آئمہ اور سیاست
 
حضرت امام حسن و امام حسین اور سیاست

حضرت امام حسن-اور سیاست:
حضرت امام حسن-کی سیاسی زندگی کا سب سے اہم واقعہ جو کہ ہر تاریخ نگار کی توجہ اپنی جانب مبذول کرتاہے وہ صلح امام حسن-ہے۔
جب دشمن ایک دوسرے کے روبرو قرا ر پاتے ہیں تو ان کا مقصد یہ ہو تاہے کہ اپنے آپ کو حق پر اور دوسرے کو باطل ثابت کرنے کی کوشش کریں اور اصل ہدف بھی یہی ہوتاہے لیکن جب تک انسان کاباطن لوگوں کے سامنے نہ آجائے یا یوں کہہ لیجئے کہ جب تک لوگ ہارنے والے یا جیتنے والے کے باطن سے آگاہ نہ ہوجائیں اس وقت تک اسکے بار ے میں صحیح رائے قائم نہیں کرپاتے اگر امام حسن- معاویہ سے جنگ کرکے جیت بھی جاتے تب بھی لوگ یہی خیال کرتے کہ شاید معاویہ حق پر تھا یا یہ کہ یہ جنگ ناحق لڑی گئی ۔لیکن امام حسن- نے معاویہ کے ساتھ صلح کرکے لوگوں کے سامنے اس کے باطن کی پہچان کروا دی۔
جب امام حسن- نے معاویہ کے بھیجے ہوئے سادے کاغذپر اپنی شرائط لکھ کردے دیں تو معاویہ کوفہ میں داخل ہوا اور اس نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے یوں کہا:
"میں نے اس لئے تم سے جنگ نہیں لڑی کہ تم نماز اور حج بجالاؤ اور زکوٰة دو کیونکہ میں جانتا ہوں کہ تم لوگ یہ کام انجام دیتے ہو۔ میں نے اس لئے تمہارے ساتھ جنگ کی تاکہ تم کو اپنا مطیع اور فرمانبردار بناؤں اور تم لوگوں پرحکومت کروں"۔
اور اسکے بعد کہا:
یاد رکھو !اللہ نے ہمارے لئے ہماری بات کو درست کردیا ۔ہماری دعوت کو عزت دی ، تو اب جن شرطوں کو میں نے ماناتھا ان سب سے میں انکار کرتاہوں ،اور ہر وہ وعدہ جومیں نے تم میں سے کسی ایک سے بھی کیاتھا وہ میرے پیروں تلے روندا جاچکاہے۔
یہاں سے لوگ سمجھ گئے کہ کون اسلام کی خاطر جنگ کررہا تھا اور کس کو صرف حکومت چاہئے تھی۔

حضرت امام حسین- اور سیاست
حضرت امام حسین- نے صرف یزیدہی کے خلاف آواز بلند نہیں کی بلکہ معاویہ کے زمانے میں بھی آپ نے لوگوں کی توجہ اس بات کی طرف مبذول کروائی کے معاویہ خلافت اور حکومت کے لائق نہیں ہے۔
۵۸ئھ میں حج کے موقع پر آپ نے سر زمین منٰی میں بنی ہاشم اور انصار کے برجستہ افراد کی ایک کانفرنس بلائی جس میں ایک ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی اس کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے حضرت نے فرمایا:
اس طاغوت (معاویہ)نے جو کچھ ہمارے اور ہمارے شیعوں کے ساتھ کیا ہے وہ سب آپ لوگ جانتے ہیں۔میں آپ سے کچھ پوچھنا چاہتا ہوں اگر سچ کہوں تو میری تصدیق کیجئے گا۔ اور اسکے بعد اپنے ملک یا شہر واپس جانے کے بعدمیری باتوں کولوگوں تک پہنچائے اور ان کو معاویہ کی بد اعمالیوں سے آگاہ کیجئے اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی دعوت دیجئے مجھے اس بات کا ڈر ہے کہ اس حالت کے باقی رہنے کی وجہ سے حق نابود نہ
ہوجائے لیکن خدا اپنے نور کی تکمیل کرے گا چاہے کا فر یا فاسق اس کو پسند نہ کریں۔(احتجاج طبرسی جلد ۲صفحہ ۱۸،۱۹)
کربلا کے واقعہ سے ۳ سال پہلے معاویہ کی زندگی میں امام حسین-نے حج کے موقع پر حکومت کے خلاف لوگوں کو قیام کی دعوت دی۔

کربلا:
امام حسین- کی کر بلا کی تحریک ایک مکمل سیاسی تحریک تھی اگر دین سیاست سے جدا ہو تا تو پھر امام حسین- کے لئے ضروری تھا کہ وہ مدینہ میں کونے میں بیٹھ جاتے اور عراق کی طرف حرکت نہ کر تے اس صورت میں کوئی بھی آپ سے کچھ نہ کہتا۔
اگر ہم کر بلا کے واقعے کی تحلیل کریں اور اس واقعے کا مطالعہ کر یں تو ہم کو مندرجہ ذل نکات کی صورت میں نتیجہ ملے گا۔
۱۔یزید نے امام حسین- سے بیعت لینا چاہی امام- نے انکار کر دیا۔
۲۔امام حسین- نے فوج جمع کر نے اور یزید کی حکومت کو ختم کر نے کے لئے عراق کی طرف کوچ کیا۔
۳۔امر بالمعروف اور نہی عن المنکر نے امام حسین- کو اس بات کی طرف مائل کیا کہ وہ ظلم و ستم کو جڑ سے اکھاڑنے اور عدل کو بر قرار کر نے لئے شہادت کی سرحد تک جہاد کریں۔
مندر جہ بالا تینوں چیزیں سیاسی حیثیت رکھتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ عین دین بھی ہیں۔
امام حسین- ہر چند کہ ظاہری طور شکست سے دوچار ہوئے لیکن تا قیقام قیامت آگاہی اور روشنی کا ایک ایسا راستہ چھوڑ گئے۔ حق کے متلاشی انسان کے لئے صراط مستقیم کا سامان فراہم کرے۔
کیا خوب تجزیہ کیا ہے عربی زبان کے ادیب نے
"کربلا میں روز عاشور کامیابی ، ناکام ہونے والوں کے نقصان سے کہیں زیادہ ہے"
(کتاب ابو الشہدا عباس عقاد صفحہ…… ۱۸۱)