دوسرا حصہ:
جعلی صحابی کو کیسے پہچانا جائے؟
l ایک مختصر تمہید
l سیف کی سوانح حیات اور اس کے زمانے کا ایک جائزہ
l جعلی صحابی کی پہچان
l جعلی اور حقیقی روایتوں کا موازنہ
l سیف کے چند جعلی اصحاب کے نام
ایک مختصر تمہید
کتاب '' عبداللہ ا بن سبا'' اور اس کتاب کے مختلف مباحث کی بنیاد اسی پر ہے کہ ہم یہ ثابت کریں کہ سیف ابن عمر تمیمی ان افسانوں ،پہلوانوں ،اماکن اور اس کی خیالی جگہوں کا جعل کرنے والا ہے ۔اس سلسلے میں ہماری دلیل حسب ذیل ہے :
اسلام اور علماے اسلام کے نزدیک روایت (نقل قول) مختلف علوم ،مانند تاریخ ،فقہ ،تفسیر اور دیگر فنون ادب اور لغت کی بنیاد ہے اور وہ اس کے علاوہ خبر حاصل کرنے کے کسی اور منبع کو نہیں جانتے جب کہ دوسروں نے اپنے معلومات کی تکمیل کے لئے مثال کے طور پر اتفاقا آثار و علائم اور دیگر امور کی طرف بھی رجوع کیا ہے اور ان سے استفادہ کرتے ہیں ۔
چوں کہ علماے اسلام کا طریقہ یہی رہا ہے جیسا کہ ہم نے بیان کیا ،اس لئے وہ مورد نظر روایت کو نسل بہ نسل اپنے متقدمین سے حاصل کرتے ہیں تاکہ اس طرح خبر واقع ہونے کے زمانے اور روایت کے مصدر تک پہنچ جائیں ۔ان کے نزدیک خبر کے سر چشمہ تک پہنچنے کی صرف یہی ایک راہ ہے اور وہ اس سے نہیں ہٹتے نہ کسی اور جگہ سے الہام لیتے ہیں ۔
اب اگر ہم مذکورہ علوم کے بارے میں علماے اسلام کی کتابوں کی طر ف رجوع کریں تو جوکچھ انہوں نے روایت کی ہے اس کے بارے میں انہیں مندرجہ ذیل دوگروہوںمیں سے کسی ایک میں پاتے ہیں :
ان علماء میں سے ایک گروہ مثلاًطبری ،خطیب بغدادی اور ابن عساکر نے جس خبر وروایت کو اپنی تاریخوں میں ذکر کیا ہے اور اس کی سند کو بھی ثبت ومشخص کیا ہے ۔
علماء کاایک دوسرا گروہ مثلاًمسعودی مروج الذہب میں،یعقوبی ،ابن اثیر ،اور ابن خلدون نے اپنی تاریخ کی کتابوں میں ذکر کی گئی روایتوں کی سند کاذکر نہیں کیاہے ۔
اب ہم مذکورہ وضاحت کے پیش نظر کہتے ہیں :
اگر کسی متأخر مؤلف کے ہاں ہم دیکھتے ہیں کہ جس روایت کو اس نے ذکر کیا ہے اس کی سند کوذکرنہیں کیاہے ۔حتیٰ یہ بھی معین ومشخص نہیں کیا ہے کہ اس خبر کو اس نے کہاں سے لیا ہے توہم اس مطلب کی تحقیق کرتے ہیں اور دوسری کتابوں کا مطالعہ کرکے یہ نتیجہ پاتے ہیں کہ یہی خبر من وعن حالت میں کسی قدیمی عالم کی تحریر میں موجود ہے اور بحث وتحقیق کے بعد معلوم ہوتاہے کہ اس متأخر عالم کی خبر کا سرچشمہ یہی قدیمی عالم مؤلف تھا ۔یہاں پر ہم فیصلہ کرتے ہیں کہ مذکورہ خبر کو فلاں متأخر عالم نے فلاں قدیمی عالم سے نقل کیا ہے ۔
درج ذیل مثال مذکور ہ مطالب کی مکمل وضاحت کرتی ہے :
ہم نے جہاں پر سبائیوں کا افسانہ اپنی کتاب ''عبداللہ ابن سبا''کی پہلی جلد میں ذکرکیا ہے وہیں پر یہ بھی ثابت کیا ہے کہ اس افسانہ کو گزشتہ تاریخ نویسوں ،مؤلفوں و محققوں حتیٰ مشتشرقین نے بھی اپنے طور پر ایک دوسرے سے نقل کیا ہے ،اور اس داستان میں ان کی سند درج ذیل مصادر میں سے کسی ایک پر منتہی ہوتی ہے :
١۔ تاریخ طبری (وفات ٣١٠ھ )
٢۔ تاریخ دمشق ،ابن عساکر (وفات ٥٧١ھ )
٣۔التمہید و البیان ،ابن ابی بکر (وفات ٧٤١ھ )
٤۔ تاریخ اسلام ،ذہبی ( وفات ٧٤٨ھ)
ہم جب اس مطلب کا سلسلہ تلاش کرتے ہیں اور سبائیوں کی داستان کی سند کو مذکورہ چار مصادر میں جستجو کرتے ہیں تو نتیجہ کے طور پر متوجہ ہوتے ہیں کہ ان سب نے یہ مطلب صرف سیف بن عمر تمیمی سے لے کر اپنی تاریخوں میں درج کیا ہے اور اپنی اسناد کے سلسلے کو سیف بن عمر تک پہنچاتے ہیں ۔یہاں پر اس جستجو کے بعد ہم پر یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ان افسانوں کو بیان کرنے والا منفرد شخص سیف ہے اور سبائیوں کی داستان اس پورے آب و تاب کے ساتھ صرف سیف کی ذہنی تخلیق ہے کسی اور نے اس کی روایت نہیں کی ہے ۔
سیف کی سوانح حیات اور اس کے زمانے کا ایک جائزہ
یہاں پر ہم سیف کی شخصیت کا مطالعہ کرتے ہوئے اس تحقیق کے دوران متوجہ ہوتے ہیں کہ :
