|
|||||
پاکیزہ اخلاق سے آراستگی کی دعا |
|||||
اللهم صل علي محمد و اله ، و بلغ بايماني اكمل الايمان ، و اجعل يقيني افضل اليقين ، و انته بنيتي الي احسن النيات ، و بعملي الي احسن الاعمال .اللهم وفر بلطفك نيتي ، و صحح بما عندك يقيني ، و استصلح بقدرتك ما فسد مني .اللهم صل علي محمد و اله ، و اكفني ما يشغلني الاهتمام به ، و استعملني بما تسألني غدا عنه ، و استفرغ ايامي فيما خلقتني له ، و اغنني و اوسع علي في رزقك ، و لا تفتني بالنظر ، و اعزني و لا تبتليني بالكبر ، و عبدني لك و لا تفسد عبادتي بالعجب ، و اجر للناس علي يدي الخير و لا تمحقه بالمن ، و هب لي معالي الاخلاق ، و اعصمني من الفخر .اللهم صل علي محمد و اله ، و لا ترفعني في الناس درجة إلا حططتني عند نفسي مثلها ، و لا تحدث لي عزا ظاهرا إلا احدثت لي ذلة باطنة عند نفسي بقدرها .اللهم صل علي محمد و ال محمد ، و متعني بهدي صالح لا استبدل به ، و طريقةحق لا ازيغ عنها ، و نية رشد لا اشك فيها ، و عمرني ما كان عمري بذلة في طاعتك ، فإذا كان عمري مرتعا للشيطان فاقبضني اليك قبل أن يسبق مقتك الي ، أو يستحكم غضبك علي .اللهم لا تدع خصلة تعاب مني إلا اصلحتها ، و لا عائبة اونب بها إلا حسنتها ، و لا اكرومة في ناقصة إلا اتممتها .اللهم صل علي محمد و ال محمد ، و ابدلني من بغضة اهل الشنان المحبة ، و من حسد اهل البغي المودة ، و من ظنة اهل الصلاح الثقة ، و من عداوة الادنين الولاية ، و من عقوق ذوي الارحام المبرة ، و من خذلان الاقربين النصرة ، و من حب المدارين تصحيح المقة ، و من رد الملابسين كرم العشرة ، و من مرارة خوف الظالمين حلاوة الامنة .اللهم صل علي محمد و اله ، و اجعل لي يدا علي من ظلمني ، و لسانا علي من خاصمني ، و ظفرا بمن عاندني ، و هب لي مكرا علي من كايدني ، و قدرة علي من اضطهدني ، و تكذيبا لمن قصبني ، و سلامة ممن توعدني ، و وفقني لطاعة من سددني ، و متابعة من ارشدني .اللهم صل علي محمد و اله ، و سددني لأن اعارض من غشني بالنصح ، و اجزي من هجرني بالبر ، و اثيب من حرمني بالبذل ، و اكافي من قطعني بالصلة ، و اخالف من اغتابني الي حسن الذكر ، و أن اشكر الحسنة ، و اغضي عن السيئة .اللهم صل علي محمد و اله ، و حلني بحلية الصالحين ، و البسني زينة المتقين ، في بسط العدل ، و كظم الغيظ ، و اطفاء النائرة ، و ضم اهل الفرقة ، و اصلاح ذات البين ، و افشاء العارفة ، و ستر العائبة ، و لين العريكة ، و خفض الجناح ، و حسن السيرة ، و سكون الريح ، و طيب المخالقة ، و السبق الي الفضيلة ، و ايثار التفضل ، و ترك التعيير ، و الافضال علي غير المستحق ، و القول بالحق و إن عز ، و استقلال الخير و إن كثر من قولي و فعلي ، و استكثار الشر و إن قل من قولي و فعلي ، و اكمل ذلك لي بدوام الطاعة ، و لزوم الجماعة ، و رفض اهل البدع ، و مستعمل الرأي المخترع .اللهم صل علي محمد و اله ، و اجعل اوسع رزقك علي إذا كبرت ، و اقوي قوتك في إذا نصبت ، و لاتبتليني بالكسل عن عبادتك ، و لا العمي عن سبيلك ، و لا بالتعرض لخلاف محبتك ، و لا مجامعة من تفرق عنك ، و لا مفارقة من اجتمع اليك .