منارۂ ہدایت،جلد ١ (سیرت رسول خدا)
 

چوتھا باب
پہلی فصل
اوّلین اسلامی حکومت کی تشکیل
دوسری فصل
نئی حکومت کا دفاع
تیسری فصل
مشرک طاقتوںکا اتحاد اور خدائی جواب


پہلی فصل
اوّلین اسلامی حکومت کی تشکیل
١۔ مدینہ کی طرف ہجرت
رسالت کی تحریک کی تکمیل اور نبوت کے خدائی اغراض و مقاصد کی تشکیل کے لئے ضروری تھا کہ معاشرہ کے افراد کی مدد کی جائے اور انہیں عقیدہ کے یقین مطلق سے سرشار کر دیا جائے تاکہ عقیدے کے سامنے وہ خودکو بھول جانے اور ہلاکتوں سے بچتے ہوئے ہمیشہ قربانی دینے کے لئے تیار رہیں ۔
ان افراد میں علی بن ابی طالب ایک فولادی انسان تھے کہ جن سے رسولۖ نے فرمایا تھا: اے علی ! قریش نے میرے خلاف سازش کی ہے وہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں اورمجھ پر میرے رب کی طرف سے وحی ہوئی ہے کہ میں ایک قوم کی طرف ہجرت کر جائوں، پس تم میرے بسترپر سوجائو اور میری سبز چادر اوڑھ لو تاکہ تمہارے سونے سے انہیں یہ نہ معلوم ہو کہ میں چلا گیا، بتائو تم کیا کہو گے اور کیا کروگے؟
حضرت علی نے فرمایا: اے اللہ کے رسولۖ کیا میرے سوجانے سے آپ محفوظ رہیں گے؟
رسولۖ نے فرمایا: ہاں جب اللہ کے رسولۖ نے علی کو اپنے محفوظ و سلامت رہنے کی خبر دی تو علی خوش ہوئے، مسکرائے ،شکرِ خدا کرنے کے لئے سجدہ میں گئے اور پھر فرمایا: میری بصارت و سماعت اور دل آپ پر قربان جو آپۖ کو حکم دیا گیا ہے اسے کر گذریے ۔(١)
..............
١۔ ملاحظہ فرمائیں احقاق الحق ج٣ ص ٣٣ تا ٤٥ تعلیقہ مرعشی نجفی، اس سے تاریخی حادثہ اور علما اہل سنت کے نزدیک حضرت علی کا موقف واضح ہو جائے گا نیز ملاحظہ ہو مسند امام احمد ج١ ص ٣٣١ طبع اولیٰ مصر، تفسیر طبری ج٩ ص ١٤٠، طبع میمینہ مصر، مستدرک حاکم ج٣ ص ٤، طبع حیدر آباد دکن۔
رسولۖ اپنے بستر پر حضرت علی کو لٹا کر نصف شب میں رحمت و حصارِ ایزدی کے سایہ میں ان مشرکوں کو چیرتے ہوئے نکل گئے جو آپۖ کے گھر کا محاصرہ کئے ہوئے تھے۔
جب صبح کے وقت خدا کے دشمن خون آشام شمشیر برہنہ لئے ہوئے رسولۖ کے گھر میں داخل ہوئے تو ان کی ساری تمنائیں خاک میں مل گئیں۔ ان کے چہروں سے دشمنی کے آثار نمایاں تھے۔ خالد بن ولید ان میں پیش پیش تھا۔ حضرت علی بے نظیر شجاعت کے ساتھ اپنے بستر سے اٹھے تو خانۂ رسولۖ میں داخل ہونے والے الٹے پائوں لوٹے وہ حیرت و دہشت میں ڈوب گئے ، وہ دیکھ رہے تھے کہ خدا نے ان کی کوششوں کو ناکام کر کے اپنے نبیۖ کو بچا لیا ہے۔
قریش نے اپنی ضائع شدہ ہیبت کو پلٹانے کے لئے ہر قسم کا حربہ استعمال کیا تاکہ محمدۖ ہاتھ آجائیں ۔ چنانچہ انہوں نے جاسوس چھوڑے، آپۖ کی تلاش میں انہوں نے عام اور غیر معروف راستوں کو چھان ڈالا یہاں تک کہ انہوں نے یہ اعلان کیا کہ جو بھی محمد ۖ کو زندہ یا مردہ لائے گا اسے سواو نٹ انعام دئیے جائیںگے۔ ایک ماہر راہنما نے آپۖ کے نقش قدم کو ڈھونڈکر انہیں غار ثور تک پہنچا دیا-رسولۖ ابوبکر کے ساتھ اسی غار میں چھپے ہوئے تھے- اس کے بعد اسے آپۖ کے نقش قدم نظر نہ آئے تو اس نے کہا: محمد اور ان کے ساتھی یہاں سے آگے نہیں بڑھے، یا تو آسمان پر پہنچ گئے یا زمین میں اتر گئے۔