١۔ سیف نے اپنی ادبی سرگرمیوں کا آغاز دوسری صدی ہجری کی ابتدا ئی چوتھائی میں کیا ہے۔یہ وہ صدی تھی جس کے دوران عرب دنیا میں خاندانی تعصب کی دھوم تھی ۔جزیرہ نمائے عرب کے شمال میں قبیلہ عدنان کے شعرا ء اور سخن ور اور جنوب میں قبیلہ قحطان اپنی مدح و ثنا میں اور دسرے کی ہجو اور انھیں بد نام کرنے میں ایک دوسرے کے پیچھے پڑے ہوئے تھے ۔شمالی ،جنوبیوں کے خلاف اور جنوبی جزیرہ نما کے شمال میں رہنے والوں کو دشنام دیتے اور برا بھلا کہتے تھے اور اپنی فضیلتیں ، عظمتیںاور فخر و مباہات بیان کرتے تھے ۔ان ہی میں سیف ایک عدنانی اور سخت متعصب شخص تھا خاندانی تعصبات کا اظہار کرنے میں اس نے قبیلہ ٔعدنان کے مختلف خاندانوں خاص کر تمیم اور اپنے خاندان ''اسیّد'' کے لئے افسانے اور خیالی سورما جعل کئے ہیں اور اشعار و رزم نامے گڑھ کر دوسروں پر سبقت حاصل کی ہے۔ اس طرح اس نے خاندان عدنا ن کے فخر و مباہات اور شرافت و فضیلتیں تخلیق کی ہیں، اور قحطانیوں پر بزدلی ، ذلالت ، فتنہ انگیزی اور شرارت کی تہمتیں لگائی ہیں۔
سبائیوں کے بارے میں سیف کا افسانہ اسی امر کی وضاحت کرتا ہے۔وہ اس افسانہ کو جعل کرکے قبائل عدنان کے بعض سرداروں کے آلودہ دامن کو پاک و صاف کرتا ہے اور بے گناہ قحطانیوں پر فتنہ انگیزی اور دیگر ہزاروں برائیوں کی تہمتیں لگاتا ہے۔
٢۔دوسری جانب ہم مشاہدہ کرتے ہیں کہ عراق ، جو سیف کا اصلی وطن ہے، ان دنوں زندیقیوں کی سرگرمیوں کا مرکز تھا اور وہ پوری طاقت کے ساتھ مسلمانوں کو اسلام سے منحرف کرنے کی سر توڑ کوشش کر رہے تھے وہ اس سلسلے میں جھوٹی احادیث گھڑ نے اور انھیں پھیلانے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرتے تھے اور اپنے اس مقصد تک پہنچنے کے لئے ہر وسیلہ کا سہارا لیتے تھے۔
یہاں ہم دیکھتے ہیں کہ سیف بھی جھوٹ اور افسانے گڑھ کر، تاریخ اسلام کے ساتھ ظلم و جفا کرنے میں اپنے ہم عقیدہ زندیقیوں سے پیچھے نہیں رہاہے۔ اور یہ اس صورت میں ہے کہ علماے متقدمین نے سیف کو نہ صرف ایک جھوٹا اور غیر قابل اعتماد جانا ہے بلکہ اس پر زندیقی ہو نے کا الزام بھی لگا یا ہے۔ ان تمام تحقیقات کے پیش نظر ہم وثوق کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ یہ سیف بن عمر ہے جس نے سبائیوں کا افسانہ جعل کرکے اسے پھیلادیا ہے۔
٣۔ہم نے اپنی کتاب ''عبد اللہ بن سبا'' میں سیف کی روایتوں کو واقعات اور حوادث کے تقدم کی بنیاد پر ، یعنی اسامہ کی ماموریت ، سقیفہ بنی ساعدہ، ارتداد اور فتوح کی جنگوں کے سلسلے میں اس کی روایتوں کا ترتیب سے سیف کے علاوہ دوسرے راویوں کی روایتوں سے موازنہ و مقابلہ کیا اور اس نتیجہ پر پہنچے ہیںکہ:
علماء نے سیف کی توصیف اور اس کی احادیث کے بارے میں جو کچھ کہا ہے، وہ صحیح ہے، کیونکہ سیف بن عمر تمیمی کی باتیں بالکل جھوٹ اور افسانہ ہیں یا تہمت و افترا ہیں یا تاریخ اسلام کے حقائق میں تحریف ہیں۔
اسناد جعل کرنا
سیف اپنے افسانوں کے لئے تاریخ لکھنے والوں کے شیوہ کے مطابق سند جعل کرتا ہے تا کہ اپنے افسانون اور جھوٹ کو سچ اور حقیقی ظاہر کرسکے۔ وہ اپنی بات کو ایسے راویوں کی زبانی دہرا تا ہے جو حقیقت میں وجود ہی نہیں رکھتے اور سیف کے علاوہ ان کا نام کہیں نہیں پایا جاتا اور دوسرے علماء نے ان کا نام تک نہیں لیا ہے۔ سیف نے اپنے سور ماؤں کے لئے شجاعتیں اور بہادریاں جعل کی ہیں اور مقامات کو خلق کرکے ان کی دلاوریوں کو ان جگہوں پر واقع ہوتے ہوئے دکھلایاہے۔
وہ مؤلفین، جنھوں نے سیف کے خیالی اداکاروں کو درج کیا ہے
یہاںپر ایک ہلا ہم ہادینے والے مطلب سے دوچار ہوتے ہیں، وہ یہ کہ ہمیں ایسے علماء اور دانشمندوں کا سراغ ملتا ہے جو سیف کے بارے میں مکمل شناخت رکھتے ہیں، اسے جھوٹا جانتے ہوئے اس پر زندیقی ہونے کا الزام بھی لگاتے ہیں ، لیکن اس کے باوجود انہوں نے سیف کے ہر جعلی اور افسانوی سور ما کے لئے اپنی رجال کی کتابوں میں سوانح حیات لکھی ہے اور جغرافیہ دانوں نے بھی اپنی جغرافیہ کی کتابوں میں سیف کے جعلی اور فرضی مقامات ،شہروں اور دریائوں کو درج کیا ہے اور ان علماء کے ثبت کئے گئے مطالب کی سند صرف اور صرف سیف کی جعلی روایتیں ہیں ۔اس طرح سیف کے خیالی مقامات اور شہروں کے نام اسلامی جغرافیہ کی کتابوں میں درج ہو گئے ہیں اور اس کے خیالی اشخاص ،افسانوی سورما ،فرضی راوی ،جعلی سپہ سالار ،خیالی شعراء و سخنور اور اس کے علاوہ خطوط ،تاریخی اسناد کہ جن میں سے کسی ایک کی کوئی حقیقت نہیں ہے ،اور سب کے سب دوسری صدی ہجری کے افسانہ گو سیف کے تخیلات کی پیدا وار ہیں ،کو ان علماء کی کتابوں میں مناسب جگہوں پر واقعی اور ناقبل انکار حقیقت کے طور پر درج کیا گیا ہے !!