اللهم اجعلني اصول بك عند الضرورة ، و اسالك عند الحاجة ، و اتضرع اليك عند المسكنة ، و لا تفتني بالاستعانة بغيرك إذا اضطررت ، و لا بالخضوع لسؤال غيرك إذا افتقرت ، و لا بالتضرع الي من دونك إذا رهبت ، فاستحق بذلك خذلانك و منعك و اعراضك ، يا ارحم الراحمين .اللهم اجعل ما يلقي الشيطان في روعي من التمني و التظني و الحسد ذكرا لعظمتك ، و تفكرا في قدرتك ، و تدبيرا علي عدوك ، و مااجري علي لساني من لفظة فحش أو هجر أو شتم عرض أو شهادة باطل أو اغتياب مؤمن غائب أو سب حاضر و ما اشبه ذلك نطقا بالحمد لك ، و اغراقا في الثناء عليك ، و ذهابا في تمجيدك ، و شكرا لنعمتك ، و اعترافا باحسانك ، و احصاء لمننك .اللهم صل علي محمد و اله ، و لا اظلمن و أنت مطيق للدفع عني ، و لا اظلمن و أنت القادر علي القبض مني ، و لا اضلن و قد امكنتك هدايتي ، و لا افتقرن و من عندك وسعي ، و لا اطغين و من عندك وجدي .اللهم الي مغفرتك وفدت ، و الي عفوك قصدت ، و الي تجاوزك اشتقت ، و بفضلك وثقت ، و ليس عندي ما يوجب لي مغفرتك ، و لا في عملي ما استحق به عفوك ، و مالي بعد أن حكمت علي نفسي إلا فضلك ، فصل علي محمد و اله ، و تفضل علي .اللهم و انطقني بالهدي ، و الهمني التقوي ، و وفقني للتي هي ازكي ، و استعملني بما هو ارضي .اللهم اسلك بي الطريقة المثلي ، و اجعلني علي ملتك اموت و احيي .اللهم صل علي محمد و اله ، و متعني بالاقتصاد، و اجعلني من اهل السداد ، و من ادلة الرشاد ، و من صالح العباد ، و ارزقني فوز المعاد ، و سلامة المرصاد .اللهم خذ لنفسك من نفسي ما يخلصها ، و ابق لنفسي من نفسي ما يصلحها ، و فان نفسي هالكة أو تعصمها .اللهم أنت عدتي إن حزنت و أنت منتجعي إن حرمت ، و بك استغاثتي إن كرثت ، و عندك مما فات خلف ، و لما فسد صلاح ، و فيما انكرت تغيير ، فامنن علي قبل البلاء بالعافية ، و قبل الطلب بالجدة ، و قبل الضلال بالرشاد ، و اكفني مؤنة معرة العباد ، و هب لي امن يوم المعاد ، و امنحني حسن الارشاد .اللهم صل علي محمد و اله ، و ادرأ عني بلطفك ، و اغذني بنعمتك ، و اصلحني بكرمك ، و داوني بصنعك ، و اظلني في ذراك ، و جللني رضاك ، و وفقني إذا اشتكلت علي الامور لاهداها ، و إذا تشابهت الاعمال لازكاها ، و إذا تناقضت الملل لارضاها .اللهم صل علي محمد و اله ، و توجني بالكفاية ، و سمني حسن الولاية ، و هب لي صدق الهداية ، و لا تفتني بالسعة ، و امنحني حسن الدعة ، و لا تجعل عيشي كدا كدا ، و لا ترد دعائي علي ردا ، فاني لا اجعل لك ضدا ، و لا أدعو معك ندا .اللهم صل علي محمد و آله ، و امنعني من السرف ، و حصن رزقي من التلف ، و وفر ملكتي بالبركة فيه ، و اصب بي سبيل الهداية للبر فيما انفق منه .اللهم صل علي محمد و آله ، و اكفني مؤنة الاكتساب ، و ارزقني من غير احتساب ، فلا اشتغل عن عبادتك بالطلب ، و لا احتمل اصر تبعات المكسب .اللهم فاطلبني بقدرتك ما اطلب ، و اجرني بعزتك مما ارهب .اللهم صل علي محمد و آله ، و صن وجهي باليسار ، و لا تبتذل جاهي بالاقتار فاسترزق اهل رزقك ، و استعطي شرار خلقك ، فافتتن بحمد من اعطاني ، و ابتلي بذم من منعني ، و أنت من دونهم ولي الاعطاء و المنع .اللهم صل علي محمد و آله ، و ارزقني صحة في عبادة ، و فراغا في زهادة ، و علما في استعمال ، و ورعا في اجمال .