قبیلہٴ طی کے ارتداد کی داستان
کان ھذا خبر ردة طی فی روایات سیف
قبیلہ طی کے ارتدا د کے بارے میں سیف کی روایتوں کے متون و اسناد یہ ہیں ۔
مؤلف
طبری نے قبیلہٴ طی کے ارتداد کی داستان کو سیف کی سات روایتوں کو نقل کرکے مندرجہ ذیل تفاوت کے ساتھ اپنی تاریخ میںد رج کیا ہے :
ان روایتوں میںسے دو روایتوں میں قبیلہٴ ” غطفان “ ، قبیلہٴ ” طی “ اور قبیلہٴ ” اسد“ کے ارتداد (اور ان کاپیغمبری کا مدعی ) ” طلیحہ “ کے گرد جمع ہونے کا افسانہ آیا ہے ۔
تیسری روایت میں کہتا ہے کہ قبیلہٴ ” اسد “ نے سرزمین سمیراء میں قبیلہٴ ”غطفان “ نے مدینہ کے نزدیک اور قبیلہٴ ” طی “ نے اپنے کھیتوں میں اجتماع کیا ۔
ایک دوسری مفصل روایت میں ان قبیلوں کے ارتداد کی علت بیان کرتا ہے اور آخر میں کہتا ہے ان تین قبیلوں کے افراد مدینہ گئے ا ور مشہور و معروف مسلمانوں کے گھروں میں داخل ہوئے اور تجویز پیش کی کہ ہم نماز پڑھنے کیلئے آمادہ ہیں اس شرط سے کہ ہم سے زکوٰة لینا معاف کیا جائے ابوبکر کے علاوہ تمام مسلمانوں نے ان کی تجویز قبول کی، لیکن ابوبکر نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا: تم لوگ دوسرے مسلمانوں کے مانند ٹیکس اور اموال کی زکوٰة ادا کرنے میں مجبور ہو اور ایک دن اور رات سے زیادہ مہلت نہیں ہے لہذا انہوں نے اس فرصت سے استفادہ کرکے اپنے قبائل کی طرف فرار کیا ۔
چوتھی روایت میں یوں آیا ہے : جب ابوبکر نے ” طلیحہ “ کے پیروکاروں کو (ابرق ربذہ میں جمع ہوئے تھے )وہاں سے نکال باہر کیا تو ” طلیحہ “ نے قبیلہٴ ” طی “ کے دو خاندانوں ” جدیلہ “ اور ”غوث“ کو پیغام بھیجا کہ اس کے ساتھ ملحق ہوجائیں اور اس کی مدد کریں ،ان میں سے بعض بڑی ہی سرعت سے طلیحہ کی طرف روانہ ہوگئے اور حکم دیا کہ باقی لوگ بھی تدریجاً ’ ’ طلیحہ “ کی طرف دوڑ پڑیں ۔
سیف کہتا ہے : ابوبکر نے خالد کو ”ذی القصہ “ سے ان قبائل کی طرف روانہ کرنے سے پہلے ”عدی بن حاتم “ کو ان کی طرف روانہ کیااور اس سے کہا کہ تم انھیں نجات دینا ، قبل اس کے کہ وہ دوسروں کا لقمہ بن کر ہلاک ہوجائیں، عدی روانہ ہوا ور خالد بھی اس کے پیچھے روانہ ہوا اورابوبکر نے خالد کو بھی حکم دیا کہ پہلے قبیلہٴ طی کی طرف روانہ ہوجاؤ جو سرزمین ” اکنا ف“ میں تھے ،خالد ان کی طرف روانہ ہوا اور قبیلہٴ طی کے باقی افراد خالد کی فوج کے پہنچنے کی وجہ سے طلیحہ کے لشکر سے ملحق نہیں ہوسکے عدی بھی براہ راست ان کے پاس پہنچا اور انھیں اسلام لانے کی دعوت دی ، قبیلہٴ طی نے عدی کے جواب میں کہا: ہم ” ابو الفصیل“۱کی ہرگز بیعت نہیں کریں گے عدی نے انھیں کہا:
-----------
․۱۔ چونکہ کلمہ ” بکر “ و کلمہ ’ فصیل “ دونوں اونٹ کے بچہ کے معنی ہیں اس لئے بعض لوگ ابوبکر کو حقارت و توہین کی غرض سے ” ابو الفصیل “ یعنی اونٹ کے بچے کا باپ کہتے تھے اورجو اس کا احترام کرتے تھے وہ اسے ” ابو الفحل “ کہتے ہیں اس داستان میں ابو الفصیل اور ابو الفحل ابوبکر ہے ۔