ادھر غار میں ابوبکر پر شدید خوف طاری تھا وہ قریش کی یہ آواز سن رہے تھے: اے محمد! نکلو ابو بکر ان کے بڑھتے ہوئے قدم دیکھ رہے تھے اور رسولۖ انہیں سمجھا رہے تھے: (لا تحزن ان اللّٰہ معنا) ڈرو نہیں خدا ہمارے ساتھ ہے ۔
قریش واپس لوٹ گئے وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ محمد ۖ غار میں موجود ہیں کیونکہ انہوں نے غار کے دہانے پر مکڑی کا جالا اور کبوتر کا آشیانہ دیکھا تھا کہ جس میں اس نے انڈے دے رکھے تھے۔
شام کے وقت حضرت علی اور ہند بن ابی ہالہ نے آپۖ سے ملاقات کی ۔ انہیں معلوم تھا کہ آپۖ فلاں غار میں ہیں رسولۖ نے حضرت علی سے کچھ ایسی چیزوں کی نشاندہی فرمائی جن کی حفاظت آپۖ کے ذمہ تھی اور جو امانتیں آپۖ کے پاس تھیں ان کو ادا کرنے کا حکم دیا-عرب کی امانتیں رسولۖ ہی کے پاس رکھی جاتی تھیںاوران کو یہ حکم دیا کہ اپنے اور خواتین خاندان کے لئے سواریاں خریدیں اور میرے پاس آجائیںپھراطمینان کے ساتھ فرمایا: ''انّھم لن یصلوا من الآن الیک یا علی بامرتکرھہ حتی تقدم علی فاد امانتی علیٰ اعین الناس ظاہرا ثم انی مستخلفک علی فاطمة ابنتی و مستخلف رب علیکما و مستحفظہ فیکما''۔(١)
اے علی وہ اس وقت تک تمہارے ساتھ کوئی ناروا سلوک نہیں کریں گے یہاں تک کہ تم میرے پاس پہنچ جائوگے۔ اے علی ! لوگوں کی امانتوں کو سب کے سامنے واپس کرنا میں تمہیں اپنی بیٹی فاطمہ کا محافظ و نگہبان اور تم دونوں کا محافظ و نگہبان خدا کو قرار دیتا ہوں۔
تین روز کے بعد رسولۖ کو یہ اطمینان ہو گیا کہ لوگ آپۖ کو ڈھونڈنے سے مایوس ہو گئے ہیںتو غار سے باہر نکلے اور مدینہ کی طرف روانہ ہو ئے اور خدا کی مدد پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی تکان کی پروانہ کی۔
جب آپ قبا کے علاقہ میں پہنچے تو وہاں حضرت علی بن ابی طالب اورخواتین خاندان کی آمد کے انتظار میںچند دن گذارے تاکہ سب ایک ساتھ یثرب میں داخل ہوں جس وقت رسولۖ کے ساتھی آپۖ کو قبا میں چھوڑ کر یثرب پہونچے تو اس وقت یثرب میں نبی ۖ کی آمد کی وجہ سے خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔
حضرت علی راستہ کی مشقت و خطرات سے تھک کر نبی ۖ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو رسولۖ نے آپ کو گلے سے لگایا اور آپ کی حالت دیکھ کر رونے لگے۔(٢) اصل میں قریش کو یہ معلوم ہو گیا تھا کہ علی خواتین کو لیکر جا رہے ہیں تو انہوں نے ان کا تعاقب کیا تھا جس سے خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔
چند روز رسولۖ خدا نے قبا ہی میں قیام کیا، سب سے پہلا کام آپۖ نے یہ کیا کہ بتوں کو توڑا(٣)پھر مسجد تعمیر
..............
