تاريخ اسلام (2)پيغمبر اكرم (ص) كى زندگي
  53
تيسرا سبق
شہيدوں كے پاكيزہ جسم كے ساتھ كيا سلوك ہوا؟
طرفين كے نقصانات
مفہوم شہادت
نفسياتى جنگ
كہاں جارہے ہيں؟
احد ميں مسلمانوں كى شكست كے اسباب كا جائزہ
شہداء كى لاشيں
ان كو يہيں دفن كروانيكى دعا مستجاب ہوگئي
مدينہ كى طرف
نماز مغرب كا وقت آن پہنچا
شہيدوں كى ايك جھلك
ايك عقلمند صاحب ثروت كى شہادت
بوڑھے عارف كى شہادت
حجلہ خون
مدينہ ميں منافقين كى ريشہ دوانياں
مدينے سے 20 كيلوميٹر دور '' حمراء الاسد'' ميں جنگى مشق
ابو عزّہ شاعر كى گرفتاري
سوالات
حوالہ جات

55
شہيدوں كے پاكيزہ جسم كے ساتھ كيا سلوك ہوا؟
جنگ كے خاتمہ اور ميدان جنگ كے خالى ہوجانے كے بعد قريش كى اوباش عورتيں اور مشركين كے سپاہي، شہيدوں كے پاكيزہ اجسام كى طرف بڑھے اور انتقام كى آگ بجھانے كے لئے انہوں نے لرزادينے والے مظالم ڈھائے اور شہيدوں كے پاكيزہ اجسام كو مثلہ كيا ، ابوسفيان كى بيوى ہند اس گروہ ميں شامل عورتوں ميں پيش پيش تھى اس نے جناب حمزہ اور تمام شہيدوں كے اعضا كاٹ كر گلوبند اور دست بند بنايا اور جب جناب حمزہ كے جسد اطہر كے پاس پہنچى اُن كے سينہ كو چاك كر كے جگر نكال كر دانت سے چبانا چاہا ليكن كوشش كے باوجود چبانہ سكى بالآخر زمين پر پھينك ديا_
اس بدترين جُرم كے ارتكاب كے بعد وہ '' ہند جگر خوار'' كے نام سے مشہور ہوگئي _
حنظلہ كے علاوہ كہ جن كا باپ(ابوعامر) سپاہ مشركين ميں تھا، تمام شہيدوں كے جسموں كو مثلہ كرديا گيا_(1)

طرفين كے نقصانات
جنگ احد ميں مسلمانوں كى طرف سے ستّر (70 )آدميوں نے جام شہادت نوش فرمايا

56
ان ميں چار افراد مہاجرين اور بقيہ انصارميں سے تھے اور تقريباً ستر (70 )افراد زخمى ہوئے_مشركين ميں سے بائيس (22)سے ليكر چھبيس (26) افراد تك ہلاك ہوئے جن ميں سے آدھے حضرت على (ع) كى تلوار كا نشانہ بنے_ (2)

مفہوم شہادت
منافقين مدينہ ميں سے'' قزمان'' نامى ايك شخص تھا _ جب بھى رسول خدا (ص) كے سامنے اس كا ذكر كيا جاتا تو آپ(ص) فرماتے كہ '' وہ جہنمّى ہے''_
جب جنگ احد كا آغاز ہوا تو قزمان لشكر اسلام سے روگردانى كر كے عبداللہ بن ابّى اور ديگر منافقين سے جاملا_ جب وہ مدينہ پہنچا تو عورتوں نے اس كو لعنت و ملامت كى اسے غيرت محسوس ہوئي تو وہ اسلحہ سے ليس ہو كر احد كى طرف روانہ ہوا، مردانہ وار جنگ كى اور نہايت شجاعت اور دليرى كے ساتھ چند مشركين كو قتل اور زخمى كيا _ جنگ كے آخرى لمحات ميں بہت زيادہ زخمى ہوكر ميدان جنگ ميں گر پڑا مسلمان اس كى طرف دوڑے اور كہا'' خوش ہوجاؤ كہ جنت تمہارا ٹھكانہ ہے'' اس نے كہاكہ ميں كيوں خوش ہوں؟ ميں نے صرف اپنے قبيلے كى عزت كے لئے جنگ كى ہے اگر ميرا قبيلہ نہ ہوتا تو ميں جنگ نہ كرتا زخموں كے درد كو اس سے زيادہ برداشت نہ كرسكا اور تركش سے ايك تير نكال كے خودكشى كرلى _(3)

نفسياتى جنگ
لوگوں كے افكار و عقائد ميں نفوذ كرنے كے لئے مناسب وقت كى ضرورت ہوتى ہے