یہ وہ تلخ حقائق ہیں جو سالہا سال زندگی صرف کرنے اور دقت نظر و تحقیق کے بعد جس کا نتیجہ آپ آئندہ بحثوں میں ملاحظہ فرمائیں گے ہمیں حاصل ہو سکے ہیں تاکہ حق و حقیقت کے راہیوںکے لئے مشعل راہ ثابت ہوں اور اسلام اور اس کی حقیقی تاریخ کے رخ سے پردہ اٹھا کر اسلام کے حقائق کو دنیا کے لوگوں اور مسلمانوں کے سامنے واضح کر سکیں۔
جعلی صحابی کی پہچان
سیف کے افسانوی صحابی کو پہچاننے کے لئے ضروری ہے کہ ،جب ہم کسی روایت یا خبر کے مطالعہ کے دوران کسی ایسے صحابی سے رو برو ہوتے ہیں جو مشکوک لگے تو ہم سب سے پہلے اس خبر کے اسناد کا اسی کتاب میں دقت سے مطالعہ کرتے ہیں چونکہ ہم نے سیف کو پہلے ہی پہچان لیا ہے اگر اس خبر کی روایت سیف پر منتہی نہ ہو تو مذکورہ صحابی کے بارے میں تحقیق و جستجو سے ہاتھ کھینچ لیتے ہیں اور اسے سیف کا تخلیق کردہ راوی محسوب نہیں کرتے ۔
لیکن اگر روایت کی سند سیف پر منتہی ہو تو یہاں پر ہماری وسیع تحقیق و جستجو کا آغاز ہو تا ہے اور ہم مختلف مصادر اور متعدد اسلامی مآخذ کی طرف رجوع کرکے تحقیق شروع کرتے ہیں اور سیف کی روایت میں ذکر ہوئے مطالب کو اس موضوع کے سلسلے میں دوسروں کی روایت میں ذکر ہوئے مطالب سے موازنہ ، و مقابلہ کرتے ہیں.یہاں پر اگر مذکورہ مشکوک صحابی کا نام سیف کے علاوہ کسی اور راوی کی روایت میں ملے، تو اس کے بارے میں تحقیق ترک کردیتے ہیں اور اسے جعلی نہیں جانتے۔ لیکن اگر اس صحابی کا نام سیف کی روایتوں کے علاوہ کسی اور جگہ پر نہیں ہوتا تو اس وقت فیصلہ کرتے ہیں کہ:چونکہ یہ مطلب یا اس شخص کانام ، یا اس جگہ کا نام، اور ایسے راویوں کی خصوصیات کو صرف سیف بن عمر نے بیان کیا ہے اور ان کا کسی دوسری جگہ اور کسی ماخذ میں سراغ نہیں ملتا ، اس لئے یہ صحابی ، راوی یا جگہ حقیقت میں وجود نہیں رکھتے اور بالکل جھوٹ اور سیف بن عمر کے افکار و خیالات کے پیدا وار ہیں . اس سلسلے میں درج ذیل مثال پیش کی جاتی ہے:
ایک تمیمی گھرانا
ہمیں مکتب خلفاء کی معتبر کتابوں میں مالک تمیمی نام کے ایک معروف خاندان سے مربوط بہت سی اخبار و روایات نظر آتی ہیں، ان میں مشہور چہرے اور معروف صحابی بھی نظر آتے ہیں جن میں مالک تمیمی کے بہادر نواسے بھی ہیں۔ان میں سے ایک کا نام قعقاع اور دوسرے کا نام عاصم ہے یہ دونوں عمرو کے بیٹے تھے۔ اسی طرح ان کے چچیرے بھائی اور مالک تمیمی کے دوسرے نواسے جیسے اسود بن قطبہ اور اس کا بیٹا اور صحابی نافع بن اسود یعنی مالک کا پر پوتا اور اس نامور خاندان یعنی بنی تمیم کے تمام محترم اور نامور افراد نظر آتے ہیں.
ہم اس خاندان ، خاص کر ان کے غیر معمولی کار ناموں کی وجہ سے ان کے بارے میں مشکوک ہوتے ہیں۔ اس بناء پر ہم اپنی تحقیق کے مطابق جو کچھ اس خاندان کے ہر فرد کے بارے میں بیان ہواہے، اسے ایک ایک کر کے مختلف اسلامی مصادر سے جمع کرتے ہیں ۔اس کے بعدتمام باسند اور بدون سندروایتوں کے بارے میں تحقیق کرتے ہیں اور آخر کار متوجہ ہوتے ہیں کہ وہ تمام روایتیں جو قعقاع کے بارے میں بیان ہوئی ہیں ،سیف سے روایت ہوئی ہیں اور ان کی تعداد ٦٨ تک پہنچتی ہے اوروہ تمام روایتیں جواس کے بھائی عاصم سے مربوط ہیں ،ان کی تعداد ٤٠تک پہنچتی ہے ۔اسود بن قطبہ اور اس کے بیٹے نافع کے بارے میں روایتوں کی تعداد ٢٠تک پہنچتی ہے ،اور یہ سب کی سب صرف سیف بن عمر سے نقل ہوئی ہیں !
قعقاع کے بارے میں سیف کی روایتوں کے اسناد
اب ان روایتوں کے اسناد کے بارے میں تحقیق کی نوبت آتی ہے جو قعقاع کے بارے میں گویا ہیں ۔ہمیں اس تحقیق میں تیس ایسے راوی کے نام ملتے ہیں جوسیف کی احادیث کے علاوہ دوسروں کی احادیث میں نظرہی نہیں آتے ۔ان روایتوں کے راویوں میں خاص طور پر ایک ایسا راوی بھی ہے جس کانام ،قعقاع سے مربوط سیف کی ٣٨ احادیث میں دہرایا گیا ہے ۔دوسرے راوی کا نام ،١٥احادیث میں ،تیسرے راوی کانام ١٠ احادیث میں اور چھوتے راوی کانام قعقاع سے مربوط سیف کی ٨احادیث میں دہرایاگیاہے۔
ان راویوں میں سے چار کانام قعقاع کے بارے میں سیف کی دو احادیث میں ایک ہی جگہ پر آیا ہے ۔بعض اوقات ایک حدیث میں ان ہی راویوں میں سے ایک سے زائدہ کانام لیاگیا ہے۔ یہ سبب راوی سیف بن عمر تمیمی کے خیا لی اور جعل کردہ ہیں ۔
عاصم کے بارے میں سیف کی روایتوں کے اسناد کی تحقیق
عاصم کے بارے میں سیف کی روایتوں کی تحقیق کے دوران ہمیں ا س کے بارہ راویوں کے نام ملتے ہیں ،جن کو ہم سیف کے علاوہ کسی اور کے ہاں نہ پاسکے ۔ان راویوں میں سے ایک کانام عاصم کے بارے میں سیف کی ٢٨روایات میں دہرایاگیاہے۔ایک دوسرے راوی کانام ١٦روایات میں دہرایاگیاہے۔لیکن بعض اوقات عاصم کے بارے میں سیف کی ایک ہی روایت میں ایک سے زائد راویوں کانام ذکر کیا گیا ہے۔
مذکورہ نام وخصوصیات کے مالک بارہ راویوں کے علاوہ سیف نے بعض دیگر اسناد مثلاً: ''بنی بکر سے ایک مرد ''یا''بنی سعد سے ایک مرد''یا''شوش کی فتح کے بارے میں خبر دینے والا''جیسے موارد بھی پیش کئے ہیں کہ یہ انتہائی مجہول وبے نام اسناد ہیں۔
اسود اور اس کے بیٹے کے بارے میں سیف کی روایات کے اسناد
اسود اور اس کے بیٹے نافع کے بارے میں سیف کی روایتوں کے اسناد میں ،عاصم کے سلسلے میں ذکر ہوئے راویوں کے علاوہ ،٩جعلی راوی اور چند مجہول شخصیت راویوں کاذکر کیاگیاہے کہ یہ سب کے سب مجہول اور بے نام ونشان ہیں ۔
خاندان مالک سے مربوط سیف کے روایات کے اسناد کی یہ حالت ہے اور سیف ان ہی کی وساطت سے اپنے سورماؤں اور جعلی صحابیوں کی سرگرمیوں کو رسول خدا ۖکے زمانے سے ،داستان سقیفہ بنی ساعدہ ،جزیرة العرب میں ارتداد اور فتوح کی جنگوں ،خلافت ابوبکر کے زمانے میں عراق وشام کی فتوحات اور نبرد آزمائیوں خلافت عمر وعثمان اور امام علی ـکے دوران حتیٰ معاویہ کے زمانے تک سرزمین عراق،شام اور ایران کی فتوحات کا ذکر کرتا ہے۔
سیف اس خاندان کے افراد کے لئے اپنی خیالی اور فرضی جنگوں میں شجاعتیں بیان کرتاہے اور رزمی شعر کہتاہے ،مختلف صوبوں کی حکومتیں انھیں تفویض کرتاہے ،کرامتوں اور غیر معمولی کارناموں کو ان سے نسبت دینے کے علاوہ دیگر ایسے مطالب بیان کرتاہے،جو صرف سیف کے ہاں نظر آتے ہیں ۔دوسری جانب ان روایتوں کی تحقیق اور چھان بین کے بعد جن میں صحابیوں اور بہادروں کا ذکر ہواہے ہم پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ تمام روایتیں جن میں ان دلاوروں کا ذکر آیاہے اور جو بے سند ہیں، حقیقت میں وہی پہلے درجہ کی سند دار روایتیں ہیں جن کی سندیں سیف پر منتہی ہوتی ہیں،فرق صرف اتنا ہے کہ یہاں پر ان کی سندیں حذف کردی گئی ہیں!