خدا کی قسم ایک ایسا لشکر تمہاری طرف آیا ہے کہ تمہاری ناموس کو مباح قرارد ے گا تب تم اسے ” ابو الفحل الاکبر “ کہو گے انہوں نے جب عدی کی بات سنی تو خوف و ہراس سے دوچار ہوئے اور اس سے کہا: تم اپنے لشکر کی طرف چلے جاؤ اور انھیں ہمارے قبیلہ پر حملہ کرنے سے روک لو تا کہ ہم طلیحہ کے لشکر سے ملحق ہوئے اپنے قبیلہ کے افراد کو اپنی طرف پلٹا دیں گے ، اس کے بعد ہم تمہارے لشکر سے ملحق ہوسکتے ہیں اور طلیحہ کی مخالفت کرسکتے ہیں اگر اس کام سے پہلے ” طلیحہ“ سے مخالفت کریں گے ، تو وہ اس کی فوج میں موجود ہمارے قبیلہ کے تمام افراد کو نابود کرکے رکھ دے گا ،عدی نے جو ابھی ” سُنح“ میں تھا ، خالد کی طرف لوٹ کر کہا: مجھے تین دن کی مہلت دو تا کہ پانچ سو بہادر سپاہیوں کو تیرے رکاب میں حاضر کردوں جو ” طلیحہ “ سے جنگ میں تیری نصرت کریں گے اور دشمن کے لشکر کو تہس نہس کرکے رکھ دیں گے یہ کام اس سے بہتر ہے کہ جلد بازی میں ان پر حملہ کرو اور انھیں آتش جہنم میں جلا دو اور اپنے آپ کو انھیں کچلنے میں مشغول کرو۔
خالد نے عدی کی بات مان لی ، قبیلہ طے نے اپنے ان افراد کو پیغام بھیجا جو بزاخہ میں طلیحہ کے گرد جمع ہوئے تھے ، اور انہیں اپنے پاس بلایا ، انہوں نے بھی ایک خاص چالاکی اور فریب دے کر اس بہانے سے اپنے آپ کو طلیحہ سے جدا کیا کہ اپنے قبیلہ کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور اس طرح وہ اپنے قبیلہ کی طرف لوٹ آئے اگرو ہ یہ چالاکی نہ کرتے تو طلیحہ کا لشکر انھیں ہرگز نہ چھوڑتا ۔
اس طرح ، عدی قبیلہٴ غوث کو نجات دیکر انھیں ہلاک ہونے سے بچانے میں کامیاب ہوا جو خاندان طی میں سے تھا اور خود عدی بھی اسی قبیلہ سے تعلق رکھتا تھا ۔
سیف کہتا ہے : خالد نے فیصلہ کیا کہ قبیلہٴ طی کے ایک اور خاندان ” جدیلہ “ کی طرف روانہ ہوجائے عدی نے یہاں پر بھی اس سے مہلت چاہی تا کہ جس طرح قبیلہ ”غوث “ کو نجات دے چکا تھا ” جدیلہ “ کو بھی نجات دے سکے خالد نے یہاں پر بھی عدی کو مہلت دیدی اور وہ جدیلہ کی طرف روانہ ہوا اور ابو بکر کیلئے ان سے بیعت لینے تک ان کے درمیان رہا اور ان کے اسلام لانے کی خبر خالد کے پاس لے آیا ، اس طرح ” عدی “ قبیلہٴ طی کے ایک ہزار سوار مرد مسلمان فوج میں شامل کرنے میں کامیاب ہوا اور انھیں ہلاکت و بدبختی سے نجات دی ۔
یہاں پر یہ کہنا چاہئے کہ عدی ، قبیلہٴ طی میں ان کیلئے بہترین اور بابرکت ترین فرد تھا ۔
یہ تھا سیف کی چوتھی روایت کا خلاصہ ، جو اس نے قبیلہٴ طی کے مرتدوں کے بارے میں نقل کی ہے اور طبری نے بھی اس سے نقل کرکے اپنی کتاب میں درج کیا ہے ۔
سیف اپنی پانچویں روایت میں ” بزاخہ“ میں ” طلیحہ “ کے لشکر کی شکست کی تشریح کرنے کے بعد کہتا ہے ،
قبائل اسد، غطفان ، ہوازن اور طی سے کوئی عذر قبول نہیں کیا گیا جب تک کہ وہ ان افراد کو خالد کے حوالہ نہ کر دیں جنہوں نے مسلمانوں کو اذیتیں پہنچائی تھیں۔