اللهم اختم بعفوك اجلي ، و حقق في رجَء رحمتك املي ، و سهل الي بلوغ رضاك سبلي ، و حسن في جميع احوالي عملي .اللهم صل علي محمد و آله ، و نبهني لذكرك في اوقات الغفلة ، و استعملني بطاعتك في ايام المهلة ، و انهج لي الي محبتك سبيلا سهلة ، اكمل لي بها خير الدنيا و الاخرة .اللهم و صل علي محمد و آله ، كافضل ما صليت علي احد من خلقك قبله ، و أنت مصل علي احد بعده ، و اتنا في الدنيا حسنة و في الاخرة حسنة ، و قني برحمتك عذاب النار . بارالہا ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور میرے ایمان کو کامل ترین ایمان کی حد تک پہنچا دے اور میرے یقین کو بہترین یقین قرار دے اور میری نیت کو پسندیدہ ترین نیت اور میرے اعمال کو بہترین اعمال کے پایہ تک بلند کر دے ۔ خداوندا! اپنے لطف سے میری نیت کو خالص و بے ریا اور اپنی رحمت سے میرے یقین کو استوار اور اپنی قدرت سے میری خرابیوں کی اصلاح کر دے ۔بارالہا ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ان مصروفیتوں سے جو عبادت میں مانع ہیں بے نیاز کر دے اور انہی چیزوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے جن کے بارے میں مجھ سے کل کے دن سوال کرے گا ، اور میرے ایام زندگی کو غرض خلقت کی انجام دہی کے لۓ مخصوص کر دے ۔ اور مجھے( دوسروں سے ) بے نیاز کر دے اور میرے رزق میں کشائش و وسعت عطا فرما ۔ احتیاج و دست نگری میں مبتلا نہ کر ۔ عزت و توقیر دے، کبرو غرور سے دوچار نہ ہونے دے ۔ میرے نفس کو بندگی و عبادت کے لۓ رام کر اور خودپسندی سے میری عبادت کو فاسد نہ ہونے دے اور میرے ہاتھوں سے لوگوں کو فیض پہنچا اور اسے احسان جتانے سے رائگان نہ ہونے دے ۔ مجھے بلند پایہ اخلاق مرحمت فرما اور غرور اور تفاخر سے محفوظ رکھ ۔ بارالہا ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور لوگوں میں میرا درجہ جتنا بلند کرے اتنا ہی مجھے خود اپنی نظروں میں پست کر دے اور جتنی ظاھری عزت مجھے دے اتنا ہی میرے نفس میں باطنی بے وقعتی کا احساس پیدا کر دے ۔ بارالہا ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ایسی نیک ھدایت سے بہرہ مند فرما کہ جسے دوسری چیز سے تبدیل نہ کروں اور ایسے صحیح راستے پر لگا جس سے کبھی منہ نہ موڑوں ، اور ایسی پختہ نیت دے جس میں ذرا شبہ نہ کروں اور جب تک میری زندگی تیری اطاعت و فرمانبرداری کے کام آۓ مجھے زندہ رکھ اور جب وہ شیطان کی چراگاہ بن جاۓ تو اس سے پہلے کہ تیری ناراضگی سے سابقہ پڑے یا تیرا غضب مجھ پر یقینی ہو جاۓ مجھے اپنی طرف اٹھا لے ۔ اے معبود ! کوئی ایسی خصلت جو میرے لۓ معیوب سمجھی جاتی ہو اس کی اصلاح کۓ بغیر نہ چھوڑ اور کوئی ایسی بری عادت جس پر میری سرزنش کی جا سکے ۔ اسے درست کۓ بغیر نہ رہنے دے اور جو پاکیزہ خصلت ابھی مجھ میں ناتمام ہو اسے تکمیل تک پہنچا دے ۔ اے اللہ ! رحمت نازل فرما محمد ۔ص۔ اور ان کی آل پر اور میری نسبت کینہ ور دشمنوں کی دشمنی کو الفت سے سرکشوں کے حسد کو محبت سے ، نیکوں سے بے اعتمادی کو اعتماد سے ، قریبیوں کی عداوت کو دوستی سے ، عزیزوں کی قطع تعلقی کو صلہ رحمی سے ، قرابت داروں کی بے اعتنائی کو نصرت وتعاون سے ،خوشامدیوں کی ظاہری محبت کو سچی محبت سے اور ساتھیوں کے اہانت آمیز برتاؤ کو حسن معاشرت سے اور ظالموں کے خوف کی تلخی کو امن کی شیرینی سے بدل دے ۔