57
جبكہ افكا7ر و عقائد كو خراب كرنے كے ليے شكست اور مصيبتوں ميں مبتلا ہونے والے زما7نے جيسا مناسب اور كوئي زمانہ نہيںہوتا، موقع كى تلاش ميں رہنے والے دشمن نے اس اصول كے تحت شكست كے آخرى لمحات كو اپنے عقائد كى نشر و اشاعت كے لئے غنيمت سمجھا اور مخالف اسلام نعروں كے ذريعہ سادہ لوح افراد كو دھوكہ دينے اور انہيں متاثر كرنے كى كوشش كى _كيونكہ يہ ايسا موقع تھا جب غلط پروپيگنڈہ نہايت آسانى كے ساتھ شكست خوردہ قوم كے دلوں پراثر كر سكتا تھا_
ابوسفيان اور عكرمہ بن ابى جہل نے ''اُعلُ ھُبل '' (ھبل سرفرازرہے )كا نعرہ بلند كيا_ يعنى ہمارے بتوں نے ہميں كامياب كيا_
رسول خدا (ص) نے مسلمانوں كو حكم ديا كہ تم كہو ''اَللہ اَعلى وَ اَجَلّ'' خدا برتر اور بزرگ ہے_ مشكرين كا نعرہ تبديل ہوا اور ابوسفيان چلايا: ''نَحنُ لَنَا العُزّى وَ لا عزّى لَكُم'' ہمارے پاس عُزّى نامى بُت ہے ليكن تمہارے پاس نہيں ہے_ رسول خدا (ص) نے فرمايا كہ تم بھى بلند آواز سے كہو'' اللہ مَولانَا وَ لا مَولى لَكُم'' اللہ ہمارا مولا ہے اور تمہارا كوئي مولا نہيں ہے_
مشركين كا نعرہ دوبارہ بدل گيا ابوسفيان نے نعرہ بلند كيا كہ '' يہ دن روز بدر كا بدل ہے''_ مسلمانوں نے پيغمبراكرم(ص) كے حكم سے كہا كہ '' يہ دونوں دن آپس ميں برابر نہيں ہيں'' ہمارے مقتولين بہشت ميں اور تمہارے مقتولين جہنم ميں ہيں_ ابوسفيان نے كہا كہ '' ہمارا اور تمہارا آئندہ سال مقام بدر ميں وعدہ رہا''_(4)

كہاں جا رہے ہيں؟
جنگ كى آگ بُجھ گئي ، دونوں لشكر ايك دوسرے سے جُدا ہوگئے، مشركين كے لشكر نے

58
كوچ كا ارادہ كيا پيغمبراكرم(ص) سوچنے لگے ، ديكھيں يہ لوگ كہاں جاتے ہيں؟ كيا يہ لوگ موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے مدينہ پر حملہ كرنا چاہتے ہيں يا مكّہ كا راستہ اختيار كرتے ہيں؟ حالات سے آگاہى كے لئے رسول خدا (ص) نے حضرت على (ع) سے فرمايا '' اے على (ع) تم جاكر دشمن كى خبر لاؤ اگر تم نے ديكھا كہ يہ لوگ گھوڑوں پر سوار اونٹوں كو كھينچتے ہوئے لے جاتے ہيں تو سمجھنا كہ مدينہ پر حملہ كا ارادہ ہے_ اس صورت ميں خدا كى قسم ہم ان سے لڑيں گے_ اور اگر وہ اونٹوں پر سوار ہوكر گھوڑوں كو كھينچتے ہوئے لے چلے تو سمجھنا كہ مكّہ جانے كا ارادہ ركھتے ہيں''(5)_
حضرت على (ع) دور سے دشمن پر نظر ركھے ہوئے ديكھ رہے تھے كہ وہ انٹوں پر سوار ہوكر اپنے ديار پلٹ جانے كا ارادہ ركھتے ہيں_

احد ميں مسلمانوں كى شكست كے اسباب كا جائزہ
جنگ كے پہلے مرحلے ميں سپاہ اسلام كى فتح اور بعد كے مرحلہ ميں ان كى شكست كى وجہ احد كے واقعات ديكھنے كے بعد بڑى آسانى سے واضح ہوجاتى ہے_ليكن وحى كى زبان سے مسلمانوں كى شكست كے اسباب مختصراً بيان كيئے جاتے ہيں_
1_ جنگى نظم و ضبط كى كمى ، سردار كى نافرمانى اور جنگى اعتبار سے اہم جگہ كو چھوڑ دينا مسلمانوں كى شكست كى اہم وجوہات ہيں_ قرآن كہتا ہے كہ '' خدا نے ( احد ميں دشمنوں پر) فتحيابى كا تم سے سچّاوعدہ كيا _ اس موقع پر تم اس كے فرمان كے مطابق جنگ كر رہے تھے (اور يہ كاميابى جارى تھي)_ يہاں تك كہ تم سست ہوگئے اور اپنے كام ميں نزاع كرنے لگے _ جس چيز كو تم دوست ركھتے تھے ( دشمن پر غلبہ كو ) تمہيں دكھا ديا گيا پھر اس كے بعد تم نے نافرمانى كى _(6)

59
2_ ايمان كى كمزورى اور دنيا پرستي، نئے نئے مسلمان ہونے والوں ميں ايك گروہ نے دشمن كا پيچھا كرنے كى بجائے مال غنيمت جمع كرنے كو ترجيح دى اور اسلحہ ركھ كرمال غنيمت جمع كرنے لگا_ قرآن مندرجہ بالا آيات كے آخر ميں كہتا ہے كہ ''تم ميں سے بعض دُنيا طلب تھے اور بعض آخرت كے خواہاں، اس كے بعد اللہ نے تم كو ان سے منصرف كرديا( اور تمہارى كاميابى شكست پر تمام ہوئي) تا كہ تم كو آزمائے_(7)
دوران جنگ ايك بڑى تعداد كا اپنى جان بچانے كيلئے ميدان فرار اور پيغمبر اكرم(ص) كو تنہا دشمن كے نرغے ميں دشمن كے حوالے كرنا،ا ن افراد كے دنيا پرست اور ضعيف ايمان كا بہت بڑانمونہ ہے_
پيغمبر كے قتل كى افواہ ، اور وہ اس طرح كہ بعض مسلمان تو اسلام كى بنياد ہى سے نااميد ہوگئے تھے قرآن اس سلسلہ ميں كہتا ہے كہ '' محمد نہيں ہيں مگر فرستادہ خدا كہ اُن سے پہلے بہت سے پيامبر ہوچكے اور اس دنيا سے جاچكے ہيں_ اگر وہ بھى مرجائيں يا شہادت پاجائيں تو كيا تم اپنے جاہليت كے دين پر پلٹ جاؤگے؟(8)