سیف اپنی چھٹی روایت میںا م زمل کے ارتداد کو نقل کرنے کے ضمن میں کہتا ہے : قبائل غطفان ، ہوازن ، سلیم اور طی کے وہ افراد جنہوں نے لشکر سے فرار کیا تھا ، ام زمل کے گرد جمع ہوئے ۱
-----------
۱۔ اس روایت کا باقی حصہ ہم ام زمل کی داستان میں نقل کریں گے ۔
سیف اپنی ساتویں روایت میں ” بطاح “ کی داستان بیان کرتا ہے اور اس کی ابتداء میں کہتا ہے :
خالد ، قبیلہٴ ” اسد“ ” غطفان “ ” طی “ اور ”ہوازن “ کے کام کو خاتمہ بخشنے کے بعد ” بطاح “ کی طرف روانہ ہوا ۔
یہ تھا قبیلہٴ ” طی “ کے ارتداد کی روداد کے بارے میں سیف کی سات روایتوں کا خلاصہ کہ ان سب کو طبری نے اپنی تاریخ میں درج کیا ہے
سندکی چھان بین
سیف کی مذکورہ سات روایتوں کی سند کے طور پر درج ذیل راوی ذکر ہوئے ہیں :
اولاً: حبیب بن ربیعہ اسدی کا نام ان روایوں میں آیا ہے جس نے بنی اسدسے مدینہ جاکر نماز پڑھنے اور زکوٰة معاف کرنے کی تجویز پیش کرنے کی داستان ” عمارہ اسدی “ نامی ایک اور راوی سے نقل کیا ہے جبکہ ہم نے ان دو راویوں کا نام سیف کی روایتوں کے علاوہ کسی اور کتاب روایت میں نہیں پایا ہے ۔
اس دلیل کی بنا پر ہم سیف کے مذکورہ دو راویوں کو جعلی اور اس کے ذہن کی تخلیق سمجھتے ہیں ۔
ثانیا ً: ”سہل بن یوسف “ کا نام درج ذیل روایتوں کی سند میں پایا جاتاہے :
۱۔ ”طلیحہ“ کے گرد قبائل ” اسد “ ، غطفان “ اور ” طی کے جمع ہونے کی داستان ۔
۲۔ قبیلہٴ طی کا اپنی کھیتوں میں جمع ہونا ۔
۳۔ قبیلہٴ ” طی“ کی ” طلیحہ “ سے ملحق ہونے کی داستان اور یہ کہ عدی بن حاتم نے کس طرح ان کو ” طلیحہ “ کے لشکر سے جدا کیا ۔
۴۔ ” طلیحہ “ کی شکست کے بعد باقی مرتدوں کے ”ام زمل “ کے گردجمع ہونے کی داستان ۔
۵۔ بطاح کی داستا ن ، کہ خالد بن ولید مرتدوں کو کچلنے کے بعد بطاح کی طرف روانہ ہوا ۔
ان تمام روئیدادوں اور روایتوں کو سیف نے ” سہل بن یوسف “ سے نقل کیا ہے ، جبکہ حدیث کے راویوں میں ” سہل بن یوسف “ نامی کسی راوی کا کہیں وجود نہیں ہے بلکہ سہل ان راویوں میں سے ہے جنہیں سیف نے اپنے ذہن سے خلق کیا ہے اور اسے روایت نقل کرنے کا منصب سونپا ہے اور اسے تاریخ اسلام کے راویوں میں شامل کیا ہے تا کہ اس کے نام پر جھوٹ گڑھ کر مسلمانوں کے حوالے کردے ۔
یہ تھا قبیلہٴ ” طی “ کے ارتداد کی داستان کا خلاصہ ، اس متون و اسنادکے ساتھ جس کو آپ نے ملاحظہ فرمایا: اور اس کی داستان کو طبری نے سیف کی سات روایتوں سے حاصل کرکے سیف کی داستان سازی کے کارخانہ کا ٹریڈ مارک لگا کر اپنی تاریخ میں درج کیا ہے اور دوسروں نے بھی اس جھوٹ کو طبری سے نقل کرکے اس کوپھیلایا ہے چنانچہ ” الاصابہ “ کا مؤلف ” ثمامہ “ و ”مھلھل “ (سیف کی روایتوں میں دونوں قبیلہٴ طی سے منسوب ہیں)چنانچہ وہ ان کے حالات مآخذکے ذکر کے ساتھ طبری سے نقل کرتاہے اور ” معجم البلدان “ کے مؤلف ” حموی “ نے بھی ” سنح “ کی تشریح میں ----جسے سیف نے قبیلہٴ طی کے شہروں کے ضمن میں اس کا ذکر کیا ہے ۔---سیف سے نقل کیا ہے ”مراصد الاطلاع “ کے مؤلف نے بھی لفظ ” سنح“ کی وضاحت میں اسے حموی سے نقل کیا ہے اسی طرح اس داستان کو ابن اثیر ، اور ابن کثیر نے بھی طبری سے نقل کرکے اپنی تاریخ کی کتابوں میں درج کیا ہے ۔