خداوندا ! رحمت نازل فرما محمد اور ان کی آل پر اور جو مجھ پر ظلم کرے اس پر مجھے غلبہ دے ۔ جو مجھ سے جھگڑا کرے اس کے مقابلہ میں زبان ( حجت شکن ) دے ، جو مجھ سے دشمنی کرے اس پر مجھے فتح اور کامرانی بخش ۔ جو مجھ سے مکر کرے اس کے مکر کا توڑ عطا کر ۔ جو مجھے دباۓ اس پر قابو دے۔ جو میری بدگوئی کرے اسے جھٹلانے کی طاقت دے اور جو ڈراۓ دھمکاۓ ،اس سے مجھے محفوظ رکھ۔ جو میری اصلاح کرے اس کی اطاعت اور جو راہ راست دکھاۓ اس کی پیروی کی توفیق عطا فرما ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے اس امر کی توفیق دے کہ جو مجھ سے غش و فریب کرے میں اس کی خیر خواہی کروں ، جو مجھے چھوڑ دے اس سے حسن سلوک سے پیش آؤں ۔ جو مجھے محروم کرے اسے عطا و بخشش کے ساتھ عوض دوں اور جو قطع رحمی کرے اسے صلۂ رحمی کے ساتھ بدلہ دوں اور جو پس پشت میری برائی کرے میں اس کے برخلاف اس کا ذکر خیر کروں اور حسن سلوک پر شکریہ بجا لاؤں اور بدی سے چشم پوشی کروں ۔ بارالہا ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور عدل کے نشر ، غصہ کے ضبط اور فتنہ کے فرو کرنے ، متفرق و پراگندہ لوگوں کو ملانے ، آپس میں صلح صفائی کرانے ،نیکی کے ظاہر کرنے ، عیب پر پردہ ڈالنے ، نرم خوئی و فروتنی اور حسن سیرت کے اختیار کرنے، رکھ رکھاؤ رکھنے ، حسن اخلاق سے پیش آنے ، فضیلت کی طرف پیش قدمی کرنے ، تفضل و احسان کو ترجیح دینے ، خوردہ گیری سے کنارہ کرنے اور غیر مستحق کے ساتھ حسن سلوک کے ترک کرنے اور حق بات کے کہنے میں اگرچہ وہ گراں گزرے ، اور اپنی گفتارو کردار کی بھلائی کو کم سمجھنے میں اگرچہ وہ زیادہ ہو اور اپنے قول و عمل کی برائی کو زیادہ سمجھنے میں اگرچہ وہ کم ہو ۔ مجھے نیکو کاروں کے زیور اور پرہیزگاروں کی سج دھج سے آراستہ کر اور ان تمام چیزوں کو دائمی اطاعت اور جماعت سے وابستگی اور اہل بدعت اور ایجاد کردہ دایوں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پر عمل کرنے والوں سے علیحدگی کے ذریعہ پايہ تکمیل تک پہنچا دے ۔ بارالہا ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور جب میں بوڑھا ہو جاؤں تو اپنی وسیع روزی میرے لۓ قرار دے اور جب عاجز و درماندہ ہو جاؤں تواپنی قوی طاقت سے مجھے سہارا دے اور مجھے اس بات میں مبتلا نہ کر کہ تیری عبادت میں سستی اور کوتاہی کروں ، تیری راہ کی تشخیص میں بھٹک جاؤں تیری محبت کے تقاضوں کی خلاف ورزی کروں ۔ اور جو تجھ سے متفرق اور پراگندہ ہوں ان سے میل جول رکھوں اور جو تیری جانب بڑھنے والے ہیں ان سے علیحدہ رہوں ۔خداوندا ! مجھے ایسا قرار دے کہ ضرورت کے وقت تیرے ذریعے حملہ کروں ،حاجت کے وقت تجھ سے سوال کروں اور فقر و احتیاج کے موقع پر تیرے سامنے گڑگڑاؤں اور اس طرح مجھے نہ آزمانا کہ اضطرار میں تیرے غیر سے مدد مانگوں اور فقر و ناداری کے وقت تیرے غیر کے آگے عاجزانہ درخوست کروں اور خوف کے موقع پر تیرے سوا کسی دوسرے کے سامنے گڑگڑاؤں کہ تیری طرف سے محرومی ناکامی اور بے اعتنائی کا مستحق قرار پاؤں ۔ اے تمام رحم کرنے والوں میں سے سب سے زیادہ رحم کرنے والے خدایا! جو حرص،بد گمانی اور حسد کے جذبات شیطان میرے دل میں پیدا کرے ۔ انہیں اپنی عظمت کی یاد اپنی قدرت میں تفکر اور دشمن کے مقابلہ میں تدبر و چارہ سازی کے تصورات سے بدل دے اور فحش کلامی یا بے ہودہ گوئی ، یا دشنام طرازی یا جھوٹی گواہی یا غائب مومن کی غیبت یا موجود سے بد زبانی اور اس قبیل کی جو باتیں میری زبان پر لانا چاہے انہیں اپنی حمد سرائی ، مدح میں کوشش اور انہماک ، تمجید و بزرگی کے بیان ،شکر نعمت و اعتراف احسان اور اپنی نعمتوں کے شمار سے تبدیل کر دے ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھ پر ظلم نہ ہونے پائے جبکہ تو اس کے دفع کرنے پر قادر ہے ، اور کسی پر ظلم نہ کروں جب کہ تو مجھے ظلم سے روک دینے کی طاقت رکھتا ہے اور گمراہ نہ ہو جاؤں جب کہ میری رہنمائی تیرے لۓ آسان ہے اور محتاج نہ ہوں جبکہ میری فارغ البالی تیری طرف سے ہے ۔ اور سرکش نہ ہو جاؤں جبکہ میری خوشحالی تیری جانب سے ہے ۔ بارالہا ! میں تیری مغفرت کی جانب آیا ہوں اور تیری معافی کا طلب گار اور تیری بخشش کا مشتاق ہوں ۔ میں صرف تیرے فضل پر بھروسہ رکھتا ہوں اور میرے پاس کوئی چیز ایسی نہیں ہے جو میرے لۓ مغفرت کا باعث بن سکے اور نہ میرے عمل میں کچھ ہے کہ تیرے عفو کا سزاوار قرار پاؤں اور اب اس کے بعد کہ میں خود ہی اپنے خلاف فیصلہ کر چکا ہوں تیرے فضل کے سوا میرا سرمایہ امید کیا ہو سکتا ہے ۔ لہذا محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل کر اور مجھ پر تفضل فرما ۔ خدایا ! مجھے ہدایت کے ساتھ گویا کر ، میرے دل میں تقوی و پرہیز گاری کا القاء فرما پاکیزہ عمل کی توفیق دے ، پسندیدہ کام میں مشغول رکھ ۔ خدایا مجھے بہترین راستے پر چلا اور ایسا کر کہ تیرے دین و آئین پر مروں اور اسی پر زندہ رہوں ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ( گفتار و کردار میں ) میانہ روی سے بہرہ مند فرما اور درست کاروں اور ہدایت کے رہنماؤں اور نیک بندوں میں سے قرار دے اور آخرت کی کامیابی اور جہنم سے سلامتی عطا کر ۔ خدایا میرے نفس کا ایک حصّہ اپنی ( ابتلاؤ آزمائش کے ) لۓ مخصوص کر دے تاکہ اسے ( عذاب سے ) رهائی دلا سکے اور ایک حصہ کہ جس سے اس کی ( دینوی ) اصلاح و درستی وابستہ ہے میرے لۓ رہنے دے کیونکہ میرا نفس تو ہلاک ہونے والا ہے مگر یہ کہ تو اسے بچا لے جاۓ۔ اے اللہ ! اگر میں غمگین ہوں تو میرا سازو سامان ( تسکین ) تو ہے ۔ اور اگر ( ہر جگہ سے ) محروم رہوں تو میری امید گاہ تو ہے ۔ اور اگر مجھ پر غموں کا ہجوم ہو تو تجھ ہی سے دادو فریاد ہے ۔ جو چیز جا چکی اس کا عوض اور جو شی تباہ ہو گئی اس کی درستی اور جسے تو ناپسند کرے اس کی تبدیلی تیرے ہاتھ میں ہے ۔ لہذا بلا کے نازل ہونے سے پہلے عافیت ، مانگنے سے پہلے خوشحالی ، اور گمراہی سے پہلے ہدایت سے مجھ پر احسان فرما۔ اور لوگوں کی سخت و درشت باتوں کے رنج سے محفوظ رکھ اور قیامت کے دن امن و اطمینان عطا فرما اور حسن ہدایت و ارشاد کی توفیق مرحمت فرما ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور اپنے لطف سے ( برائیوں کو ) مجھ سے دور کر دے اور اپنی نعمت سے ، میری پرورش اور اپنے کرم سے میری اصلاح فرما اور اپنے فضل و احسان سے ( جسمانی و نفسانی امراض سے) میرا مداوا کر ۔ مجھے اپنی رحمت کے سایہ میں جگہ دے ۔