احکام کی تعلیم
 

سبق نمبر ١٣

نماز کا وقت
طہارت کے مسائل سے آشنائی پیدا کرنے کے بعد رفتہ رفتہ نماز بجالانے کے لئے آمادہ ہوجاتے ہیں، نماز کے مسائل و احکام سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے سب سے پہلے یاددہانی کرنا ضروری ہے کہ نماز یا واجب ہے یا مستحب ،واجب نمازیں بھی دوقسم کی ہیں:ان میں سے بعض،روزانہ،ہرشب وروز،یا خاص اوقات میں بجالائی جانی چاہئے،اور بعض دیگر ایسی نمازیں ہیں کہ خاص وجوہات کی بناء پر واجب ہوجاتی ہیں اور ہمیشہ روزانہ نہیں ہیں،واجب نمازوں کے بارے میں آشنائی اور آگاہی حاصل کرنے کے لئے،درج ذیل خاکہ ملاحظہ ہو:


اقسام نماز

١۔واجب:
الف۔ہر روز پڑھی جانی والی (یومیہ):
١۔صبح
٢۔ظہر
٣۔عصر
٤۔مغرب
٥۔عشاء


ب۔وقتی
١۔آیات
٢۔واجب طواف
٣۔میت
٤۔باپ کی قضاء نمازیں،بڑے بیٹے پر۔
٥۔وہ نماز جو نذر کرنے سے واجب ہوتی ہے۔


٢۔:مستحب نمازیں بہت زیادہ ہیں۔(١)
..............
(١)توضیح المسائل،واجب نمازیں.

وضاحت:
یومیہ نمازوں کا وقت
فجر کی اذان کا وقت:
اذان صبح کے نزدیک،مشرق کی طرف سے ایک سفیدی بلند ہوتی ہے،اسے ''فجر اول ''کہتے ہیں۔جب یہ سفیدی پھیلتی ہے تو اسے ''فجر ثانی''کہتے ہیں اور یہی صبح کی نماز کا وقت ہے۔(١)

ظہر:
اگر ایک لکڑی یا اس کے مانند کسی چیز کو زمین پر سیدھا گاڑ دیا جائے تو جب اس کا سایہ گھٹنے کے بعد پھر سے بڑھنا شروع ہوجائے تویہ ''ظہر شرعی''یعنی نماز ظہر کا اول وقت ہے۔(٢)

مغرب:
''مغرب''اس وقت کو کہتے ہیں جب سورج کے ڈوبنے کے بعد مشرق کی طرف پیدا ہونے والی سرخی زائل ہوجائے ۔(٣)٭

نصف شب:
اگر غروب آفتاب سے اذان صبح ٭٭تک کے فاصلے کو دوحصوں میں تقسم کریں تو اس کا درمیانی وقت ''نصف شب''اور نماز عشاکا آخری وقت ہے۔ (٤) ٭٭٭
..............
(١)توضیح المسائلم٧٤٤.
(٢)توضیح المسائلم٧٢٩.
(٣)توضیح المسائلم٧٣٥.
(٤)احتیاط واجب یہ ہے کہ نماز عشاکے لئے جس طرح متن میں ذکر ہوا ہے حساب کیا جائے او رنماز شب کے لئے سورج چڑھنے تک حساب کیا جائے۔(توضیح لمسائلم٧٣٩)
٭ (تمام مراجع) سر کے اوپر سے گزر جائے۔(مسئلہ ٧٤٣)
٭٭ (خوئی)اول غروب سے سورج چڑھنے تک حساب کیا جائے(مسئلہ ٧٤٧)
٭٭٭ ظہر شرعی کے بعد تقریباً سوا گیارہ گھنٹے آخر وقت نماز مغرب و عشا ہے۔