شہداء كى لاشيں
مشركين كے لشكر كے ميدان جنگ سے نكل جانے كے بعد رسول خدا (ص) لشكر اسلام كے مجاہدين كے ساتھ شہيدوں كى ميّت پر حاضر ہوئے تا كہ ان كو سُپرد خاك كريں_ جب آنحضرت(ص) نے شہيدوں كے مُثلہ شدہ اجسام ، خصوصاً سيّد الشہداء حضرت حمزہ كے پارہ پارہ بدن كو ديكھا تو دل غم سے پاش پاش ہوگيا اور مشركين كى طرف سے آپ كے دل ميں مزيد غصّہ اور نفرت كا طوفان اُٹھ كھڑا ہوا_وہاں مسلمانوں نے يہ عہد كيا كہ اگر دوسرى لڑائي ميں وہ مشركين پر فتح پائيں گے تو ايك آدمى كى تلافى ميں كافروں كے تيس اجسام كو

60
مثلہ كريں گے ليكن مندرجہ ذيل آيت نازل ہوئي اور مسلمانوں نے اس خيال كو ترك كرديا_
''اگر تم چاہتے ہو كہ ان كو سزا دو تو اپنى سزا ميں ميانہ روى اختيار كرو اور حد اعتدال سے
خارج نہ ہوجاؤ اور اگر صبر كرو تو يہ صبر كرينوالوں كے لئے بہتر ہے_(9)
پھر رسول خدا(ص) نے حضرت حمزہ كے پاكيزہ جسم پر نماز پڑھى اور ان كے پہلو ميں ايك ايك شہيد كو لٹا كر ہر ايك پر الگ الگ نماز پڑھى اس طرح ستر نمازيں پڑھى گئيں_(10)
حضرت حمزہ كى بہن ''صفيہ '' اپنے شہيد بھائي كا جنازہ ديكھنے آئيں تو ان كے بيٹے زبير نے روكنا چاہا ( تا كہ بہن اس حال ميں بھائي كونہ ديكھے) ليكن جناب صفيہ نے فرمايا كہ ''مجھے معلوم ہے ميرى بھائي كو مثلہ كيا گيا ہے _ بخدا اگر ميں ان كے سر ہانے پہنچوں گى تو اپنے غمگين ہونے كا اظہار نہيں كروں گى اور راہ خدا ميں اس مصيبت كو برداشت كروں گي'' لوگوں نے ان كو چھوڑ ديا وہ اپنے بھائي كے سرہانے آئيں اور ان كے لئے خدا سے دُعائے مغفرت كي_
رسول اكرم صلى اللہ عليہ و آلہ و سلم نے حكم ديا كہ قبريں كھودى جائيں اور ان اجسام كو دفن كرديا جائے شہدا اپنے لباس كے ساتھ دفن ہوئے اور جس شہيد كے تن پر مناسب لباس نہ تھا اس كے جسم كو ايك پارچے سے ڈھانپ ديا گيا_ اكثر شہدا كو اسى ميدان جنگ ميں سپرد خاك كيا گيا كچھ لوگ اپنے شہدا كو مدينہ لے گئے _ اس طرح سے شہيدوں كا پہلا قبرستان ''گلزار شہدائ'' مدينہ كے نزديك كوہ احد كے دامن (11) ميں بنا_

ان كو يہيں دفن كر وانيكى دُعا مستجاب ہوگئي
عمر و بن حرام كى بيٹى ''ہند ''جس كے شوہر ''عمر و بن جموح ''بيٹے خلاد ''اور بھائي ''