اور اپنی رضامندی میں ڈھانپ لے ۔اور جب امور مشتبہ ہو جائیں تو جو ان میں زیادہ قرین صواب ہو اور جب اعمال میں اشتباہ واقع ہو جاۓ تو جو ان میں پاکیزہ تر ہو اور جب مذاہب میں اختلاف پڑھ جاۓ تو جو ان میں پسندیدہ تر ہو اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرما ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے بے نیازی کا تاج پہنا اور متعلقہ کاموں اور احسن طریق سے انجام دینے پر مامور فرما اور ایسی ہدایت سے سرفراز فرما جو دوام و ثبات لۓ ہوۓ ہو اور غنا و خوشحالی سے مجھے بے راہ نہ ہونے دے اور آسودگی و آسائش عطا فرما ، اور زندگی کو سخت دشوار بنا دے ۔ میری دعا کو رد نہ کر کیونکہ میں کسی کو تیرا مدّ مقابل نہیں قرار دیتا اور نہ تیرے ساتھ کسی کو تیرا ہمسر سمجھتے ہوۓ پکارتا ہوں ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما۔ اور مجھے فضول خرچی سے باز رکھ اور میری روزی کو تباہ ہونے سے بچا اور میرے مال میں برکت دے کر اس میں اضافہ کر اور مجھے اس میں سے امور خیر میں خرچ کرنے کی وجہ سے راہ حق و صواب تک پہنچا ۔ بارالہا ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے کسب معیشت کے رنج و غم سے بے نیاز کر دے ۔ اور بیحساب روزی عطا فرما تاکہ تلاش معاش میں الجھ کر تیری عبادت سے رو گرداں نہ ہو جاؤں اور ( غلط و نا مشروع ) کاروکسب کا خمیازہ نہ بھگتوں ۔ اے اللہ ! میں جو کچھ طلب کرتا ہوں اسے اپنی قدرت سے مہیّا کر دے اور جس چیز سے خائف ہوں اس سے اپنی عزّت و جلال کے ذریعے پناہ دے ۔ خدایا ! میری آبرو کو غنا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ و تو نگری کے ساتھ محفوظ رکھ اور فقرو تنگدستی سے میری منزلت کو نظروں سے نہ گرا ۔ کہ تجھ سے رزق پانے والوں سے رزق مانگنے لگوں ۔ اور تیرے پست بندوں کی نگاہ لطف و کرم کو اپنی طرف موڑنے کی تمنا کروں اور جو مجھے دے اس کی مدح و ثنا اور جو نہ دے اس کی برائی کرنے میں مبتلا ہو جاؤں ۔ اور تو ہی عطا کرنے اور روک لینے کا اختیار رکھتا ہے نہ کہ وہ ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ایسی صحت دے جو عبادت میں کام آۓ اور ایسی فرصت جو دنیا سے بے تعلقی میں صرف ہو اور ایسا علم جو عمل کے ساتھ ہو اور ایسی پرہیزگاری جو حّد اعتدال میں ہو ( کہ وسواس میں مبتلا نہ ہو جاؤں ) ۔ اے اللہ ! میری مدت حیات کو اپنے عفو درگزر کے ساتھ ختم کر اور میری آرزو کو رحمت کی امید میں کامیاب فرما اور اپنی خوشنودی تک پہنچنے کے لۓ راہ آسان کر اور ہر حالت میں میرے عمل کو بہتر قرار دے ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے غفلت کے لمحات میں اپنے ذکر کے لۓ ہوشیار کر اور مہلت کے دنوں میں اپنی اطاعت میں مصروف رکھ اور اپنی محبت کی سہل و آسان راہ میرے لۓ کھول دے اور اس کے ذریعے میرے لۓ دنیا و آخرت کی بھلائی کو کامل کر دے ۔ اے اللہ ! محمد اور ان کی اولاد پر بہترین رحمت نازل فرما ۔ ایسی رحمت جو اس سے پہلے تو نے مخلوقات میں سے کسی ایک پر نازل کی ہو اور اس کے بعد کسی پر نازل کرنے والا ہو اور ہمیں دنیا میں بھی نیکی عطا کر اور آخرت میں بھی اور اپنی رحمت سے ہمیں دوزخ کے عذاب سے محفوظ رکھ ۔ |
|||||
|
|||||
|
|||||
|