنہ ، اعضاء درہم وبرہم اور جوڑ وبند الگ الگ ہو جائیں تو مجھ پر ترس کھانا ۔ ہاۓ میری غفلت و بیخبری اس سے جو اب میرے لۓ چاہا جا رہا ہے ۔ اے میرے مولا ! حشرونشر کے ہنگام مجھ پر رحم کرنا اور اس دن میرا قیام اپنے دوستوں کے ساتھ اور ( موقف حساب سے محل جزا کی طرف ) میری واپسی اپنے دوستداروں کے ہمراہ اور میری منزل اپنی ہمسائیگی میں قرار دینا ۔ اے تمام جہانوں کے پروردگار!