١۔ اعیان الشیعہ ج١ ص ٢٣٧۔
٢۔ تاریخ کامل ج٢ ص ١٠٦۔
٣۔ البدء والتاریخ ج٤ ص ١٧٦ تا ص١٧٧۔
کی۔ اس کے بعد جمعہ کے روز آپ وہاں سے روانہ ہو ئے وادی رانوناء میں پہنچے تو نماز ظہر کا وقت ہو گیا عالم اسلام میں یہ سب سے پہلی نماز جمعہ تھی۔ یثرب کے مسلمان اپنے اسلحوں اور آرائش کے ساتھ رسولۖ کے استقبال کے لئے نکلے آپۖ کی سوار ی کو اپنے حلقہ میں لے لیا ہر شخص یہی چاہتا تھا کہ رسولۖ اس کے علاقہ میں داخل ہوں اور اس ذات گرامی کی پہلے وہ زیارت کرے جس پر وہ ایمان لایا ہے اور جس سے وہ محبت کر تا ہے ۔(١)
جس مسلمان کے گھر کی طرف سے رسولۖ کا گزر ہوتا تھا وہی آپۖ کے ناقہ کی مہار پکڑ لیتا تھا اور اپنے یہاں قیام کرنے کی درخواست کرتا تھا لیکن رسولۖ مسکراتے ہوئے ہر ایک سے یہی فرماتے تھے میرے ناقہ کا راستہ چھوڑ دو یہ خود مامور ہے ۔
آخر میں آپ کا ناقہ ابو ایوب انصاری کے گھر کے سامنے اس سر زمین پر بیٹھا جو بنی نجار کے دو یتیموں کی تھی ابو ایوب انصاری کی زوجہ نے رسولۖ کے اسباب سفر کو اپنے گھر میں رکھ لیا۔ رسولۖ انہیں کے گھر میں رہے یہاں تک کہ مسجد نبویۖ اور آپۖ کے گھرکی تعمیر مکمل ہو گئی۔ (٢)
یثرب کا نام بدل کر رسولۖ نے طیبہ رکھا آپۖ کی ہجرت کو اسلامی تاریخ کا مبداء آغازسمجھا جاتا ہے۔(٣)

٢۔ مسجد کی تعمیر
یقینا رسولۖ مسلمانوں کے ساتھ اس انفرادیت کے دائرہ سے نکل گئے اور مدینہ پہنچنے پر آپۖ نے ایک ایسی حکومت قائم کرنے کا منصوبہ بنایا جوآسمانی قوانین اور شریعت اسلامیہ کے حکم کے مطابق چلے اور جس کے نتیجہ میں اسلامی تہذیب وجود میں آجائے جواس حکومت کے بعد پوری انسانیت کوفیضیاب کرے۔
اسلامی حکومت کی تشکیل میں اس سے پہلے کا نظام بہت بڑی رکاوٹ تھا جزیرہ نما عرب کے معاشرہ پر یہی
..............
١۔رسولۖ ١٢ ربیع الاول کو مدینہ میں وارد ہوئے۔
٢۔سیرت نبویہ ج١ ص ٤٩٤۔
٣۔مقدمۂ ابن خلدون ص ٢٨٣ تاج العروس ج٢ ص ٨٥۔
غالب تھا دوسری طرف مسلمانوں کی کمزوری کا صحیح معنوں میں علاج بھی ضروری تھا۔ مسجد کی تعمیر اس لئے بھی ضروری تھی تاکہ مسجد سے متعددا ہم سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے اور یہ اس مرکزی خود مختار کمیٹی کا مرکز قرار پائے جس کے ذریعہ حکومت کے امور انجام پذیر ہونا ہیں۔ مسجد کے لئے زمین کا تعین ہو گیا مسجد کے تعمیری کاموں کو مسلمانوں نے بڑے شوق و ہمت سے انجام دیا۔ اور اپنے نمونہ و اسوہ اور کاموں کے ذریعہ مسلمانوں کی طاقت کو حرکت میں لانے والا رسولۖ خود مسجد کے تعمیری کاموں کو انجام دینے میں شریک تھا وہ خود پتھر اٹھا کر لاتے تھے ایک بار آپۖ ایک پتھر اٹھائے ہوئے لا رہے تھے کہ اسید بن حضیر نے دیکھ لیا عرض کی؛ اے اللہ کے رسولۖ ! یہ پتھر آپۖ مجھے دے دیجئے میں لے جائونگا آپۖ نے فرمایا: نہیں۔ تم دوسرا اٹھا لائو۔