اس سلسلے میں مزید اطمینان حاصل کرکے قطعی فیصلہ تک پہنچنے کے لئے ہم نے ان سورماؤں کی شجاعتوں اور ان سے مربوط روایتوں کے جعلی اور افسانہ ہونا ثابت کرنے کے لئے مختلف علو م کے موضوعات کو مد نظر رکھتے ہوئے دوسرے اسلامی منابع ومآخذ کی طرف رجوع کرکے حسب ذیل صورت میں عمیق تحقیق شروع کی :
١۔ ہم نے پیغمبر اسلام ۖکی سیرت ،رفتار وکردار پر لکھی گئی کتابوں کی طرف رجوع کیا جن میں اس زمانے کے گمنام ترین مسلمان شخص کے ساتھ آپ ۖکی ملاقات اور برتاؤ کو درج کیا گیاہے، مانند :
''سیرہ ابن ہشام''(وفات ٢١٣ھ )
''عیون السیرہ'' ابن سیدہ الناس (وفات ٧٤٣ھ)
اور سیرت کی دوسری کتابیں ۔
لیکن ان میں سے کسی ایک میں بھی سیف کے جعلی اور افسانوی سورماؤں کا کہیں نام ونشان تک نہیں پایا۔اس طرح سے کہ نہ ان کتابوں میں نہ روایتوں کے اسناد میں اور نہ ان کے متن میں کہیں بھی ان کا نام ذکر نہیں ہواہے۔
٢۔ہم نے رسول خدا ۖسے مربوط احادیث کی کتابوں کی طرف رجوع کیا،جن میں آنحضرت ۖکی چھوٹی سی چھوٹی بات کوبھی درج کیا گیا ہے،مانند:
'' مسند طیالسی''(وفات ٢٠٤ھ)
'' مسند احمد''(وفات ٢٤١ھ )
''مسند ابوعوانہ''(وفات ٣١٦ھ)
'' صحیح بخاری''(وفات ٢٥٦ھ)
'' موطأ مالک ''(وفات ١٧٩ھ)
'' سنن ابن ماجہ ''(وفات ٢٧٣ھ )
'' سنن سجستانی''(وفات ٢٧٥ھ)
'' سنن ترمذی''(وفات ٢٧٩ھ)
ان کے علاوہ ہم نے دیگر مسانید اور صحاح میں بھی ڈھونڈا اور جستجو کی ،لیکن ان میں سے کسی ایک میں بھی سیف کے جعلی اصحاب کا کہیں نام ونشان نہ پایااور نہ ان کے متن وسند میں ان کا کہیں سراغ ملا۔
٣۔ ہم نے طبقات کی کتابوں کا بھی مطالعہ کیا جن میں اصحاب اور تابعین کے بارے میں ان کی سوانح حیات درج کی گئی ہیں ،مانند:
'' طبقات ابن سعد''(وفات ٢٣٠ھ)
جس میں اصحاب اور تابعین کی ، ان کی جائے پیدائش کے مطابق طبقہ بندی کی گئی ہے۔
'' طبقات خلیفہ بن خیاط''(وفات ٢٤٠ھ)
'' النبلاء ذہبی''(وفات ٧٤٨ھ)
اور اس سلسلے کے دیگر منابع کی طرف بھی رجوع کیا لیکن ان میں بھی کہیں سیف کے مذکورہ سورماؤں میں سے کسی ایک کانام نہیں پایا نہ ان کے متن میں اور نہ سند میں۔
٤۔ اس تحقیق کو جاری رکھتے ہوئے ہم نے احادیث واخبار سے مربوط راویوں کے تعارف میں لکھی گئی کتابوں کی طرف رجوع کیا،جیسے:
'' علل احمد حنبل''
'' جرح وتعدیل رازی''(وفات ٣٢٧ھ)
'' تاریخ بخاری''اور اس قسم کی دوسری کتابیں ۔
٥۔ اس کے علاوہ ہم نے مختلف عرب قبیلوں کے شجرہ ٔنسب کے بارے میں لکھی گئی کتابوں کا مطالعہ کیا،مانند:
'' جمہرۂ نسب قریش''از زبیری (وفات ٢٣٦ھ)
'' انساب سمعانی''(وفات ٥٦٢ھ)
٦۔ اسی طرح اصحاب رسول ۖکے حالات پر لکھی گئی کتابیں ،مانند:
۔'' اسد الغابہ''اور
''اصابہ '' اور جہاں تک ممکن ہوسکا دیگر مطبوعہ وقلمی نسخوں کا بھی مطالعہ کیا۔
٧۔ اس کے علاوہ اس تحقیق وجستجو میں ہم نے عمومی تاریخوں۔مانند:
'' تاریخ خلیفہ بن خیاط''(وفات ٢٤٠)
'' تاریخ طبری''(وفات ٣٠١ھ) وغیرہ اور ان کے علاوہ ان عمومی تواریخ کا بھی مطالعہ کیا جن میں تاریخ کے مخصوص واقعات کی تشریح کی گئی ہے ،مانند :
'' صفین ،ابن مزاحم''(وفات ٢١٢ھ)
'' تاریخ دمشق''تالیف ابن عساکر(وفات ٥٧١ھ)
اور دیگر معتبر منابع ومآخذ ۔
٨۔ ہم نے اس تحقیق وجستجو کے دوران ادبی کتابوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا بلکہ ان سے بھی استفادہ کیا،جیسے :
دورہ ٔکتاب''اغانی اصفہانی ''(وفات ٣٥٦ھ)
'' المعارف ابن قتیبہ ''(وفات ٢٧٦ھ)
'' العقد الفرید''ابن عبدربہ(وفات ٣٢٨ھ)
اور اس موضوع سے مربوط دیگر کتابوں کی طرف بھی رجوع کیا۔
اس قدر تحقیق وتلاش وجستجو پر ہم نے ایک عمر صرف کرکے یہ نتیجہ حاصل کیا ہے کہ وہ تمام روایات جن میں اس قسم کے صحابیوں کے نام ذکر ہوئے ہیں ان کی سندیں صرف اور صرف سیف بن عمر تمیمی پر منتہی ہوتی ہیں۔
سیف کی روایات کے اسناد کی اتنی تحقیق کے علاوہ ہم نے ایسے صحابیوں کے بارے میں روایت کی گئی سیف کی ہر خبر کے متن پر بھی غور وخوض اور تحقیق کی اور اس کا دوسرے اور حقیقی راویوں کی روایت کے متن سے موازنہ و مقابلہ کیا۔اس تحقیق سے مندرجہ ذیل دو صورتوں میںسے ایک حاصل ہوئی :