سیف کے علاوہ دوسروں کی روایت میں” طی “ کی داستان
طبری قبیلہٴ طی کی روداد کو ابن کلبی سے اور وہ ابو مخنف سے یوں نقل کرتا ہے :
قبیلہٴ طی کے سپاہیوں کی بنی اسد اور فزارہ سے مڈبھیڑ ہوتی تھی اور ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے تھے ، لیکن ان کے درمیاں جنگ واقع نہیں ہوتی تھی ”قبیلہٴ اسد و فزارہ “کہتے تھے : خدا کی قسم ہم کبھی ابو الفصیل یعنی ابوبکر کی بیعت نہیں کریں گے طی کے سپاہی اس کے جواب میں کہتے تھے خدا کی قسم وہ تمہارے ساتھ ایسی جنگ کرے گا کہ اسے ” ابوالفحل اکبر “ کہنے پر مجبور ہوجاؤ گے ․․․․
طبری ابن کلبی سے مزید نقل کرتا ہے کہ جب خالد بن ولید بزاخہ کی طرف روانہ ہوا تو اس نے عکاشہ بن محصن ۱ اور ثابت بن اقرم ۲ کو لشکر کے پیش رو کی حیثیت سے وہاں بھیجا اور جب وہ اپنی ماٴموریت کی جگہ کے نزدیک پہنچے تو اتفاق سے طلیحہ اور اس کے بھائی کے ساتھ ان کی مڈبھیڑ ہوگئی ---
-----------
۱۔ عکاشہ ایک شخص تھا جو ابو محصن کے نام سے معروف تھا وہ قبیلہ اسد سے تعلق رکھتا تھا اور خاندان عبد شمس کا ہم پیمان تھا عکاشہ نے پیغمبر کے زمانے میں مدینہ ہجرت کی تھی اور اسلام کے تمام جنگوں میں شرکت کی ہے ( اسد الغابہ ،ج ۴ / ۳۰۲)
۲۔ ثابت اقرم کا بیٹا اور گروہ انصار کا ہم پیمان تھا اس نے پیغمبر کے حضور تمام جنگوں میں شرکت کی اور جنگ موتہ میں بھی جعفر بن ابیطالب کے ساتھ شریک تھا کہ جعفر کی شہادت کے بعد اسلام کا پرچم اس کے ہاتھ میں دیدیا گیا لیکن اس نے اسے خالد کے حوالہ کیا اور کہا کہ تم فنون جنگ میں مجھ سے آگاہ تر ہو ( الاصابہ ، ج ۲ / ۸۸)
جو مسلمانوں کے لشکر کااندازہ لگانے کیلئے اپنے قبیلہ سے باہر آئے تھے ،اور ان کے درمیان ایک جنگ واقع ہوئی جس میں عکاشہ اور ثابت ط،لیحہ اور اس کے بھائی کے ہاتھوں مارے گئے ۔
طلیحہ نے وہاں پر چندا شعار کہے اور ان کے ضمن میں یوں کہا:
جب میں نے ان کا قیافہ دیکھا ، مجھے اپنے بھائی کی یاد آئی اور میں نے یقین کرلیا کہ اب اپنے بھائی کے خون کا انتقام لے لوں گا اور جب میں نے اپنے بھائی کا انتقام لے لیا ،اس شب میں نے ابن اقرم اور عکاشہ غنمی کو خاک و خون میں غلطان کرکے چلا گیا ۔
طبری نے ابن کلبی سے نقل کیا ہے کہ : خالد اپنے لشکر کے ہمراہ آرہا تھا اس کے سپاہی ثابت کی زمین پر پڑی لاش پر توجہ کئے بغیر اس کے اوپر سے عبور کر گئے اور اس کا جسد ان کے گھوڑوں کے سموں تلے روندا گیا یہ روداد مسلمانوں کیلئے بہت گراں گزری ، اس کے بعد انہوںنے عکاشہ کا جنازہ دیکھا ۔ یہاں پر مسلمانوں نے بے ساختہ فریاد بلند کرکے روتے ہوئے کہا کہ : یہ دیکھو مسلمانوں کے دو عظیم شخصیتیں اور بہادر قتل کئے گئے ہیں !