61
''عبداللہ عمرو ''اس مقدّس جہاد ميں شہيد ہوئے ، احد ميں آئي تا كہ اپنے عزيزوں كى ميتيںمدينہ لے جائے_ ہند نے ان تينوں كے جنازے اونٹ پر ركھے اور مدينہ كا راستہ ليا_ مدينہ جاتے وقت راستے ميں كچھ عورتيں مليں جو پيغمبر اكرم (ص) كى صحيح خبر پانے كے لئے احد كى طرف آر ہى تھيں_ عورتوں نے ہند سے رسول(ص) خدا كا حال دريافت كيا تو اس نے نہايت خندہ پيشانى سے جواب ديا كہ ' ' الحمد للہ رسول خدا زندہ ہيں_ ( گويا اس نعمت كے مقابل تمام مصيبتيں ہيچ تھيں) دوسرا مدہ يہ ہے كہ خدا نے كافروں كے رُخ كو پھير ديا جبكہ وہ غيظ و غضب سے بھرے ہوئے تھے _عورتوں نے اس سے پوچھا '' يہ جنازے كس كے ہيں؟ '' اس نے كہا '' ايك ميرے شوہر ، دوسرا ميرے بيٹے اور تيسرا ميرے بھائي كا جنازہ ہے''_
وہ عورت اونٹ كى مہار كو مدينہ كى طرف كھينچ رہى تھى ليكن اونٹ بڑى مشكل سے راستہ طے كر رہا تھا_ ان عورتوں ميں سے ايك نے كہا كہ ''شايد اونٹ كا بار بہت گراں ہے'' ہند نے جواب ديا :'' نہيں يہ اونٹ بہت آسانى سے دو اونٹوں كا بار اٹھاتا ہے''_ ہند جب اونٹ كو احد كى طرف پلٹاتى تو اونٹ بڑى آسانى سے چلنے لگتا ، اس نے اپنے دل ميں كہا كہ '' يہ كيا بات ہے؟'' رسول خدا(ص) كے پاس آئي اور آپ(ص) سے سارا ماجرا بيان كيا _ آنحضرت (ص) نے ہند سے سوال كيا كہ '' جب تيرا شوہر گھر سے باہر نكلا تو اس نے خدا سے كيا مانگا تھا؟ '' ہند نے كہا ، اے اللہ كے رسول(ص) وہ جب گھر سے باہر نكلے تھے تو اس وقت انكى دُعا تھى '' خدا يا مجھے ميرے گھر واپس نہ پلٹانا رسول(ص) خدا نے فرمايا: '' تيرے شوہر كى دُعا مستجاب ہوئي'' خدا نہيں چاہتا كہ يہ جنازے گھر كى طرف واپس جائيں تم تينوں جنازوں كو احد ہى ميں دفن كرو اور يہ جان لو كہ يہ تينوں افراد دوسرى دُنيا ميں بھى ساتھ ہى رہيں گے''_

62
ہند نے سسكتے ہوئے كہا '' اے اللہ كے رسول(ص) آپ خدا سے دُعا كيجئے كہ ميں بھى (آخرت ميں) ان كى پاس رہوں_(12)

مدينہ كى طرف
جب رسول خدا (ص) اپنے شہيد اصحاب كو دفن كرچكے تو انہوں نے مدينہ كى طرف روانہ ہونے كا حكم ديا_ بہت سے مسلمان زخمى تھے_ جناب فاطمہ زہرا (ع) كے ساتھ زخميوں كے ديكھ بھال كے لئے احد ميں جو چودہ عورتيں آئي تھيں وہ آنحضرت (ص) كے ساتھ تھيں_
كچھ لوگ پيغمبراكرم (ص) كے ديدار اور استقبال كے لئے شہر سے باہر آئے تا كہ رسول اللہ (ص) كى سلامتى كا اطمينان حاصل كريں_ قبيلہ بنى دينار كى ايك عورت نے جب اپنے باپ ، شوہر اور بھائي كے شہيد ہوجانے كى خبر سُنى تو اس نے كہا كہ '' رسول خدا (ص) كى كيا خبر ہے؟'' لوگوں نے بتايا كہ ''رسول(ص) خدا ٹھيك ہيں''_ اس عورت نے كہا كہ '' ذرا مجھے راستہ ديد و تا كہ ميں خود ان كى زيارت كروں'' اور جب اس نے پيغمبر اكرم(ص) كو زندہ وسلامت ديكھا تو كہا كہ '' اے اللہ كے رسول(ص) جب آپ(ص) زندہ ہيں تو اب اسكے بعد ہر مصيبت آپكے وجود كى وجہ سے بے وقعت ہے_(13)
''حمنہ بنت حجش ''رسول خدا(ص) كے پاس آئيں تو آنحضرت(ص) نے ان سے فرمايا '' حمنہ ميں تجھے تعزيت پيش كرتا ہوں''_ انہوں نے پوچھا كہ كس كى تعزيت ؟ آپ(ص) نے فرمايا ''تمھارے ماموں حمزہ كى '' حمنہ نے كہا: انا للہ و انا اليہ راجعون ،خدا ان كى مغفرت كرے اور ان پر اپنى رحمت نازل فرمائے انہيں شہادت مبارك ہو، رسول خدا (ص) نے فرمايا '' ميں پھر تعزيت پيش كرتا ہوں'' حمنہ نے كہا '' كس كى تعزيت''؟ رسول خدا (ص) نے فرمايا '' تمہارے