وقت نماز کے احکام:
١۔یومیہ نمازوں کے علاوہ نمازوںکا وقت معین نہیں ہوتا بلکہ ان کے انجام کا وقت اس زمانے سے مربوط ہوتا ہے جس کے سبب و ہ نماز واجب ہوجاتی ہے۔
مثلاً:نماز آیات کا تعلق زلزلہ،سورج گرہن،چاند گرہن یا حادثہ کے وجود میں آنے سے ہوتا ہے،او رنماز میت،اس وقت واجب ہوتی ہے جب کوئی مسلمان اس دنیا سے چلا جائے ان میں سے ہر نماز کی تفصیل اپنی جگہ پر بیان ہوگی۔
٢۔ا گر پوری نماز کو وقت سے پہلے پڑھا جائے یا نماز کو عمداً وقت سے پہلے شروع کیا جائے تو نماز باطل ہے۔(١)
اگر نماز کو اپنے وقت کے اندر پڑھا جائے تو اسے احکام کی اصطلاح میں ''ادا'' کہتے ہیں۔
اگر نماز کو وقت کے بعد پڑھا جاے تو اسے احکام کی اصطلاح میں ''قضا'' کہتے ہیں۔
٣۔مستحب ہے کہ انسان نماز کو اول وقت میں پڑھے،اور جتنا اول وقت کے نزدیک تر ہو بہتر ہے،مگر یہ کہ نماز میں تاخیر کرنا کسی وجہ سے بہتر ہو،مثلاً انتظار کرے تا کہ نماز کو با جماعت پڑھے۔(٢)
٤۔اگر نماز کا وقت اتنا تنگ ہو کہ نماز گزار اگر مستحبات کو بجالائے تو نماز کا کچھ حصہ بعد از وقت پڑھا جائے گا،تو مستحبات کو نہ بجا لایا جائے،مثلاً اگر قنوت پڑھنا چاہے تو نماز کا وقت گزر جائے گا، تو اس صورت میں قنوت کو نہ پڑھے۔(٣)
..............
(١)توضیح المسائلم٧٤٤.
(٢)توضیح المسائلم٧٥١.
(٣)توضیح المسائلم٧٤٧.

سبق:١٣ کا خلاصہ
١۔واجب نمازیں دوقسم کی ہیں:
الف:دائمی نمازیں ۔
ب:وہ نمازیں جو بعض اوقات واجب ہوتی ہیں۔
٢۔ یومیہ نمازیں یہ ہیں:
نماز صبح،نماز ظہر،نماز عصر،نماز مغرب و عشائ۔
٣۔جو نمازیں بعض اوقات واجب ہوتی ہیں وہ یہ ہیں:
نماز آیات،نماز طواف، نماز میت، بڑے بیٹے پر باپ کی قضا نمازیں اور نذر کی گئی نمازیں۔
٤۔یومیہ نمازوں کے اوقات حسب ذیل ہیں:
صبح کی نماز کا وقت: اذان صبح سے سورج نکلنے تک
ظہر و عصر کی نماز کا وقت: ظہر شرعی سے مغرب تک
نماز مغرب و عشاء کا وقت: مغرب سے نصف شب تک
٥۔فجر دوم کے شروع ہونے کا وقت صبح کی اذان اور نماز کا وقت ہے۔
٦۔جب زمین پر سیدھی گاڑی ہوئی چیزوں کا سایہ کمترین حد تک پہنچ جائے او رپھر بڑھنا شروع ہوجائے تو وہ ظہر شرعی کا وقت ہے۔
٧۔سورج کے ڈوبنے کے بعد جب مشرق کی سرخی زائل ہوجاتی ہے تو مغرب کا وقت ہے۔
٨۔اگر سورج کے ڈوبنے سے صبح کی اذان تک کے زمانی فاصلہ کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے تو اس کا درمیانی وقت نصف شب اور نماز عشا کا آخر ی وقت ہے۔
٩۔اگر پوری نماز،وقت سے پہلے پڑھی جائے تو باطل ہے۔
١٠۔اپنے وقت کے اندر پڑھی جانے والی نماز کو ''ادا'' اور وقت کے بعد پڑھی جانے والی نماز کو ''قضا'' کہتے ہیں۔

(؟) سوالات:
١۔ واجب اور مستحب نماز کے درمیان فرق کو بیان کیجئے؟
٢۔ان نمازوں کا نام لیجئے جو ہمیشہ شب میں پڑھی جاتی ہیں؟
٣۔نماز آیات کے واجب ہونے کے دو سبب بیان کیجئے؟
٤۔آج ہی ایک لکڑی کو زمین پر سیدھا نصب کرکے ظہر کو معین کیجئے؟
٥۔اگر سورج ڈوبنے کا وقت ٦١٥: بجے بعد از ظہر ہو اور اذان صبح٤٥١: بجے ہو تو حساب کر کے بتائیے کہ ایسی شب میں ،نصف شب کتنے بجے ہوگی؟
٦۔مغرب(نماز مغرب کا ابتدائی وقت )کو تشخیص دینے کے لئے ہمیں مشرق کی طرف توجہ کرنا چاہئے یا مغرب کی طرف؟