طبری ایک اور روایت میںا ضافہ کرکے کہتا ہے : جب خالد نے اپنے لشکر کی چیخ و پکار کی حالت دیکھی تو ان کی تسلی کیلئے کہا،کیا تم چاہتے ہو کہ میں تمہیں ایک بڑے قبیلہ کے یہاں لے چلوں ، جن کی تعداد زیادہ ہے ، ان کی شاٴن و شوکت محکم وہ اپنے دین و مذہب میں پایدار ہیں حتی ان میں سے ایک فرد بھی اسلام سے منحرف نہیں ہوا ہے اس کے سپاہیوں نے کہا: یہ کونسا قبیلہ ہے ؟ اور کیا بہتر قبیلہ ہے خالد نے کہا، جس قبیلہ کا میں نے تجھے تعارف کرایا ہے، وہ قبیلہٴ ” طی “ ہے سپاہیوں کو خالد کی بات پسند آئی اور انہوں نے اس کیلئے دعا کی اس کے بعد خالد اپنے سپاہیوں کے ہمراہ قبیلہ طی کی طرف لوٹا اور ان کے درمیان پہنچا ۔
ایک دوسری روایت کے مطابق کہ اسے بھی طبری نے نقل کیا ہے : قبیلہٴ طی کے معروف شخص ”عدی“ نے خالد کو پیغام بھیجا کہ اپنے لشکر کے ہمراہ اس کے قبیلہ کی طرف آئے اور ان کے درمیان کچھ دیر ٹھہرے تا کہ وہ طی کے قبیلہ والوں کو اطلاع دے اور خالد کے موجودہ لشکر سے ایک اسلحوں سے لیس لشکر تشکیل دے اور اس کے بعد دشمن کی طرف روانہ ہوجائے خالد نے عدی کی تجویز کو قبول کرکے اس پر عمل کیا ۔
یہ تھا اس کا ایک خلاصہ جو ہمیں قبیلہٴ طی کے بارے میں سیف کے علاوہ دوسروں کے ذریعہ حاصل ہوا ہے اس کا مضمون سیف کی روایتوں سے بالکل مختلف ہے ۔
لیکن جو کچھ سیف نے طلیحہ کے ارتداد اور بزاخہ کی جنگ کے بارے میں روایت کی ہے اور حدیثیں گڑھ لی ہیں ، دوسرے مؤرخین نے اس کے برعکس لکھا ہے کہ مدینہ کے اطراف میں قبائل میں سے صرف دو قبیلوں نے طلیحہ کی مدد کرکے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سرگرمی کی ہے ، ان میں سے ایک خود طلیحہ کا قبیلہ اسد ہے اور دوسرا گروہ فزارہ جو قبیلہٴ غطفان کا ایک حصہ ہے اور غطفان بھی قبیلہٴ قیس عیلان کی ایک شاخ تھی ان دو قبیلوں کے علاوہ کسی اور قبیلہ کا نام نہیں آیا ہے ،جس نے طلیحہ کے گرد جمع ہوکر مسلمانوں سے جنگ کی ہو ۱
-----------
۱۔ یہ مطلب ” معجم البلدان “ میں لغت ” بزاخہ “ کے بارے میں ابوعمر شیبانی سے نقل ہو اہے اور فتوح اعثم کوفی میں بھی اس کا ذکر آیا ہے
مؤرخین مزید کہتے ہیں کہ قبیلہ اسد کی آبادیوں میں ایک آبادی ”بزاخہ“ میں طلیحہ کے سپاہ کااجتماع واقع ہوا ہے اور خالد بن ولید ”ذی القصہ “ سے قبیلہ فزارہ کے دو ہزار سات سو افراد لے کر ان کی طرف روانہ ہوا اور ان دو سپاہیوں کا اسی بزاخہ میں آمنا سامنا ہوا،اور ان کے درمیان ایک گھمسان کی جنگ چھڑ گئی جب مسلمان طلیحہ کے سپاہیوں کو تہہ تیغ کررہے تھے ، عیینہ طلیحہ کے پاس آیا اور کہا: دیکھا ” ابوالفصیل“ کے سپاہی کیسی خونریزی کررہے ہیں کیا جبرئیل نے اس سلسلے میں تجھے خبر نہیں دی ہے ؟! طلیحہ نے جواب میں کہا: ابھی نہیں ․․․․