63
بھائي عبداللہ بن حجش كى '' حمنہ نے كہا خدا ان كى مغفرت كرے اور ان پر اپنى رحمتيں نازل كرے اور ان كو بہشت مبارك ہو آنحضرت(ص) نے پھر فرمايا كہ '' ميں پھر تم كو تعزيت پيش كرتا ہوں''حمنہ نے پوچھا '' كس كى تعزيت؟ آپ نے فرمايا كہ '' تمہارے شوہر مصعب بن عمير كى '' حمنہ نے ايك آہ سرد بھرى اور گريہ كرنا شروع كيا_ رسول خدا(ص) نے فرمايا كہ '' شوہر جو مقام عورت كے دل ميں ركھتا ہے وہ كسى كا نہيں ہوتا''_ اس كے بعد لوگوں نے حمنہ سے پوچھا كہ تم اس قدر كيوں غمزدہ ہوگئيں ؟ حمنہ نے كہا كہ '' ميں نے اپنے بچّوں كى يتيمى كو ياد كيا تو ميرا دل بھر آيا_ (14)
شہيد عمروبن معاذ كى ماں ''كبشہ '' آگے بڑھيں اور انہوں نے بڑے غور سے رسول اللہ (ص) كا چہرہ مبارك ديكھا اور اس كے بعد كہا'' اب جب ميں نے آپ(ص) كو صحيح و سالم ديكھ ليا تو مصيبت كا اثر ميرے دل سے زائل ہوگيا_ رسول خدا (ص) نے ان كے بيٹے عمروبن معاذ كى شہادت پر ان كو تعزيت پيش كى ، دلاسہ ديا اور فرمايا '' اے عمرو كى ماں ميں تجھے مدہ سناتا ہوں اور تم شہيدوں كے اہل و عيال كو مدہ سنادو كہ ان كے شہدا بہشت ميں ايك دوسرے كے ساتھ ہيں اور ہر ايك اپنے عزيزوں اور خاندان والوں كى شفاعت كرے گا_'' عمرو كى ماں نے كہا '' اے پيغمبرخدا (ص) اب ميں خوش ہوں'' اور اس كے بعد عرض كيا '' اے پيغمبرخدا(ص) ان كے پس ماندگان كے لئے دعا فرمايئےرسول(ص) خدا نے اس طرح دعا كى '' خدايا ا ن كے دلوں سے غم كو زائل كردے ، ان كے مصيبت زدہ دل كے زخموں پر مرہم ركھ اور ان كے پس ماندگان كے لئے بہترين سرپرست قرار دے_(15)

64
نماز مغرب كا وقت آن پہنچا
بلال نے اذان دي، رسول خدا (ص) مسجد ميں اس حالت ميں تشريف لائے كہ لوگ ان كے شانوں كو پكڑے ہوئے تھے_ آپ(ص) نے نماز پڑھى واپسى پر ديكھا كہ نالہ و شيون كى آوازوںميں شہر مدينہ ڈوبا ہوا ہے ، لوگ اپنے شہيدوں كى عزادارى اور ان پر رونے ميں مصروف ہيں _ آنحضرت(ص) نے فرمايا:
'' ليكن حمزہ كا كوئي نہيں ہے جو ان پر گريہ كرے'' مدينہ كى عورتيں رسول خدا (ص) كے گھر آئيں اور مغرب سے لے كر رات تك نوحہ و عزادارى ميں مصروف رہيں _

شہيدوں كى ايك جھلك
صرف ايك سجدہ وہ بھى محراب عشق ميں خون بھرا سجدہ_
انصار ميں سے عمروبن ثابت نامى ايك شخص جن كى عرفيت'' اصيرام'' تھي_ ہجرت كے بعد جب انكے سامنے اسلام پيش كيا گيا_ انھوں نے اسے قبول كرنے سے انكار كرديا ليكن
جب رسول(ص) خدا احد كے لئے نكلے تو ان كے دل ميں نور ايمان جگمگا اُٹھا_ انھوں نے تلوار اُٹھائي اور نہايت سرعت كے ساتھ لشكر اسلام سے جاملے ، مردانہ وار جنگ كى اور زخموں سے چور ہوكر گر پڑے_ جب مسلمانوں نے اپنے مقتول سپاہيوں كو ميدان جنگ ميں ڈھونڈھنا شروع كيا تو اس وقت ان كو بھى ديكھا كہ ابھى زندہ ہيں، لوگوں نے ان سے دريافت كيا كہ '' تم نے اپنے قبيلہ كى حمايت ميں جنگ كى ہے يا تم مسلمان ہوگئے ہو؟ '' انھوں نے جواب ديا كہ '' ميں مسلمان ہوگيا ہوں ميں نے ميدان جہاد ميں قدم ركھ ديا ہے اور اب اپنے خون ميں غلطاں ہوں_'' ابھى تھوڑى دير نہ گذرى تھى كہ وہ شہيد ہوگئے ، جب

65
ان كا واقعہ رسول(ص) خدا سے بيان كيا گيا تو آپ(ص) نے فرمايا '' كہ وہ جنّتى ہے'' ہاں قبل اس كے وہ نماز پڑھے اور خدا كے لئے سجدہ كرے، اس نے جنّت كى راہ لي، اس نے صرف ايك سجدہ كيا وہ بھى خون بھرا سجدہ محراب عشق ميں_(16)

ايك عقلمند صاحب ثروت كى شہادت
''مخيرق ''ايك يہودى دانش مند اور مال دار آدمى تھا خرمے كے درخت اور بہت زيادہ مال و متاع كا مالك تھا جب احد كا دن آيا تو اس نے يہوديوں سے مخاطب ہوكر كہا '' خدا كى قسم تمہيں خوب معلوم ہے كہ محمد(ص) كى نصرت تم پر واجب ہے ''_ يہوديوں نے عذر پيش كيا كہ آج ہفتے كا دن ہے(17)_اس نے كہا كہ '' تمھارے نزديك اب كوئي ہفتہ نہيں ہے''_ پھراس نے لباس جنگ زيب تن كيا اپنے جسم پر ہتھيار سجائے اور احد كى طرف روانہ ہونے كے لئے تيار ہوا نكلنے سے پہلے اس نے اپنے رشتہ داروں سے كہا '' اگر ميں آج قتل كرديا جاؤں تو ميرے سارے مال كا اختيار محمد(ص) كو ہے، وہ جہاں چاہيں خرچ كريں''_ اس كے بعد وہ احد كى طرف چل پڑا اور مجاہدين راہ خدا سے جاملا ، جہاد كرتے ہوئے شہيد ہوا _ رسول خدا (ص) نے ان كى وصيّت كے مطابق ان كے مال كو اپنى تحويل ميں لے ليا اور ابن اسحاق كى تحرير كے مطابق مدينہ ميں رسول(ص) خدا كے بہت سے اوقاف اور امور خير انجام دينے والى چيزيں انہى كے مال سے تھيں_ (18)

