احکام کی تعلیم
 

سبق نمبر١٨

واجبات نماز

رکوع
١۔ نماز گزار کو ہر رکعت میں قرأت کے بعد اس قدر خم ہونا چاہئے کہ اس کے ہاتھ زانو تک پہنچ جائیں اور اس عمل کو '' رکوع'' کہتے ہیں ۔(١)

واجبات رکوع

١۔ بیان شدہ حدتک خم ہونا۔
٢۔ ذکر ( کم ازکم تین مرتبہ سبحان اللہ کہنا)
٣۔ ذکر پڑھتے وقت بدن کا قرار میں ہونا ۔
٤۔ رکوع کے بعد اٹھنا۔
٥۔ رکوع کے بعد بدن کا قرار۔(٢)
..............
(١)توضیح المسائل،م ١٠٢٢.
(٢)العروة الوثقی، ج ١ ص ٦٦٤

ذکر رکوع:
رکوع میں، جو بھی ذکرپڑھاجائے کافی ہے، لیکن احتیاط واجب زہے کہ تین مرتبہ '' سبحان اللہ'' یا ایک مرتبہ '' سبحان ربیّ العظیم وبحمدہ'' سے کم تر نہ ہو۔(١)

رکوع میں بدن کا سکون میں ہونا۔
١۔ رکوع میں واجب ذکر پڑھنے کی مقدار میں بدن سکون میں ہونا چاہئے۔(٢)
٢۔ اگر رکوع کی مقدار میں خم ہوکر بدن کے سکون پانے سے پہلے عمداً ذکر رکوع پڑھا جائے*تونماز باطل ہے۔(٣)
٣۔ اگر واجب ذکر تمام ہونے سے پہلے، رکوع سے عمداً سر اٹھایا جائے تو نماز باطل ہے۔(٤)

رکوع کے بعد بلند ہونا او رآرام پانا
ذکر رکوع ختم ہونے کے بعد بلند ہونا چاہئے اور اس کے بعد بدن آرام پائے اور پھر سجدہ میں جانا چاہئے اور اگر بلند ہونے سے پہلے یا بلند ہوکر آرام پانے سے پہلے عمدا سجدہ میںجائے تو نماز باطل ہے(٥)
..............
(١)توضیح المسائل، م١٠٢٨
(٢) توضیح المسائل م ١٠٣٠.
(٣) توضیح المسائل م ١٠٣٢.
(٤) توضیح المسائل م١٠٣٣.
(٥) توضیح المسائل م ١٠٤٠.
* (اراکی) شرط ہے کہ اسی قدر ہو (مسئلہ ١٢٠)( گلپائیگانی): تین بار سبحان اللہ کے برابر ہونا چاہئے۔(مسئلہ ١٠٣٧)
*(گلپائیگانی) بدن آرام پانے کے بعد دوبارہ ذکر رکوع پڑھاجائے، اور احتیاط لازم کے طور پر نماز کو تمام کرے دوبارہ پڑھے، اگر پہلے ذکر پر اکتفاء کرے تو نماز باطل ہے ۔(م ١٠٤١)

معمول کے مطابق رکوع انجام دینے میں معذور شخص کا فریضہ:
١۔جو شخص رکوع میںخم نہیں ہوسکتا ،اسے اسی قدر خم ہونا چاہئے جتنا ممکن ہو۔*
٢۔جو بالکل خم نہیں ہوسکتا ٭٭اسے بیٹھ کر رکوع کرنا چاہئے ۔
٣۔ جو بیٹھ کر بھی رکوع نہ بجا لاسکتا ہو اسے نماز کھڑے ہو کر پڑھنا چاہئے اور رکوع کے لئے سر سے اشارہ کرے۔(١)

رکوع کے بعض مستحبات:
١۔ مستحب ہے ذکر رکوع کو تین یا پانچ یا سات مرتبہ یا اس سے زیادہ پڑھے۔
٢۔مستحب ہے رکوع میں جانے سے پہلے سیدھا کھڑے ہوکر تکبیر کہے۔
٣۔مستحب ہے رکوع کی حالت میں اپنے دوپائوں کے درمیان زمین پر نگاہ کرے۔
٤۔مستحب ہے ذکر رکوع سے پہلے اور اس کے بعد درود بھیجے۔
٥۔ مستحب ہے رکوع کے بعد جب کھڑا ہو اور بدن سکون میں آجائے تو ''سمع اللہ لمن حمدہ'' کہے۔(٢)