مسجد کے ساتھ ہی رسولۖ اور آپۖ کے اہل بیت کا گھر بھی بن گیا۔ آپۖ کا گھر پُرتکلف نہیں تھا بلکہ ان کی زندگی کی مانند سادہ تھا۔ اس موقع پر رسولۖ نے ان ناداروں کو فراموش نہیں کیا کہ جن کا کوئی گھر نہیں تھا اور انہوں نے آپۖ کے پاس پناہ لے رکھی تھی بلکہ مسجد کے ایک گوشہ میں ان کے لئے بھی ایک مکان بنا دیا۔(١)
اس طرح مسجد مسلمانوں کے انفرادی و اجتماعی اور عبادی حیات بخش امور کی انجام دہی کا مرکز بن گئی۔

٣۔ مہاجرین و انصار کے درمیان مواخات
نئی حکومت کی تشکیل اور پہلے نظام کو ختم کرنے کے لئے کسی قبیلہ سے تعرض کئے بغیر ایک اور قدم اٹھایا جس سے آپسی محبت اور ایمان کی حرارت وجود میں آئی آپسی محبت اور حرارتِ ایمان مسلمانوں سے وجود میں آئی تھی پس رسولۖ نے خاندانی اور خونی رشتہ سے آگے بڑھکر عقیدہ اور دین کو لوگوں کے رابطہ کی بنیاد قرار دیا اور فرمایا:'' تاخوا فی اللہ اخوین اخوین '' تم راہِ خدا میں بھائی بھائی بن جائو۔ پھر آپۖ نے حضرت علی بن ابی طالب کا ہاتھ پکڑا اور فرمایا: ''ھذا اخی''(٢)یہ میرے بھائی ہیں، اس طرح انصار میں سے ہر ایک
..............
١۔بحا ر الانوار ج١٩ ص ١١٢، سیرت نبویہ ج١ ص ٤٩٦۔
٢۔ سیرت نبوی ج١ ص ٥٠٤۔
نے مہاجرین میں سے ایک ایک کو اپنا بھائی بنا لیا اور اسے امور زندگی میں اپنا شریک بنا لیا اس طرح مدینہ نے اپنی تاریخ کا صفحہ پلٹ دیا کیونکہ ابھی تک مدینہ میں اوس و خزرج کے درمیان جنگ ہوتی رہتی تھی جسے یہود اپنی خباثت اور منافقت سے ہوا دیتے رہتے تھے، اب دنیا میں ترقی پذیرحیات انسانی کے عہد نوکا آغاز ہوا اور وہ اس طرح کہ رسولۖ نے امت کی بقا اور اس کی ایمانی سرگرمی کا بیج بو دیا۔

مسلمانوں کے بھائی بھائی بننے کے نتائج
اقتصادی پہلو
١۔ مہاجرین کی عائلی زندگی کو اقتصادی لحاظ سے بہتر بنایا تاکہ وہ اپنی طبعی زندگی کو جاری رکھ سکیں۔
٢۔ فقر و ناداری کو ختم کرنے کے لئے طبقاتی امتیازات کو ختم کیا۔
٣۔ غیر شرعی و ناجائز دولت سے دور رہتے ہوئے اقتصادی استقلال کے لئے کوشش کی تاکہ سود خور یہودیوں کے ہاتھ کٹ جائیں۔
٤۔آمدنی کے ذرائع پیدا کرنا۔ کھیتی کے ساتھ تجارتی میدان میں سر گرم عمل رہنا اور مہاجرین و انصار کے افکار اور ان کی کوششوں کے سایہ میں مدینہ کے حالات کے مطابق بھر پور فائدہ اٹھانا۔

اجتماعی پہلو
١۔معاشرہ میں موجود ہلاکت خیز اجتماعی امراض کو ختم کیا اور پہلے سے چلے آ رہے لڑائی جھگڑوں کی جگہ محبت و مودت کی روح پھونکی تاکہ تمام فاصلے اور رخنے ختم ہو جائیں اور اسلام کے خلاف سازش کرنے والے ان سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکیں اور آئندہ کے مراحل میں اسلام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جا سکے۔