١۔ یا یہ کہ سیف کی روایت کردہ خبر ،مضمون اور متن کے لحاظ سے بالکل جعلی اور جھوٹی ہے،خواہ یہ اس کا خطبہ اور معجزہ ہوا ،جنگ ہو یا صلح ،اس کا سورما ہو یا ہیرو،مکان ہو یازمان ،اس کے رزمی اشعار ہوں یااس کے اسناد اور راوی ۔اس کا نمونہ اسی کتاب میں ایک افسانوی شخص''طاہر ابوھالہ تمیمی بن خدیجہ'' ،جسے سیف نے پیغمبر اکرم ۖکے منہ بولے بیٹے کے عنوان سے جعل کرنے کے بعد اسے ارتداد کی جنگوں ،جیسے جنگ ''اخابث'' میں شرکت کرتے ہوئے دکھایاہے ۔ ''خبراط بن ابواط تمیمی'' اور اس دریا کانام جو اس سے منسوب کیاگیاہے ۔اور اس طرح کی دوسری روایتیں جو بالکل جعلی اور جھوٹی ہیں اور ان کاکوئی بھی تانابانا حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا ۔
٢۔ یا یہ کہ سیف نے ایک حقیقی واقعہ کی خبر میں کسی نہ کسی صورت میں تحریف کی ہے۔مثلاً کسی واقعہ کے مرکزی کردار یا کرداروں کو بدل کے رکھ دیا ہے اور ہر کار خیر میں کسی یمانی قحطانی صحابی یا تابعین میں سے کسی ایک کے کردار کو بدل کر اسے عدنانی مضر ی خاندان کے کسی فرد سے منسوب کردیا ہے یا بر عکس کسی عدنانی ومضری شخص کے کسی نامناسب اور ناروا کام کو ایک قحطانی فرد سے نسبت دیدی ہے!یازمان ومکان تبدیل کیاہے یا کسی روایت میں تحریف کی کوئی دوسری صورت انجام دی ہے کہ کتاب ''عبد اللہ بن سبا '' اور اسی کتاب (١٥٠ جعلی اصحاب) کی مختلف جلدوں کا مطالعہ کئے بغیر آسانی کے ساتھ سیف کی تحریف کے اقسام اور تاریخ اسلام کے سلسلہ میں اس کے جرم کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔
جی ہاں !اتنی طولانی بحث وتحقیق کے بعد حتی سیف کی ایک روایت وخبر کو بھی سیف کے علاوہ دوسروں کی صحیح اسناد میں نہ پائے جانے اور ہمارے مورد شک صحابی کے نام یا خبر کے ان میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ہم یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہیں کہ اس قسم کے اصحاب سیف کے جعل کردہ ہیں اور ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے ۔
جعلی اورحقیقی صحابی میں فرق !
سیف کے جعلی صحابی اور دیگر حقیقی صحابیوں میں فرق یہ ہے کہ :جعلی اور جھوٹے صحابی وہ ہیں،جن کے نام اور اخبار صرف اور صرف سیف کے ہاں پائے جاتے ہیں ۔جب کہ حقیقی صحابی وہ ہے جس کی خبر ونام مختلف طریقوں اور متعدد اشخاص اور متعدد راویوں اور منابع کے ذریعہ ہمیں دستیاب ہوتے ہیں ۔اس سلسلے میں ہم ایک مثال پیش کرتے ہیں :
خالد بن ولید ایک ایسی شخصیت ہے جس کا نام اور روایت ایک راوی سے مختص نہیں ہے ، بلکہ جس کسی نے بھی پیغمبر اسلام ۖکی سیرت اور کردار پرکچھ لکھا ہے اس نے جنگ احد میں مشرکین پر تیر انداز ی کرنے والے ایک ماہر اور معروف تیر انداز کے عنوان سے خالد کانام لیا ہے اور اسے اس جنگ میں فوج کے ایک دستہ کے کمانڈر کی حیثیت سے یاد کیا ہے ۔
جس نے بھی صلح حدیبیہ کے بعد قریش کے بعض افراد کے اسلام قبو ل کرنے کے بارے میں کوئی مطلب بیان کیا ہے ،بیشک اس نے خالد کے اسلام قبول کرنے کا بھی ذکر کیاہے اور اس کانام لیاہے ۔
اور جس نے بنی خدیمہ کے واقعہ اور اس قبیلہ کی جنگ کے بارے میں کوئی بات کہی ہے ،اس نے ناگزیر اس جنگ کے سپہ سالار اور اس قبیلہ کے افراد کو قتل کرنے والے کی حیثیت سے خالد بن ولید کانام لیاہے۔
جس نے مالک نویرہ کے قتل کے درد ناک واقعہ کی روایت کی ہے، بے شک اس نے خالد بن ولید کا نام لیا ہے کہ کس طرح اس نے مالک کے قتل کا حکم صادر کیا اور اسی شب اس کی بیوی کے ساتھ ہمبستری کی!!
اور جس نے مسیلمۂ کذاب کے ساتھ مسلمانوں کی جنگ کے حالات لکھے ہیں، بے شک اس نے اس جنگ کے سپہ سالار کی حیثیت سے خالد بن ولید کا نام لیا ہے۔
جس نے بھی عراق و شام میں اسلامی فوج کی فتوحات کی تاریخ لکھی ہے، لازمی طور پر اس نے ان جنگوں کے سپہ سالار کی حیثیت سے خالد بن ولید کا نام لیا ہے .اور ان جنگوں میں اس کی مہارتوں کا ذکر کیا ہے
ان تمام اخبار کے علاوہ دیگر واقعات جو بہر صورت خالد بن ولید سے مربوط ہیں میں خالد بن ولید کا نام سیکڑوں روایات میں مختلف طریق و متعدد راویوں سے نقل ہوا ہے۔
خالد کا ذکر سیرت، حدیث اور طبقات کی ان تمام کتابوں میں آیا ہے جو سیف کے جھوٹ اور افسانوی باتوں سے کسی صورت میں آلودہ نہیں ہوئی ہیں۔
اس طرح ہم اس صحابی کے بارے میں بحث و تحقیق شروع کرتے ہیں جس کا وجود مشکوک ہوتا ہے اور مذکورہ تمام مراحل کا جائزہ لینے کے بعد اپنی بحث کے آخر میں روایت کے اسناد اور سیف کے متن کو مد نظر رکھتے ہوئے نتیجہ کا اعلان کرتے ہیں.