سجود:
١۔ نماز گزار کو واجب اور مستحب نمازوں کی ہر رکعت میں، رکوع کے بعد دوسجدے بجالانے چاہئیں۔(٣)
..............
(١) توضیح المسائل م ١٠٣٧.
(٢) توضیح المسائل م ١٠٤٣.
(٣) توضیح المسائل م ١٠٤٥.
* (گلپائیگانی) اس صورت میںاحتیاط لازم ہے کہ نماز کو دوبارہ پڑھے اور رکوع بیٹھے ہوئے انجام دے، اگر بالکل خم نہ ہوسکے تو بیٹھ جائے اور رکوع بجالائے احتیاط لازم یہ ہے کہ ایک اور نماز پڑھے اور رکوع کو اشارہ سے بجالائے۔(م ١٠٤٥)
٭٭(خوئی)رکوع کے لئے سر سے اشارہ کرے.(م ١٠٤٥)
٢۔پیشانی، دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیاں، دونوں گھٹنے اور پائوں کے دونوں انگوٹھوں کے سرے زمین پر رکھنے کو سجدہ کہتے ہیں۔

واجبات سجدہ:
١۔بدن کے سات عضو زمین پر رکھنا۔
٢۔ ذکر۔
٣۔ذکر سجدہ کے دوران بدن کا سکون کی حالت میں ہونا۔
٤۔دوسجدوں کے درمیان سربلند کرکے آرام سے بیٹھنا۔
٥۔ذکر کے دوران سات عضو کا زمین پر ہونا۔
٦۔سجدہ کی جگہوں کا مسطح اور برابر ہونا۔
٧۔ایسی چیز پر پیشانی کو رکھنا کہ سجدہ اس پر جائز ہو۔
٨۔پیشانی رکھنے کی جگہ کا پاک ہونا۔
٩۔دونوں سجدوں کے درمیان موالات کی رعایت کرنا۔(١)
واجبات سجدہ کی تفصیلات آئندہ سبق میں بیان ہوں گی۔
..............
(١)العروةالوثقی، ج١،ص ٦٧٣

سبق: ١٨ کا خلاصہ
١۔ نماز کی ہر رکعت میں،قرأت کے بعد لازم ہے کہ ایک رکوع بجالایا جائے۔
٢۔رکوع کا مطلب یہ ہے کہ اس قدر خم ہونا کہ اس کے دونوں ہاتھ گھٹنوںتک پہنچ جائیں۔
٣۔واجبات رکوع مندرجہ ذیل ہیں:
*۔مذکورہ بالاحد تک خم ہونا۔
*۔ذکر پڑھتے وقت بدن کا سکون کی حالت میں ہونا۔
*رکوع کے بعد سیدھا کھڑا ہونا۔
٤۔احتیاط مستحب ہے کہ ذکر رکوع تین مرتبہ ''سبحان اﷲ'' یا ایک مرتبہ ''سبحان ربی العظیم وبحمدہ'' سے کم نہ ہو۔
٥۔ ذکر رکوع کو بدن کے سکون کی حالت میں پڑھنا چاہئے، رکوع میں جاتے یا رکوع سے بلند ہوتے ہوئے نہیں پڑھنا چاہئے۔
٦۔جوشخص کھڑے ہو کر رکوع بجالانے سے معذورہو، اسے بیٹھ کر رکوع کرنا چاہئے اور اگر بیٹھ کر بھی رکوع نہ کرسکے تو، سرکے اشارہ سے رکوع بجالائے۔
٧۔نماز گزار کو رکوع کے بعد دوسجدے بجالانے چائیں۔
٨۔سجدہ میں پیشانی، ہاتھوں کی ہتھیلیاں، گٹھنے اور پائوں کے انگو ٹھوںکے سرے زمین پر ہونے چاہئیں۔

(؟) سوالات :
١۔ رکوع اور ذکر رکوع میں کیا فرق ہے؟
٢۔حالت رکوع میں ٹھہرنے کی مقدار کتنی ہے؟
٣۔کیا رکوع کے بعد کھڑاہونا واجب ہے؟
٤۔سجدہ کی تعریف کیجئے، سجدہ واجبات نماز کا کونسا حصہ ہے؟
٥۔واجبات سجدہ کے چار مواقع بیان کیجئے۔؟