عیینہ دوبارہ سپاہیوں کے صف میں شامل ہوکر جنگ میں مشغول ہوا اور اس دفعہ اسے سخت شکست کا سامنا کرنا پڑا اوردوبارہ فرار کرکے طلیحہ کے پاس آکر پوچھا : جبرئیل کے بارے میں
کوئی خبر ہے ؟
طلیحہ نے کہا: ابھی تک کوئی خبر نہیں ہے ․․․
عیینہ نے کہا: آخر کب تک ہمیں جبرئیل کا انتظار کرنا چاہئے اب تو دشمن بری طرح ہمارا انتقام لے رہا ہے دوبارہ لشکر کی طرف جاکر جنگ میں مشغول ہوا جب خطرہ اس کے نزدیک پہنچا تو طلیحہ کی طرف بھاگ کر کہا: کیا ابھی تک جبرئیل نے کوئی خبر نہیں دی ؟
طلیحہ نے کہا: جی ہاں ، جبرئیل نازل ہوئے اور یہ آیہ میرے لئے نازل ہوئی :
اور دوسری کتابوں سے بھی استفادہ کیا جاتا ہے چنانچہ طبری نے ابن کلبی سے نقل کیا ہے کہ قبیلہٴ طی کے سپاہیوں اور قبیلہ اسد اور فزازہ کے درمیان مڈبھیڑ ہوتی تھی ۔
”ان لک رحاً کرحا ویوماً لا تنساہ“
” تیرے لئے بھی ایک چکی ہے ، محمد کی چکی کے مانند اور ایک دن ہے ناقابل فراموش۔
عیینہ نے کہا: خدا کی قسم میں دیکھ رہا ہوں تیرے سامنے ناقابل فراموش ایک دن ہے اس کے بعد اپنے افرادکی طرف مخاطب ہوکر یوں بولا :
اے بنی فزارہ ! یہ شخص دروغگو ہے اور پیغمبر نہیں ہے یہ کہہ کر وہ اس کے لشکر سے بھاگ گیا،اس رودادکے بعدطلیحہ کے لشکرنے مکمل طور پر شکست کھائی اور مسلمان کامیاب ہوئے اور عیینہ کو گرفتار کرکے مدینہ لے آئے لیکن ابوبکر نے اسے قتل نہیں کیا بلکہ معاف کرکے اسے آزاد کیا دوسری طرف سے جب طلیحہ نے اپنی شکست کا یقین پیدا کیا تو پہلے سے ایسے موقع کیلئے آمادہ رکھے ہوئے ایک گھوڑے پر سوار ہوکر شام کی طرف بھاگ گیا ، لیکن مسلمان سپاہیوں نے اسے پکڑ کر مدینہ بھیجا وہ مدینہ میں مسلمان ہوا اور بعد کی جنگوں میں اسلام و مسلمین کے حق میں اچھے خدمات انجام دئے ۔
یعقوبی نے اس روداد کو دوسری صورت میں ذکر کیا ہے اور کہتا ہے : طلیحہ شام بھاگ گیا لیکن شام سے عذر خواہی کے طور پر دو شعر ابوبکر کے نام بھیج دئے اور ان دو اشعار کے ضمن میں یوں عذر خواہی کی :
اگر میں تو بہ کروں اور اپنے گناہوں سے منہ پھیر لوں تو کیا ابوبکر میری توبہ قبول کریں گے ؟․․․
یعقوبی کہتا ہے :یہ خط جب ابو بکر کو پہنچا تو اس نے اس پر رحم کھا کر اسےمدینہ واپس بلا لیا ۔
تطبیق اورتحقیق کا نتیجہ
قارئین کرام نے یہاں تک ملاحظہ فرمایا کہ سیف نے اپنے جھوٹ کیلئے مقدمہ سازی کے طور پر قبیلہٴ طی کے ارتداد کی داستان کو سات روایتوں کے ذریعہ نقل کیا ہے ، اس طرح کہ : پہلی اور دوسری روایت میں قبیلہٴ طی کا ارتداد اور ان کا طلیحہ کے گرد اجتماع کرنا بیان کرتا ہے ۔
