کتاب کا نام:گنہگار عورتیں
مؤلف: شیخ نجم الدین طبسی
مترجم: ناظم حسین اکبر
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انتساب
سیدة النساء فاطمة الزہرا سلام اللہ علیھا کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے دار بقاء سے دار فناء کی طرف منتقل ہونے والی تمام ماں بہنوں اور خاص طور پر اپنی پیاری بہن شمیم اختر کے نام
مقدمہ
اسلام میں خاندان تشکیل دینے کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے اور چونکہ خاندان کا تشکیل دینا شادی کے بغیر ممکن نہیں ہے لہٰذا نکاح اور شادی کو اہم ترین مسائل میں سے شمار کیا گیا ہے اور اس کی ترغیب دلاتے ہوئے پیغمبر مرسل حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا :
' ' نکاح میری سنت ہے اور جس نے میری سنت سے روگردانی کی وہ میری امت میں سے نہیں ہے '' . نیز فرمایا : '' جس نے شادی کی اس نے اپنا آدھا دین بچا لیا. '' اور پھر فرمایا : شادی شدہ شخص کا سونا کنوار ے شخص کے دن کو روزہ رکھنے اور رات کو عبادت میں گذارنے سے بہتر ہے . امام صادق علیہ السلام شادی کی فضیلت کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : '' شادی شدہ شخص کی دو رکعت نماز ، کنوارے شخص کی ستر رکعت سے بہتر ہے '' .
اور پھر شادی کے ترک کرنے کی مذمت بیان کرتے ہوئے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا : '' تم میں سے بد ترین افراد کنوارے ہیں . '' نیز فرمایا : '' اکثر جہنمی کنوارے ہوں گے '' . اور پھر فرمایا : اگر کوئی شخص امکانات کے باوجود شادی نہ کرے تو اس کا شمار میری امت میں نہیں ہوگا .
زوجیت ایک نعمت ہے جس سے سکون زندگی اور رحمت و محبت کا جذبہ حاصل ہوتا ہے اسی اہمیت کی بناء پر پروردگار عالم نے مرد اور عورت دونوں کے الگ الگ وظائف مقررّ کئے ہیں لیکن بعض اوقات ان وظائف و احکام سے عدم آگاہی یا سستی و کوتاہی کتنے ہی خاندانوں کی بد بختی و نابودی کا باعث بن جاتی ہے .
اس کتاب میں عورت کے وظائف کو بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ اس پر عمل پیرا ہو کر ماں ، بہنیں ایک خالص اسلامی معاشرے کی تشکیل میں مددگار ثابت ہو سکیں . خدا ہر شریف انسان کو ایسی ازواج سے محفوظ رکھے جو مقصد کی راہ میں اس طرح حائل ہو جائیں کہ انھیں نہ دین خدا کا خیال رہے اور نہ شوہر کی عزت و عظمت کا .
و السلام علیٰ من اتبع الھدیٰ
ناظم حسین اکبر ( ریسرچ اسکالر )
ابوطالب علیہ السلام اسلامک انسٹیٹیوٹ لاہور
٢٩ ربیع الاول ١٤٣٠ ہجری بمطابق ٢٧ مارچ ٢٠٠٩ ء
|