بوڑھے عارف كى شہادت
''خيثمہ''بوڑھے مگر صاحب معرفت تھے ان كے بيٹے بدر كى لڑائي ميں شہادت كے

66
درجے پر فائز ہوچكے تھے لشكر اسلام كى احد كى طرف روانگى سے قبل انہوں نے رسول خدا (ص) سے عرض كيا كہ '' كل رات خواب ميں، ميں نے اپنے بيٹے كو ديكھاہے كہ بہشت كے باغوں ميں چلا جارہا ہے، بہشت كے درختوں كے نيچے اس كى نہروں كے كنارے ٹہل رہا ہے، ميرے بيٹے نے مجھ سے كہا كہ بابا جان ہمارے پاس آجايئےہ ہم نے خدا كے وعدے كو سچّاپاياہے اے اللہ كے رسول(ص) ميں اس بات كا مشتاق ہوں كہ اپنے بيٹے كے پاس پہنچ جاؤں اے پيغمبر خدا (ص) ميرى داڑھى سفيد اور ميرى ہڈياں كمزور ہوچكى ہيں ميں چاہتا ہوں كہ آپ(ص) ميرے لئے دعا فرمائيں كہ خدا مجھے شہادت نصيب كرے'' _ پيغمبراكرم(ص) نے فرمايا'' خدايا اس شخص كى آرزو پورى فرما '' اور وہ احد كى جنگ ميں شہيد ہوگيا_

حجلہ خون
25 سالہ جوان ''حنظلہ ''، جنگ احد كى آگ بھڑكانيوالوں ميں سے ايك شخص ابوعامر فاسق كے بيٹے تھے، جس وقت رسول خدا (ص) كى طرف سے جہاد كے لئے عام تيارى كا اعلان ہوا، اس وقت جناب حنظلہ، عبداللہ بن اُبيّ كى لڑكى سے شادى كرنے كى تيارياں كررہے تھے_ يہ دو لہا اوردلہن اپنے باپوں جو كافر اور منافق تھے، كے برخلاف اسلام اور پيغمبراسلام(ص) پر مكمل ايمان ركھتے تھے_ جس وقت محاذ جنگ پر جانے كى دعوت كى صدا جناب حنظلہ كے كانوں سے ٹكرائي تو پريشان ہوگئے كہ اب كيا كريں؟ ابھى تو شادى كے مراسم ادا ہوئے ہيں اب حجلہ عروسى ميں جائيں يا محاذ جنگ پر؟ انہوں نے بہتر سمجھا كہ رسول خدا (ص) سے اجازت لے ليں تا كہ شب زفاف مدينہ ميں رہيں اور دوسرے دن ميدان جنگ ميں حاضر ہوجائيں_

67
پيغمبراكرم(ص) نے اجازت ديدي، صبح سويرے غسل كرنے سے پہلے، اپنى دلہن سے محاذ جنگ پر جانے كے لئے الوداع كيا تودلہن كى آنكھيں آنسووں سے ڈبڈباگئيں اپنے شوہر سے چند منٹ ٹھہرنے كو كہا اور ہمسايوں ميں سے چار آدميوں كو بلايا تا كہ وہ لوگ اس كے اور اس كے شوہر كے درميان گواہ رہيں _
حنظلہ نے دوسرى بار خداحافظ كہا اور محاذ جنگ كى طرف روانہ ہوگئے _
دلہن نے ان گواہوں كى طرف رخ كيا اور كہا كہ رات ميں نے خواب ميں ديكھا كہ آسمان شگافتہ ہوا اور ميرے شوہر اس ميں داخل ہوئے اور اس كے بعد آسمان جُڑگيا _ ميرا خيال ہے كہ وہ شہادت كے درجہ پر فائزہونگے_
جب جناب حنظلہ لشكر اسلام سے جاملے تو انہوں نے ابوسفيان پر حملہ كيا ، ايك تلوار اس كے گھوڑے پر پڑى تو وہ گرپڑا ، ابوسفيان كى چيخ پكار پر چند مشركين مدد كو بڑھے اور اس طرح ابوسفيان نے جان بچائي _ دشمن كے ايك سپاہى نے جناب حنظلہ كو نيزہ مارا، نيزے كا شديد زخم لگنے كے باوجود حنظلہ نے نيزہ بردار پر حملہ كيا اور تلوار سے اس كو قتل كرڈالا_ نيزے كے زخم نے آخر كاراپنا كام كرڈالا اور جناب حنظلہ، حجلہ خون ميں عروس شہادت سے جاملے_
پيغمبراسلام (ص) نے فرمايا كہ '' ميں نے ديكھا حنظلہ كو فرشتے غسل دے رہے تھے'' اس وجہ سے ان كو ''حنظلہ غَسيل الملائكہ ''كہتے ہيں_(19)
دولہادلہن كا اخلاص اور ايمان واقعى بہت تعجب انگيز ہے اور محاذ جنگ پر لڑنے والے ہمارے پيكر ايثار مجاہدين،ان كے خاندان والوں اور ان كى بيويوں كے لئے الہام بخش اور مقاوت كا نمونہ ہے_(20)

