دعائے صبح وشام

الحمد لله الذي خلق الليل و النهار بقوته .و ميز بينهما بقدرته .و جعل لكل واحد منهما حدا محدودا ، و امدا ممدودا .يولج كل واحد منهما في صاحبه ، و يولج صاحبه فيه بتقدير منه للعباد فيما يغذوهم به ، و ينشئهم عليه .فخلق لهم الليل ليسكنوا فيه من حركات التعب و نهضات النصب ، و جعله لباسا ليلبسوا من راحته و منامه ، فيكون ذلك لهم جماما و قوة ، و لينالوا به لذة و شهوة .و خلق لهم النهار مبصرا ليبتغوا فيه من فضله ، و ليتسببوا الي رزقه ، و يسرحوا في ارضه ، طلبا لما فيه نيل العاجل من دنياهم ، و درك الاجل في اخريهم .بكل ذلك يصلح شأنهم ، و يبلو اخبارهم ، و ينظر كيف هم في اوقات طاعته ، و منازل فروضه ، و مواقع احكامه ، ليجزي الذين اساؤا بما عملوا ، و يجزي الذين احسنوا بالحسني .اللهم فلك الحمد علي ما فلقت لنا من الاصباح ، و متعتنا به من ضوء النهار ، و بصرتنا من مطالب الاقوات ، و وقيتنا فيه من طوارق الافات .اصبحنا و اصبحت الاشياء كلها بجملتها لك : سماؤها و ارضها ، و ما بثثت في كل واحد منهما ، ساكنه و متحركه ، و مقيمه و شاخصه ، و ما علا في الهواء ، و ما كن تحت الثري .اصبحنا في قبضتك يحوينا ملكك و سلطانك ، و تضمنا مشيتك ، و نتصرف عن امرك ، و نتقلب في تدبيرك .ليس لنا من الامر الا ما قضيت ، و لا من الخير الا ما اعطيت .و هذا يوم حادث جديد ، و هو علينا شاهد عتيد ، ان احسنا ودعنا بحمد ، و ان اسانا فارقنا بذم .اللهم صل علي محمد و اله ، و ارزقنا حسن مصاحبته ، و اعصمنا من سوء مفارقته بارتكاب جريرة ، أو اقتراف صغيرة أو كبيرة .و اجزل لنا فيه من الحسنات ، و اخلنا فيه من السيئات ، و املأ لنا ما بين طرفيه حمدا و شكرا و اجرا و ذخرا و فضلا و احسانا .اللهم يسر علي الكرام الكاتبين مؤنتنا ، و املأ لنا من حسناتنا صحائفنا ، و لا تخزنا عندهم بسوء اعمالنا .اللهم اجعل لنا في كل ساعة من ساعاته حظا من عبادك ، و نصيبا من شكرك ، و شاهد صدق من ملائكتك .اللهم صل علي محمد و اله ، و احفظنا من بين ايدينا و من خلفنا و عن ايماننا و عن شمائلنا و من جميع نواحينا ، حفظا عاصما من معصيتك ، هاديا الي طاعتك ، مستعملا لمحبتك .اللهم صل علي محمد و اله ، و وفقنا في يومنا هذا و ليلتنا هذه و في جميع ايامنا لاستعمال الخير ، و هجران الشر ، و شكر النعم ، و اتباع السنن ، و مجانبة البدع ، و الامر بالمعروف ، و النهي عن المنكر ، و حياطة الاسلام ، و انتقاص الباطل و اذلاله ، و نصرة الحق و اعزازه ، و ارشاد الضال ، و معاونة الضعيف ، و ادراك اللهيف .اللهم صل علي محمد و اله ، و اجعله ايمن يوم عهدناه ، و افضل صاحب صحبناه ، و خير وقت ظللنا فيه .و اجعلنا من ارضي من مر عليه الليل و النهار من جملة خلقك ، اشكرهم لما اوليت من نعمك ، و اقومهم بما شرعت من شرائعك ، و اوقفهم عما حذرت من نهيك .اللهم اني اشهدك و كفي بك شهيدا ، و اشهد سماءك و ارضك و من اسكنتهما من ملائكتك و سائر خلقك في يومي هذا و ساعتي هذه و ليلتي هذه و مستقري هذا ، اني أشهد أنك أنت الله الذي لا إله إلا أنت ، قائم بالقسط ، عدل في الحكم ، رؤف بالعباد ، مالك الملك ، رحيم بالخلق .و أن محمدا عبدك و رسولك و خيرتك من خلقك ، حملته رسالتك فاداها ، و امرته بالنصح لامته فنصح لها .اللهم فصل علي محمد و اله ، اكثرما صليت علي احد من خلقك ، و اته عنا افضل ما اتيت احدا من عبادك ، و اجزه عنا افضل و اكرم ما جزيت احدا من انبيائك عن امته .إنك أنت المنان بالجسيم ، الغافر للعظيم ، و أنت ارحم من كل رحيم ، فصل علي محمد و اله الطيبين الطاهرين الاخيار الانجبين .