گزشتہ بحث کے پیش نظر اور اس کتاب کے مباحث کی طرف رجوع کرنے کے بعد اس میں کسی قسم کا شک و شبہہ باقی نہیں رہتا ہے کہ جن بعض اصحاب اور بہادروں کی طرف ہم نے اشارہ کیا وہ سب کے سب سیف بن عمر تمیمی کے خیالات کی تخلیق، جعلی اور افسانوی ہیں اور ان کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں ہے۔
لیکن یہی قطعی نتیجہ علمی بحث و تحقیق سے سرو کار نہ رکھنے والے لوگوں کے لئے تعجب اور ناقابل یقین بن گیا ہے۔
اور وہ مثال کے طور پر کہتے ہیں:
''کیا یہ ممکن ہے کہ سیف نے اتنے لوگوں کو جعل کیا ہوگا؟! اور اپنے تخیلات پر مبنی پوری ایک تاریخ لکھ ڈالے؟! انسان اتنے تخیلی افراد اور سور ماؤں کی تخلیق پر حیرت اور تعجب میں پڑجاتا ہے!!''
ہم جواب میں کہتے ہیں:
اس میں کیا مشکل ہے ؟جبکہ آپ اس سے ملتی جلتی باتیں''جرجی زیدان کی داستانوں'' ، ''مقامات حریری ''، ''عنترہ کی داستانوں'' ، ''ایک ہزار اور ایک شب'' اور '' کلیلہ و دمنہ'' جیسی ہزاروں ادبی اور حکمت کی داستانوں میں ہر زبان کے قصہ اور افسانے لکھنے والوں کے ہاں مشاہدہ کرتے ہیں کہ ان جادوئی قلم کے مالک مؤلفوں اور افسانہ نویسوں نے اپنے فکر و نظر کی بناء پر ایسے پر کشش اور دلچسپ افسانوں کے ہیرو اور شاہکار خلق کئے ہیں جو ہرگز وجود نہیں رکھتے تھے؟ کیا مشکل ہے اگر سیف بھی انہی افسانہ نویسوں جیسا ہو؟ اس میں کوئی حیرت اور تعجب نہیں ہے ، بلکہ تعجب اور حیرت کی بات یہ ہے کہ بعض مورخین نے سیف کے افسانوںپر اعتماد ، اور یقین کرکے ان کے مقابلے میں مسلّم حقائق بیہودہ جان کر انھیں ترک کیا ہے اور انہی افسانوں کو اپنی کتابوں میں درج کیا ہے!
وہ یہ کہتے ہیں:
یہ کیسے ممکن ہوسکا ہے کہ سیف کے یہ سب افسانے اور خیالی ہیرو بارہ صدیوں سے آج تک علماء اور دانشمندوں کی نظروں سے مخفی اور پوشید ہ رہے ہیں؟
تو ہم جواب میں کہتے ہیں کہ:
ممکن ہے گزشتہ زمانے میں سیف کے افسانوں پر بحث و تحقیق کرنے کے وسائل موجود نہ ہوں۔
اور خدائے تعالےٰ نے اس مشکل کو ہمارے ہاتھوں حل کرکے ہمیں یہ توفیق بخشی ہے کہ سیف کے جرائم پر سے پردے اٹھاکر علماء کیلئے راہ ہموار کریں۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ:
یہ انتہائی بے ادبی اور بے انصافی ہے کہ شیخ طوسی جیسے دانشمند کی اس بناء پر عیب جوئی کی جائے کہ اس نے قعقاع جیسے صحابی کانام اپنی کتاب میں درج کیا ہے!
اس کے جواب میں کہتے ہیں کہ:
علماء اور دانشوروں کا احترام کرنا ہرگز ان کے نظریات سے اتفاق کرنے پر منحصر نہیں ہے ۔
دھمکی اور دباؤ
ہمارے ان مباحث کے شائع ہونے کے بعد جو مؤلفین کی حیرت اور بے یقینی کا باعث ہوئے ان کے علاوہ ہم یونیورسٹیوں ،اداروں ،دینی مدرسوں اور بعض اشخاص کی طرف سے علمی ظلم وستم یا دھمکی اور دباؤ کے شکار ہوئے ،اور بعض فرقوں نے ہماری کتاب کا پڑھنا حرام قرار دے دیا!اور بعض حکومتوں نے اپنے ملک میں اس کتاب کے داخلہ پر پابندی لگادی۔
ہم سمجھتے ہیں کہ اس قسم کے مباحث کے شائع ہونے کے سبب ان تمام سختیوں اور دھمکیوں کا سرچشمہ ان کے بیہودہ اور بے بنیاد فخرو مباہات کادرہم برہم ہوناہے ۔کیونکہ جو لوگ ایک ہزار سال سے آج تک تاریخ وسیرت وغیرہ کی اپنی مورد اعتماد اور قابل اطمینان کتابوں سے اپنے اسلاف کی کرامتوں اور مناقب کے قابل افتخار معلومات وراثت میں حاصل کرچکے ہیں ،اس پر ہرگز آمادہ نہیں ہوسکتے کہ اپنے ان اعتقادات کو آسانی کے ساتھ تعجب خیز اور حیرت انگیز صورت میں سر نگوں ہوتے دیکھیں اور کسی قسم کا رد عمل ظاہر نہ کریں !