68
مدينہ ميں منافقين كى ريشہ دوانياں
جنگ احد كے بعد عبداللہ بن ابى اور اس كے تمام منافق ساتھيوں نے طعن و تشنيع كا سلسلہ شروع كرديا اور مسلمانوں پر پڑنے والى عظيم مصيبت پر خوشحال تھے، يہودى بھى بد زبانى كرنے لگے اور كہنے لگے كہ '' محمد(ص) سلطنت حاصل كرنا چاہتے ہيں ، آج تك كوئي پيغمبر(ص) اس طرح زخمى نہيں ہواوہ خود بھى زخمى ہوئے اور اصحاب بھى مقتول اور زخمى ہيں'' _(21)
وہ رات بڑى حساس رات تھى ہر آن يہ خطرہ سروں پر منڈلا رہا تھا كہ كہيں منافقين اور يہود، مسلمانوں اور اسلام كے خلاف شورش برپا نہ كرديں اور اختلاف پيدا كر كے شہر كے سياسى اتحاد اور يك جہتى كو ختم نہ كرديں_

مدينہ سے 20 كيلوميٹر دور'' حمراء الاسد'' ميں جنگى مشق
8 شوال 3 ہجرى قمرى بمطابق 27 مارچ 625ئ (عيسوي) بروز اتوار ہر طرح كى داخلى و خارجى ممكنہ سازش كى روك تھام اور مكمل طور پر ہوشيار اور آمادہ رہنے كے لئے اوس و خزرج كے سر بر آوردہ افراد نے مسلح افراد كى ايك جماعت كے ساتھ مسجد اور خانہ پيغمبراكرم(ص) كے دروازے پر رات بھر پہرہ ديا_ اتوار كى صبح رسول خدا(ص) نے نماز صبح ادا كركے جناب بلال كو حكم ديا كہ لوگوں كو دشمن كے تعاقب كے لئے بلائيں اور اعلان كريں كہ ان لوگوں كے سوا كوئي ہمارے ساتھ نہ آئے جو كل جنگ ميں شركت كرچكے ہيں _
بہت سے مسلمان شديد زخمى تھے ليكن فوراً اٹھ كھڑے ہوئے اور جنگى لباس زيب تن كر كے ، اسلحہ سے آراستہ ہوكر تيار ہوگئے _ پيغمبراسلام (ص) نے پرچم حضرت على (ع) كے ہاتھ ميں ديا اور عبداللہ بن ام مكتوم كو مدينہ ميں اپنا جانشين معيّن فرمايا_ اس حيرت انگيز روانگى كى وجہ يہ تھى كہ رسول خدا(ص) كو يہ پتہ چل گيا تھا كہ قريش كے سپاہيوں نے مدينہ لوٹ كر ( اسلام و

69
مسلمانوں كا ) كام تمام كردينے كا ارادہ كرليا ہے_
رسول خدا (ص) حمراء الاسد پہنچے اور وہاں حكم ديا كہ سپاہى ميدان ميں بكھرجائيں اور رات كے وقت اس وسيع و عريض زمين پر آگ روشن كرديں، تا كہ دشمن كو يہ گمان ہو كہ ايك بہت بڑا لشكر ان كا پيچھا كر رہا ہے_ رسول خدا (ص) تين رات وہاں ٹھہرے رہے اورہر رات اس عمل كو دہرايا جاتا رہا _
اسى جگہ ''معبد خزاعى ''نے پيغمبراسلام (ص) كى خدمت ميں پہنچ كو خبر دى كہ قريش دوبارہ مدينہ پر حملہ كرنے كا قصد ركھتے ہيں _ پھر معبد نے ابوسفيان سے جا كر كہا كہ ميں نے لشكر بے كراں اور غيظ و غضب سے تمتماتے چہرے ديكھے ہيں _ ابوسفيان اس خبر سے وحشت زدہ ہوگيا اور مدينہ پر حملہ كرنے كے ارادے سے باز رہا _
اس جنگى مشق نے مجاہدين اسلام اور اہل مدينہ كے حوصلوں كو بڑھايا، ان كے دل سے خوف كو دور كيا اور دشمن كے دل ميں اور زيادہ خوف بٹھاديا_ اور جب تين دن كے بعد مسلمان مدينہ پلٹ كر آئے تو ان كى حالت ايسى تھى كہ گويا ايك بہت بڑى فتح حاصل كركے لوٹے ہوں_(22)

ابوعَزَّہ شاعر كى گرفتاري
قريش كا بلبل زباں شاعر ابوعزّہ بدر كى لڑائي ميں مسلمانوں كے ہاتھوں اسير ہو كر آيا تھا رسول خدا (ص) نے بغير تاوان كے اس شرط پر آزاد كرديا كہ كسى كو مسلمانوں كے خلاف نہيں بھڑكائے گا_ ليكن اس نے عہد شكنى كى اور اشعار كے ذريعہ جنگ احد كے لئے مشركين كو اسلام كے خلاف لڑنے كى دعوت ديتا رہا _ حمراء الاسد ميں لشكر اسلام كے ہاتھوں دوبارہ گرفتار اور ايك مرتبہ پھر معافى كاخواستگار ہوا_ رسول خدا(ص) نے قبول نہيں فرمايا اور ارشاد فرمايا كہ '' مومن ايك سوراخ سے دوبارہ نہيں ڈساجاتا'' (23) اس كے بعد آپ(ص) نے اس كے قتل كا حكم ديديا_ (24)

