حکومت مهدي پر طايرانه نظر | |||||
بیان حقیقت
خدا وند عالم ، مالک ملک و ملکوت کی لا تعداد عنایتوں ،اس کے ،ہر نفس لطف و مہربانی ،اہل بیت (علیہم السلام )کی بے شمار نوازشوں اور توجہات سے مجھ ناچیزاور بے بضاعت انسان کو توفیق نصیب ہوئی کہ حجة الاسلام والمسلمین آقای نجم الدین طبسی کی گرانقدر اورپرُ معنی کتاب (چشم اندازی بہ حکومت مہدی )کا ترجمہ کروں
الحمدللہ وہ پایہٴ تکمیل کو پہونچا، مورد نظر کتاب چند خصوصیات کی حامل ہے جنھیں خود مولف موصوف نے اپنی پیش گفتار میں بیان بھی کیا ہے، مختصر یہ کہ مولف نے ظہور سے قبل اور ظہور کے بعد حکومت حضرت مہدی پر لسبط و تفصیل سے روایتی انداز میں بحث کی ہے، اور ظہور سے قبل و بعد کے اخلاقی،سیاسی ،اقتصادی حالات پر گفتگو اس انداز میں کی ہے کہ طرز تحریر آسان،اسلوب بیان سادہ ورواں ،نتیجہ خیز و قناعت بخش اور عام فہم ہے، قاری حضرات کو پڑھنے کے بعد اس کا بخوبی اندازہ ہوجائے گا ،نیز ذوق روایت رکھنے والے اہل درایت و بصیرت افراد موصوف کی کاوشوں سے محظوظ بھی ہوں گے، چونکہ عالم امکان میں ایک عالمگیر طاقت کے ظہور سے متعلق تشویش وا ضطراب ،جستجو و تلاش پائی جاتی ہے اس عالمی حاکم کا نام جوبھی دینا رکھ لے لیکن اس کی حقیقت کا کوئی بھی منکر نہیں ہے، اور پوری دنیا خصوصا ً عالم غرب اسی موضوع پر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو صرف کر رہی ہے اور آیندہ کے لئے حفاظتی اسباب بھی فراہم کر رہی ہے۔ لہٰذا اہل اسلام خصوصاً شیعہ حضرات کے لئے یہ کتاب مختصر سرمایہٴ حیات اور زندگی بخش نوید ہے۔ چونکہ مولف نے روایت کے قالب میں بہت سارے سوالات کا جواب بھی دیا ہے دیگر یہ کہ کتاب ھذا عربی و فارسی میں بھی شائع ہو چکی ہے امید ہے کہ قاری حضرات کے لئے پسندیدہ خاطر اور مفید ہو اور ان سے خواہش ہے کہ اپنے نیک ،ہمت افزا،اورخالص مشوروں سے راہنمائی کر کے مجھے شکریہ کا موقع دیں اور خداوند سبحان و رحمان سے دعا ہے کہ مولف موصوف نیز مجھ ناچیز اور تمام اہل ایمان و خداَّم امام زمانہ(عج) کوظہور کے وقت سچے اور باوفا ناصروں میں قرار دے اور ہماری لغزشوں، گناہوں اور غفلتوں کو اپنے فضل و کرم و احسان سے عفو و درگذر کرے اور راہ حق ،جادہٴ مستقیم کا مالک بناتے ہوئے طول عمر کی بیش بہا دولت نیز روز افزوں توفیقات سے نوازے۔ آمین شکر گزار اخلاق حسین پکھناروی اہل رہتاس بہار ھند |