تیسری روایت میں ان کے ارتداد کی علت اور ان کے مدینہ جانے کی روداد کی وضاحت کرتا ہے اور کہتا ہے کہ قبیلہٴ طی نے چند نمائندوںکو مدینہ بھیجا اور تجویزپیش کی کہ نماز تو پڑھیں گے لیکن انھیں زکوٰة ادا کرنے سے معاف قرارد یا جائے اور تمام مسلمانوں نے اس کی تجویز کی تائید کی لیکن ابوبکر نے ان کی تجویز مسترد کرکے انھیں تین دن کی مہلت دی تا کہ غور و فکر کرکے بغاوت اور ارتداد سے ہاتھ کھینچ لیں وہ اس فرصت سے استفادہ کرکے اپنے قبائل کی طرف بھاگ گئے ۔
چوتھی روایت میںقبیلہٴ طی کے ایک گروہ پر یوں الزام لگاتا ہے کہ وہ طلیحہ کے لشکر سے ملحق ہوئے اوردوسروں کو ملحق ہونے میں حوصلہ افزائی کررہے تھے اس لئے ابوبکر نے خالد بن ولید کو حکم دیا کہ وہ طلیحہ کے لشکر سے ملحق ہو اور دوسروں کو بھی ملحق ہونے میں حوصلہ افزائی کررہے تھے اس لئے ابوبکر نے خالد بن ولید کو حکم دیا کہ پہلے قبیلہ طے کی طرف روانہ ہوجائے اور انھیں طلیحہ کے ساتھ ملحق ہونے سے روکے ،سیف اس روایت میں کہتا ہے کہ ابوبکر نے خالد بن ولید کو قبیلہ طی کی طرف روانہ کرنے سے پہلے عدی کو ان کی طرف روانہ کیا جو قبیلہ طی کا ایک مشہور و معروف اور نیک شخص تھا ،تاکہ انھیں ارتداد اور بغاوت سے روک لے اور انھیں اسلام قبول کرنے اور اسلامی حکومت کے سامنے تسلیم ہونے کو کہے ،عدی نے خود کو قبیلہ کے پاس پہنچادیا اور انھیں ابوبکر کی بیعت کرنے کی دعوت دی ، لیکن انہوں نے جواب میںکہا: ہم ” ابو الفصیل“ اونٹ کے بچے کے باپ ( ابوبکر ) کی ہرگز بیعت نہیں کریں گے عدی نے کہا: ابوبکر (جسے تم لوگ ابو الفصیل کہتے ہو اور اس کی بیعت سے انکار کرتے ہو ) آپ کی ناموس اور آبرو پر ایسا حملہ کرے گا اورتمہیں اسیر بنائے گا کہ اسے ” ابو الفحل اکبر “ کے نام سے یاد کرو گے قبیلہ طی نے جب عدی سے یہ باتیں سنیں تو خوف و وحشت سے دوچار ہوئے اور عدی کے ذریعہ خالد سے مہلت کی درخواست کی تا کہ اپنے افراد کو فریب کاری سے طلیحہ کے سپاہ سے واپس بلا کر خالد سے ملحق کریں خالد نے بھی ان کی درخواست منظور کی ۔
پانچویں روایت میں لشکر طلیحہ کی شکست کھانے کی روداد بیان کرتا ہے اور کہتا ہے خالد نے طلیحہ کی شکست کھانے کے بعد قبیلہ اسد اور طی کے کسی فرد کی بیعت قبول نہیں کی مگر یہ کہ جن افراد نے مسلمانوں پر حملہ کرکے انہیں نذر آتش کیا تھا اور ان کی لاشوں کو مثلہ کیا تھا ، کو ان کے حوالہ کردیں ۔
اور چھٹی روایت میںقبیلہ طی کو ان افراد میں شمار کرتا ہے جنہوں نے جنگ ” بزاخہ “ میں شکست کھانے کے بعد ” ام زمل “ کے گرد اجتماع کیا تھا ۔
آخر میں ساتویں روایت میں : قبیلہ طی کو ان لوگوں میںشمار کرتا ہے جنھیں خالد نے ” بطاح “ کی طرف روانہ ہونے سے پہلے ارتداد سے باز آنے کے لئے آماد کیا تھا ۔