سب تعریف اس اللہ کے لیے جس نے اپنی قوت وتوانائی سے شب وروز کو خلق فرمایا اوراپنی قدرت کی کارفرمائی سے ان دونوں میں امتیاز قائم کیا اوران میں سے ہر ایک کو معینہ حدود ومقررہ اوقاف کا پابند بنایا۔ اوران کے کم وبیش ہونے کا جو اندازہ مقرر کیا اس کے مطابق رات کی جگہ پر دن اوردن کی جگہ پر رات کو لاتا ہے تا کہ اس ذریعہ سے بندوں کی روزی اوران کی پرورش کا سروسامان کرے ۔ چنانچہ اس نے ان کے لیے رات بنائی تاکہ وہ اس میں تھکا دینے والے کاموں اورخستہ کردینے والی کلفتوں کے بعد آرام کریں اور اسے پردہ قرار دیا تاکہ سکون کی چادر تان کر آرام سے سوئیں اور یہ ان کے لیے راحت و نشاط اورطبعی قوتوں کے بحال ہونے اورلذت وکیف اندوزی کا ذریعہ ہو اور دن کو ان کے لیے روشن و درخشاں پیدا کیا تاکہ اس میں (کاروکسب میں سرگرم عمل ہو کر) اس کے فضل کی جستجو کریں اورروزی کا وسیلہ ڈھونڈیں اوردنیاوی منافع اوراخروی فوائد کے وسائل تلاش کرنے کے لیے اس کی زمین میں چلیں پھریں۔ان تمام کارفرمائیوں سے وہ ان کے حالات سنوارتا ہے اوران کے اعمال کی جانچ کرتا ہے اوریہ دیکھتا ہے کہ وہ لوگ اطاعت کی گھڑیوں ،فرائض کی منزلوں اورتعمیل احکام کے موقعوں پر کیسے ثابت ہوتے ہیں تاکہ بروں کو ان کی بداعمالیوں کی سزا اورنیکو کاروں کو اچھا بدلہ دے اے اللہ ! تیرے ہی لیے تمام تعریف و توصیف ہے کہ تو نے ہمارے لیے (رات کا دامن چاک کرکے )صبح کا اجالا کیا اوراس طرح دن کی روشنی سے ہمیں فائدہ پہنچایا اورطلب رزق کے مواقع ہمیں دکھائے اوراس میں آفات وبلیات سے ہمیں بچایا ۔ ہم اور ہمارے علاوہ سب چیزیں جنہیں تو نے ان میں پھیلایا ہے وہ ساکن ہوں یا متحرک ، مقیم ہوں یا راہ نورد ، فضا میں بلند ہوں یا زمین کی تہوں میں پوشیدہ ۔ ہم تیرے قبضہ قدرت میں ہیں ۔اورتیرا اقتدار اورتیری بادشاہت ہم پر حاوی ہے اورتیری مشیت کا محیط ہمیں گھیرے ہوئے ہے۔ تیرے حکم سے ہم تصرف کرتے اور تیری تدبیر وکارسازی کے تحت ہم ایک حالت سے دوسری حالت کی طرف پلٹتے ہیں ۔ جو امر تو نے ہمارے لیے نافذ کیا اورجو خیر اوربھلائی تو نے ہمیں بخشی اس کے علاوہ ہمارے اختیار میں کچھ نہیں ہے اور یہ دن نیا اور تازہ وارد ہے جو ہم پر ایسا گواہ ہے جو ہمہ وقت حاضر ہے۔ اگر ہم نے اچھے کام کئے تو وہ توصیف وثنا کرتے ہوئے ہمیں رخصت کرے گا اوراگر برے کام کئے تو برائی کرتا ہوا ہم سے علیحدہ ہوگا ۔ اے اللہ ! تومحمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور ہمیں اس دن کی اچھی رفاقت نصیب کرنا اور کسی خطا کے ارتکاب کرنے یا صغیرہ وکبیرہ گناہ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اس کے چیں بہ جبیں ہو کر رخصت ہونے سے ہمیں بچائے رکھنا اور اس دن میں ہماری نیکیوں کا حصہ زیادہ کر ۔ اوربرائیوں سے ہمارا دامن خالی رکھ ۔ اورہمارے لیے اس کے آغاز وانجام کو حمد وسپاس ، ثواب وذخیرہ آخرت اوربخشش واحسان سے بھر دے ۔ اے اللہ !