70
جنگ احد كے بارے ميں جو آيات نازل ہوئيں وہ سورہ آل عمران كى 60 آيتيں ( 120 سے 179 تك ) ہيں_ اس سال كے اہم واقعات ميں سے پيغمبراسلام نے (ص) حفصہ بنت عمر كے ساتھ ماہ شعبان ميں عقد اور زينب بنت خزيمہ كے ساتھ آپ كا نكاح ہوا_(25)

71
سوالات
1_ قُزمان كو شہيد كيوں نہيں ماناجاتا ؟
2_ دشمن نے نفسيانى جنگ كيسے شروع كي؟
3_ مسلمانوں كى شكست كے بارے ميں منافقين نے كس رد عمل كا اظہار كيا؟
4_ جنگ احد ميں مسلمانوں كى شكست كے اسباب اختصار كے ساتھ بيان كيجئے_
5_ حمراء الاسد كى جنگى مشق كس لئے ہوئي؟
6_ شہداء احد كہاں دفن ہوئے؟ شہداء احد ميں سے كچھ لوگوں كے نام بيان كيجئے _

72
حوالہ جات
1_سيرة حلبى ج 2، ص 244، مغازى واقدى ج 1،ص 274_
2_ الصحيح ج 4 ، ص 319_ ارشاد شيخ مفيد ص 43_ بحارالانوار ج 20، ص 90_
3_سيرة ابن ہشام ص 93_ مغازى واقدى ج 1، ص 224_ 223_
4_: بحار الانوار ج 20 ، ص 44_
5_بحار الانوار ج 20 ، ص 97، واقدى ج 1 ص 298 پر كہتا ہے كہ پيغمبراكرم(ص) نے سعد بن ابى وقاص كو بھيجا_
6_ وَلَقَد صَدَقَكُم اللہ وَعدَہُ اذ تَحُسُّونَہُم با ذنہ حَتيّ اذَا فَشلتُم وَ تَنَزَعتُم فى الامر وَ عَصَيتُم مّن بَعذ مَا ا َرَى كُم مَّا تُحبُّونَ(آل عمران _ 152)
7_ منكُم مَّن يُريدُ الدُّنيَا وَ منكُم مَّن يُريدُ الاخرَةَ ثُمَّ صَرَفَكُم عَنہُم ليَبتَليَكُم(آل عمران _ 152)_
8_ وَمَا مُحَمَّدٌ الا رَسُولٌ قَد خَلَت من قَبلہ الرُّسُلُ اَفَا نْ مَّاتَ ا َو قُتلَ انقَلَبتُم عَلى ا َعقبَكم (آل عمران _144)_
9 _ و انْ عاقَبْتُم فعاقبُوا بمثل ما عُوقبْتُم بہ و َ لَئن صَبَرتُم فہو خيرٌ للصابرين ( نحل ، آيت 126)نيز رجوع كريں _ شرف النبى (ص) ص 347_
10_ مغازى واقدى ج 2 ، ص 267_ ابن ہشام ج 2، ص 95،97_
11_ مغازى واقدى ج 1، ص 267_ سيرت ابن ہشام ج 2،ص 97_
12_ مغازى واقدى ص 264،266_
13_ سيرة ابن ہشام ج 2،ص 99_ مغازى واقدى ج 1 ص 292_
14_ مغازى واقدى ج 1 ص 291_ سيرة ابن ہشام ج 2،ص 98_
73
15_ مغازى واقدى ص 315_ 316_
16_ سيرة ابن ہشام ج 2 ص 90_
17_ يہوديوں كے مذہب ميں ہفتہ تعطيل كا دن ہے _
18_ سيرة ابن ہشام ج 2، ص 88_ تاريخ طبرى ج 2، ص 531_ مغازى واقدى ج 1 ،ص 262، 263_
19_ سيرة ابن ہشام ج 2، ص 74_ بحارالانوار ج 20 ص57_ مغازى واقدى ج 1 ، 273_
20_ اس شادى كے نيتجہ ميں جناب عبداللہ بن حنظلہ غسيل الملائكہ پيدا ہوئے جنھوںنے 62ھ ميں امام حسين(ع) كى شہادت كے بعد اہل مدينہ كى ايك جماعت كے ساتھ يزيد بن معاويہ كے خلاف علم بغاوت بلند كيا تاريخ اسلام ميں عوام كے اس انقلابى اقدام اور يزيد بن معاويہ كے جرائم پر مبنى واقعہ كو واقعہ حرّہ كے نام ياد كيا جاتا ہے _
21_ مغازى واقدى ج 1 ، ص 317_
22_ طبقات ابن سعد ج 2 ص 48، مغازى واقدى ج 1 ص 338، تاريخ طبرى ج 2 ص 534_ تفسير نورالثقلين ج 1 ص 410_ سيرة حلبى ج 2 ص 257، سيرة ابن ہشام ج 2 ص 101_ تفسير نمونہ ج 2 ص 177،174_
23_لايلدغ المؤمن من حُجر: مَّرتين _
24_ سيرہ حلبى ج 2 ، ص 259_
25_ سيرة حلبى ج2، ص 258_