جی ہاں ! سیف قبیلہ طی کے ارتداد کی داستان اس طرح بیان کرتا ہے ، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے کیوںکہ دوسرے مؤرخین کے لکھنے کے مطابق کہ جن کا ہم نے اس بحث و تحقیق میں ذکر کیا، ” طی “ وہی قبیلہ ہے کہ جس نے نہ صرف طلیحہ کی طرفداری نہیں کی ہے بلکہ طلیحہ کے لشکر کا مقابلہ کرتے تھے اور ان سے کہتے تھے کہ ابوبکر تمہارے ساتھ ایسی جنگ کرے گا کہ آپ اسے ابو ا لفحل کے نام سے پکاریںگے اوریہ وہی قبیلہ ہے کہ اسلام پرثابت قدم تھا اور افراد کی کثرت اورجنگی طاقت اور استقامت کی وجہ سے خالدبن ولید نے ان کے یہاں پناہ لی تھی اور طلیحہ سے جنگ میں ان سے مدد طلب کی تھی ۔
سیف نے اس تحریف اور جھوٹ گڑھ نے میں اس بات کی کوشش کی ہے کہ قبیلہ طی کو مرتد قبائل کی فہرست میں قرار دے اور انہیں ایسے معرفی کرے کہ اسلام کی طرف دوبارہ پلٹنا موت اور اسارت کے ڈر سے تھا نہ عقیدہ و ایمان کی وجہ سے ، سیف ، قبیلہٴ طی کے علاوہ کئی دوسرے قبائل کو بھی مرتدوں میں شمار کرتا ہے اور انھیں طلیحہ کے دوست اورسپاہ میں شامل کرتا ہے جبکہ طلیحہ کے لشکر میںقبیلہٴ اسد کے چند افراد ----جو اس کا اپنا قبیلہ تھا ----اور فزارہ کے رئیس عیینہ کی سرپرستی میں بعض افراد کے علاوہ دوسرے قبائل سے کوئی شامل نہیں تھا ۔
سیف نے ان افسانوی اور جھوٹ کے پلندوں کو خود جعل کرکے مؤرخیں اور تاریخ کا مطالعہ کرنے والوں کے اختیار میںد یدیا ہے لیکن افسوس اس پر ہے کہ یہ جھوٹ اور افسانے تاریخ کی کتابوںاسلامی علوم کے مآخذ میں داخل ہوگئے اور آج مسلمانوں میں اشاعت اور رواج پیدا کرچکے ہیں یہاں تک کہ اماکن اور علاقوں کے نام جو سیف نے اپنی روایتوں کے ضمن میں جعل کئے ہیں، معجم البلدان میں درج ہوچکے ہیں او راشخاص اور اصحاب کے نام جو اس نے خلق کئے ہیں رجال کی کتابوں اور تشریحات اور اصحاب پیغمبر کی زندگی کے حالات پرمشتمل کتابوں میں درج ہوکر حقیقی صورت اختیار کرچکے ہیں ۔
حدیث کے راویوں کا سلسلہ
اولا : سیف نے ارتداد قبیلہٴ طی کی داستان کو :
۱۔ سہل بن یوسف ۔
۲۔ حبیب اسدی ۔
۳۔ عمار اسدی۔
سے نقل کیا ہے پانچ روایتوں میں سہل کا نام پایا جاتا ہے اور ایک روایت میں حبیب اور عمارہ کا نام ہے یہ تینوں سیف کے ذہن کی تخلیق ہیں ۔
ثانیا ً: سیف سے :
۱۔ طبری نے ذکر سند کے ساتھ اپنی تاریخ میں ۔
۲۔ مؤلف ” اصابہ “ نے ذکر سند کے ساتھ اصحاب کے حالات کی تفصیل میں ۔
۳۔ معجم البلدان کے مؤلف نے سند کے ذکر کے بغیر اماکن کے حالات کی تفصیل میں ۔
درج کیا ہے ۔
ثالثاً طبری اور معجم البلدان سے بھی :
۱۔ ابن اثیر نے
۲۔ ابن کثیر نے اور
۳۔ ابن خلدون نے اپنی تاریخ کی کتابوں میں درج کیا ہے ۔
|