اس قسم کی علمی اور کاری ضرب کے مقابلے میں تہمت وافتراء ایک قدرتی امر ہے اور خلاف توقع نہیں ہے ۔کیونکہ اگر کسی نے اپنے اعتقادات کی بنیاد پر عمدہ ،گراں قیمت اور قدیم اشیاء کاایک مجموعہ جمع کیاہو اور ان جمع کردہ تمام اشیاء کے اصلی ہونے کا ایمان رکھتاہو اور اچانک ایک تجربہ کار اور آثار قدیمہ کا ماہر آکر یہ کہے کہ یہ سب چیزیں نقلی اور مصنوعی ہیں،تو قدرتی طور پر اس کا مالک ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گا بلکہ اس ماہر کے نظریہ کے مقابلے میں ضرور رد عمل دکھائے گا۔
گزشتہ کاخلاصہ
ہم نے بیان کیاکہ علم تاریخ اور دیگر اسلامی مصادر ومآخذ کی بنیاد روایت پر ہے۔اس صورت میں کہ کسی مطلب کے اظہار کے لئے ہر نسل اپنی پیشرونسل اور ہر راوی اپنے گزشتہ زمانے کے راوی سے استناد کرتاہے تا کہ خبر کے زمانے اور اس کے سرچشمہ تک پہنچ جائے۔
اس راہ میں '' طبری'' جیسے لوگ بھی پائے جاتے ہیں جو اپنی روایت کے منبع یامنابع کا نام لے لیتے ہیں۔اور ''مسعودی''جیسے بھی ہیں جو روایت کے اسناد ومنابع کانام نہیں لیتے۔
جیسا کہ بیان ہوا روایت کو متأخر اپنے متقدم سے حاصل کرتاہے ۔اگر ہم متقدم اور متاخر کے ہاں ایک روایت یا خبر کو ایک دوسرے سے مشابہ پائیں تو اگر چہ اس متاخر نے اپنی روایت کی سند کو مشخص نہ کیا ہو پھر بھی ہم کہتے ہیں کہ:اس خبر کو متاخر شخص نے اپنے متقدم سے لیاہے۔اس طرح ہم دیکھتے ہیں کہ تقریباً دس صدیوں سے دانشوروں نے سبائیوں کے افسانہ کو ہمارے زمانے تک دست بدست منتقل کیاہے،حالانکہ ان سب کی سند صرف سیف پر منتہی ہوتی ہے جو زمانے کے لحاظ سے ان سب کا متقدم تھا۔چونکہ ہمیں معلوم ہواہے کہ سیف کی سرگرمیوں کے آغاز کازمانہ دوسری صدی ہجری کا ابتدائی چوتھائی دور تھا اس لئے اس کے بعد آنے والے تمام اسلامی مولفین نے ان افسانوں کو اپنی کتابوں میں درج کیاہے اور اپنی بات کو سیف سے نقل کیاہے۔
اسی طرح ہم نے دیکھا کہ اس قابل مذمت خاندانی تعصب نے سیف کے زمانے میں ہنگامہ برپاکررکھا تھا،حتیٰ قبائل ''عدنان ومضر'' کے متعصب لوگوں کو اس تعصب نے قبائل''قحطان ویمانی'' کو بدنام کرنے کے لئے اشعار کہنے پر آمادہ کیا اور وہ اپنی تعریف وتجلیل کرکے اپنے فخرو مباہات بیان کرتے تھے۔''قحطانی'' بھی اسی رویہ پر چل کر مضریوں اور نزاریوں کی مذمت میں کسی قسم کی کسر باقی نہیں رکھتے تھے۔
تعصب کی اس نبرد آزمائی میں سیف نے عدنانیوں کی مدح وستائش اور یمانی قحطانیوںکی مذمت وناسزا گوئی میں افسانے گڑھ کر دونوں قبیلوں کے درمیان اس تعصب کی جنگ میں سبقت حاصل کی ہے۔
سیف کا پیدائشی وطن عراق زندیقیوں کی سرگرمیوں کا مرکز تھا۔وہ سر توڑ کوشش کررہے تھے کہ حدیث وخبر جعل کرکے مسلم تاریخی ودینی حقائق کو مسلمانوں سے مخفی رکھیں اور انھیں گمراہ ومنحرف کریں ۔یہاںپر سیف نے افسانے گڑھ کے اس فریضہ کو انجام دیا اور حقیقت میں اس نے اس مشن کو کامیابی کے ساتھ انجام دے کر سب پر سبقت حاصل کی ہے۔
کتاب ''عبدا للہ بن سبا'' کی پہلی جلد میں جہاں ہم نے سیف کی باتوں کی وقعت کے بارے میں چھان بین کی ہے،وہاں ہم نے دیکھا کہ مخلص اور غیر جانبدار علماء اور دانشوروں نے سیف کو جھوٹا ،حدیث گڑھنے والا اور ناقابل اعتبار شخص بتایا ہے۔ہم نے مزید تحقیقات کے نتیجہ میںپایا کہ سیف نے اپنی حدیثوں میں تاریخی حقائق اور واقعی حوادث میں تحریف کی ہے اور بہت سے افسانے جعل کئے ہیں اور ان سب افسانوں کو ،روایت کی بنیاد پر لکھاہے اور اپنی ہر روایت کے لئے خیالی شخصیتوں پر مشتمل اسناد ،جو خود ان افسانوں کے تخلیق کار ہیں اور جنھیں اس کے علاوہ کوئی نہیں جانتا۔
اس نے افسانوں میں پہلوان اور سورماخلق کئے ہیں اور ان سے حیرت انگیز کارنامے اور غیر معمولی کرامتیں منسوب کی ہیں۔بعض علماء نے سیف اور اس کی باتوں پر اعتماد کرکے اس کی خیالی اور افسانوی شخصیتوں کو سیف کے ذریعہ مشخص کی گئی حیثیت ،منصب اور عہدہ کے مطابق اپنی کتابوں میں ،''اصحاب ر سول ۖ،احادیث کے راوی ،سپہ سالار ،گورنر،ڈپٹی کمشنر،شعرااور رجز خوانوں '' کی حیثیت سے تشریح کرکے سیف کے افسانوں کے پھیلاؤ میں مدد کی ہے ۔ہم نے ان مطالب کی ، اپنی کتاب ''عبد اللہ ابن سبا'' اور اس کتاب (١٥٠ جعلی اصحاب )کی بحثوں کے ضمن میں تحقیق کی ہے
ہم نے سیف کے چند جعلی اصحاب کاذکر اس کتاب کی پہلی جلد میں اور بعض دیگر کاذکر اس کی (دوسری)جلد میں کیاہے ۔گزشتہ بیان اور طریقہ کارکے مطابق ہم مشکوک وجود والے صحابی کی تمام روایتیں ایک جگہ پرجمع کرتے ہیں تاکہ متقدمین کے ہاں اس کی سند پاسکیں۔اگر اس تحقیق کے دوران اس صحابی کانام یا اس کی کوئی روایت سیف کے علاوہ کہیں اور پائی جاتی ،توہم شک وشبہہ سے نکل کراسے سیف کی تخلیق محسوب نہیں کرتے اور اس کے سلسلے میں تحقیق وجستجو سے ہاتھ کھینچ لیتے ہیں۔
لیکن اگر اس قسم کے صحابی کی روایت سیف ہی کے یہاں منحصر ہوتو اس صورت میں سیف کی اس روایت کو کسی دوسرے راوی کی اس سے مشابہ روایت کے ساتھ مقابلہ و موازنہ کرتے ہیں اور تحقیق کے خاتمہ پر نتیجہ کا اعلان کرتے ہوئے زیر بحث صحابی کو سیف کے جملہ افسانوی اور جعلی صحابیوں میں شمار کرتے ہیں۔
اس سلسلے میں ہم نے خاندان مالک تمیمی کے ''قعقاع'' اس کے بھائی ''عاصم '' اور ا''اسود بن نافع'' کو مثال کے طور پر ذکر کیا ہے ،جنھیں سیف نے رسول اللہ ۖ کے صحابی کے طور پر پیش کیاہے۔ا ن کے بارے میں باسند یا بدون سندروایتوں کو مختلف منابع سے جمع کرنے کے بعد ہم متوجہ ہوئے کہ ان سے متعلق تمام ایک سو تیس روایات سیف بن عمر تمیمی پر منتہی ہوتی ہیں۔اس طرح ان روایتوں کے اسناد اور دسیوں دیگر مذکورہ راویوں سے نقل کی گئی تمام کی تمام روایات سیف کے خیالات کی تخلیق ہیں!