کراما کاتبین پر (ہمارا گناہ قلم بند کرنے کی ) زحمت کم کر دے اورہمارا نامہ اعمال نیکیوں سے بھر دے اوربد اعمالیوں کی وجہ سے ہمیں ان کے سامنے رسوا نہ کر ۔ بارالہا! تو اس دن کے لمحوں میں سے ہر لمحہ وساعت میں اپنے خاص بندوں کا حظ ونصیب اوراپنے شکر کا ایک حصہ اورفرشتوں میں سے ایک سچا گواہ ہمارے لیے قرار دے ۔ ا ے اللہ ! تو محمد اوران کی آل پر رحمت ناز ل فرما اورآگے پیچھے اورداہنے اوربائیں اور تمام اطراف وجوانب سے ہماری حفاظت کر۔ ایسی حفاظت جو ہمارے لیے گناہ ومعصیت سے سدراہ ہو، تیری اطاعت کی طرف رہنمائی کرے اورتیری محبت میں صرف ہو ۔ اے اللہ ! تو محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما ۔ اور ہمیں آج کے دن، آج کی رات اورزندگی کے تمام دنوں میں توفیق عطا فرما کہ ہم نیکیوں پر عمل کریں ، برائیوں کو چھوڑیں ، نعمتوں پر شکر اورسنتوں پر عمل کریں ،بدعتوں سے الگ تھلگ رہیں اور نیک کاموں کا حکم دیں اور برے کاموں سے روکیں ۔اسلام کی حمایت وطرفداری کریں ،باطل کو کچلیں اور اسے ذلیل کریں ۔ حق کی نصرت کریں اوراسے سر بلند کریں ۔ گمراہوں کی رہنمائی ،کمزوروں کی اعانت اوردرد مندوں کی چارہ جوئی کریں ۔ بارالہا!محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اورآج کے دن کو ان تمام دنوں سے جو ہم نے گزارے زیادہ مبارک دن اور ان تمام ساتھیوں سے جن کا ہم نے ساتھ دیا ۔ اس کو بہترین رفیق اوران تمام وقتوں سے جن کے زیر سایہ ہم نے زندگی بسر کی اس کو بہترین وقت قرار دے اورہمیں ان تمام مخلوقات میں سے زیادہ راضی وخوشنود رکھ جن پر شب وروز کے چکر چلتے رہے ہیں اور ان سب سے زیادہ اپنی عطا کی ہوئی نعمتوں کا شکر گزار اوران سب سے زیادہ اپنے جاری کئے ہوئے احکام کا پابند اوران سب سے زیادہ ان چیزوں سے کنارہ کشی کرنے والا قرار دے جن سے تو نے خوف دلا کر منع کیا ہے۔ اے خدا !میں تجھے گواہ کرتا ہوں اورتو گواہی کے لیے کافی ہے اورتیرے آسمان اورتیری زمین کو اور ان میں جن جن فرشتوں اورجس جس مخلوق کو تو نے بسایا ہے آج کے دن اوراس گھڑی اوررات میں اور اس مقام پر گواہ کرتا ہوں کہ میں اس بات کا معترف ہوں کہ صرف تو ہی وہ معبود ہے جس کے علاوہ کوئی معبود نہیں ۔ انصاف کا قائم کرنے والا ،حکم میں عدل ملحوظ رکھنے والا، بندوں پر مہربان ، اقتدار کا مالک اورکائنات پر رحم کرنے والا ہے اوراس بات کی بھی شہادت دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تیرے خاص بندے ، رسول اوربرگزیدہ کائنات ہیں ان پر تو نے رسالت کی ذمہ داریاں عائد کیں تو انہو ں نے اسے پہنچایا اوراپنی امت کو پند و نصیحت کرنے کا حکم دیا تو انہوں نے نصیحت فرمائی ۔ ہماری طرف سے انہیں وہ بہترین تحفہ عطا کر جو تیرے ہر اس انعام سے بڑھا ہوا ہو جو اپنے بندوں میں سے تو نے کسی ایک کو دیا ہو ۔ اورہماری طرف سے انہیں وہ جزا د ے جو ہر اس جزا سے بہتر و برتر ہو ۔ جو ابنیاء میں سے کسی ایک کو تو نے اس کی امت کی طرف سے عطا فرمائی ہو ۔ لہذا تو محمد اوران کی پاک وپاکیزہ اورشریف ونجیب اولاد پر رحمت نازل فرما۔