ان کے بارے میں سیف نے جو روایات نقل کی ہیںوہ پیغمبر اسلام ۖ کے زمانے سے معاویہ کی حکومت کے زمانے تک پھیلی ہوئی ہیں۔یہ اخبار وروایات جنگوں میں ان کی شجاعتوں ،ان کی کرامتوں اور معجزوںاور ان کی رجز خوانیوں اور پیغمبر خدا ۖسے حدیث نقل کرنے سے متعلق ہیں اور سب کی سب سیف کی نقل کردہ ہیں!
ان کی تحقیق کے لئے ہم نے رسول خدا ۖ کی تاریخ اور آپۖ کے زمانے کے بارے میں لکھی گئی سیرت کی کتابوں ،رسول خدا ۖ کے اصحاب کی زبانی ثبت کی گئی آپ ۖکی احادیث کی کتابوں اور اصحاب وتابعین کے گروہوں ان کی جائے پیدائش کے مطابق ترتیب دی گئی طبقات کی کتابوں کی طرف رجوع کیا۔لیکن ان میں سے ایک میں بھی سیف کی روایتوں کا نام ونشان نہیں پایا۔
ہم نے ،اخبار کے راویوں کا ذکر کرنے والی کتابوں ،انساب کی کتابوں،اصحاب کی سوانح حیات کی کتابوں اور تاریخ وادبیات کی کتابوں کی طرف رجوع کیا اور مشاہدہ کیا کہ وہ تمام روایتیں یا اخبار جن میں اس خاندان (مالک تمیمی)کا کوئی نام ذکر ہواہے ،ان کی تمام سندیں سیف بن عمر تمیمی پر منتہی ہوتی ہیں۔سیف کی ان روایتوں اور احادیث کے اسناد کی تحقیق کے علاوہ ہم نے سیف کی ان سے منسوب کی گئی ہر خبر وروایت کا دوسرے راویوں کی نقل کردہ اس سے مشابہ خبر اور حدیث کے ساتھ موازنہ ومقابلہ کیا اور نتیجہ کے طور پر ہمیں درج ذیل دو صورتوں میں سے کسی ایک کا سامنا ہوا:
١۔ خبر یاحدیث سرتاپا،سند ومتن سے لے کر اشخاص اور مقامات تک،افسانہ اور جھوٹ ہے۔
٢۔ صحیح خبر وحدیث مین تحریف کی گئی ہے ،خبرکے مرکزی کردار کے طور پر کسی جعلی سور ماکوقرار دیا گیا ہے !
اس طرح ہمیں معلوم ہوا کہ سیف کے جعلی صحابی اور حقیقی صحابی میںیہ فرق ہے کہ حقیقی صحا بی کی خبر کی سند ،خالد بن ولید اور اس جیسے دیگر اصحاب کے مانند ہوتی ہے ،جب کہ جعلی صحابی کی روایت کی سند صرف ایک مصدر (سیف ) سے مخصوص ہے ۔
حقیقی اصحاب کے نام اور ان کی زندگی کے حالات سیکڑوں احادیث میں دسیوں راویوں سے نقل ہوئے ہیں ۔ان کے نام سیرت ،حدیث اور طبقات کی ان کتابوں میں آئے ہیں جن میں سیف کے جھوٹ پر مبنی روایات کو درج کرنے سے اجتناب کیاگیاہے ۔جب کہ سیف کے جھوٹ اور اس کے افسانے ''جیسے اصحاب کے حالات ،جنگوں کے سپہ سالار ۔شعراء ،شجرۂ نسب ،جغرافیہ ،تاریخ ، ادب اور حدیث وغیرہ ''اس کی اپنی کتابوں کے علاوہ ان کتابوں میں درج ہوئے ہیں،جنھوں نے سیف کی باتوں پر اعتماد کرکے ان پر یقین کیاہے اور اس سلسلے میں سیف کے افسانوں سے فائدہ اٹھایا ہے اور ہم نے گزشتہ بحثوں میں ان کا ذکر کیاہے۔
سیف کے جعل کردہ چند اصحاب کے نام
ہم نے اس کتاب کی پہلی جلد میں سیف کے جعلی اصحاب میں سے دویعنی :
١۔ قعقاع بن عمرو تمیمی اور
٢۔عاصم بن عمرو تمیمی
کی زندگی کے حالات ،ان کی شجاعتوں ،کرامتوں اور ان کے غیر معمولی کارناموں کی تفصیل بیان کی ہے۔سیف نے ان کو تخلیق کرکے اپنے خاندان (بنی تمیم) کے لئے فخرومباہات جعل کئے ہیں اور ان کے وجود پر ناز کیاہے۔یہاں پر ہم اس کتاب میں ذکر ہوئے سیف کے چند دیگر جعلی اصحاب کا نام لیتے ہیں:
٣۔ اسودبن قطبہ ،مالک تمیمی کا پوتا
٤۔ ابو مفزر تمیمی
٥۔نافع بن اسود ،قطبۂ تمیمی کا پوتا ۔اسے اس نے شیعہ ٔامیرالمؤمنین علی ـکے عنوان سے ذکر کیاہے۔
٦۔ عفیف بن منذر تمیمی
٧۔ زیاد بن حنظلہ تمیمی۔اسے بھی اس نے شیعہ امیرالمومنین ـکے طور پر پیش کیاہے۔
٨۔ حرملہ بن مریطہ تمیمی
٩۔حرملة بن سلمی تمیمی
١٠۔ربیع بن مطر بن ثلج تمیمی
١١۔ربعی بن افکل تمیمی
١٢۔اطّ بن ابی اطّ تمیمی
١٣۔سعیر بن خفاف تمیمی
١٤۔عوف بن علاء جشمی تمیمی
١٥۔اوس بن جذیمہ تمیمی
١٦۔سہل بن منجاب تمیمی
١٧۔وکیع بن مالک تمیمی
١٨۔حصین بن نیار حنظلی تمیمی
١٩۔زر بن ابن عبد اللہ فقیمی تمیمی
٢٠۔اسود بن ربیعہ تمیمی
٢١۔حارث بن ابی ہالہ تمیمی ۔جسے ا س نے حضرت خدیجہ کا بیٹا اور حضرت رسول خدا ۖکے ہاتھوں تربیت یافتہ بتایاہے۔
٢٢۔زبیر بن ابی ہالہ تمیمی ۔اسے بھی ام المومنین حضرت خدیجہ کا بیٹا اور رسول خدا ۖ کا تربیت یافتہ بتایاہے۔
٢٣۔طاہر بن ابی ہالہ تمیمی کہ اسے اس نے خدیجہ کا بیٹا اور رسول خدا ۖکے ہاتھوں تربیت یافتہ شمار کیا ہے ۔
|