٢۔پہلے نظام کو لغو کرکے اس کی جگہ روز مرہ کے معاملات میں اسلامی نظام و اقدار کو نافذ کیا ۔
٣۔ مسلمانوں کو باطنی طور پر آمادہ کیا اور اسلامی رسالت کی نشر و اشاعت کے لئے انہیں ایثار وقربانی کی تربیت دی۔

سیاسی پہلو
١۔مسلمانوں کا ایک ایسا متحدہ محاذ قائم کیا جو رسولۖ و رسالت کے احکام پر ایک فرد کی طرح لبیک کہتے ہوئے آگے بڑھتا رہے وہ بھی ایسے حالات میں کہ جب مختلف سمتوں سے مخالفت اور سازشوں کا سلسلہ جاری تھا ۔
٢۔انصار و مہاجرین کے درمیان تنظیمی علوم و اخبار، استقامت و ثبات کے وسائل، ایمانی تجربہ اور تحرک کے طریقوں کی ترویج کی کیونکہ انصار، مہاجرین کے تجربوں اور ان آزمائشوں سے واقف نہیں تھے جن کا انہیں سامنا نہیں ہوا تھا۔
٣۔ حکومت کی تشکیل اور اس کے ادارتی دھانچے کے لئے پہلے قدم کے طور پر افراد کی تعلیم و تربیت کی۔
٤۔مسلمانوں میں اسلام کے اقدار کے مطابق نسلی و خاندانی حمیت سے الگ رہتے ہوئے اپنے اندر دفاع کی روح پھونکی۔

٤۔معاہدۂ مدینہ
مسلمانوں کو جنگ و جدال کی حالت سے نکال کر تعمیری اور شریعت اسلامیہ کے مطابق ڈھالنے کے لئے ضروری تھا کہ امن و سکون کی فضا قائم ہو -خواہ یہ امن و سکون نسبی ہی ہو-اس لئے خلفشار و نزاع ،عام لوگوں میں انتشار کا سبب تھا۔
یثرب میں بہت سی طاقتیں مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کے در پے تھیں، اقتصادی اور سیاسی جوڑ توڑ کے لحاظ سے یہودی بہت مضبوط تھے اگر چہ ان کی تعداد قابل اعتناء نہیں تھی۔ دوسری طاقت مشرکوں کی تھی اگر چہ رسولۖ اور مہاجرین کے آجانے سے ان کی طاقت کم ہو گئی تھی لیکن ان کا بالکل صفایا نہیں ہوا تھا لہذا نبیۖ نے ان سے شائستہ طریقہ سے مقابلہ کیا۔
نبیۖ کے لئے یہ بھی ضروری تھا کہ آپ منافقوں پر نظر رکھیں۔
مدینہ کے باہر قریش اور دوسرے مشرک قبیلے نئے اسلامی نظام کے لئے حقیقی خطرہ بنے ہوئے تھے رسولۖ کے لئے لازمی تھا کہ آپۖ ان سے مقابلہ اور ان کے شر کو دفع کرنے کے لئے تیار رہیں۔
یہاں رسولۖ کی عظمت اور متعدد طاقتوں سے مقابلہ کرنے کے لئے آپ کی سیاسی بصیرت آشکار ہوئی۔ اسی کے ساتھ آپۖ دوسروں کے ساتھ نیکی سے پیش آئے اور انہیں امن سلامتی، صلح و آشتی کی دعوت دی۔
ایک ایسی حکومت کی تشکیل کے لئے آپۖ نے یہودیوںسے صلح و تعاون کا معاہدہ کیا جس کے مدار المہام آپۖ ہی تھے اورآپ ہی کے ذریعہ انسانی حقوق ہر ایک کو مساوی طور پر ملتے تھے۔
اس معاہدہ کو اس حکومتِ اسلامی کی تشکیل کا اولین دستور کہا جا سکتا ہے جو پہلے شہر مدینہ میں قائم ہوئی اورپھر عرب معاشرہ میں پھیل گئی اس کے بعدپوری دنیا میں نافذ ہوگئی۔ یہ معاہدہ درج ذیل اہم چیزوں پر مشتمل تھا:
١۔مسلمان معاشرہ کی تشکیل اور ہر مسلمان کو اس کی قوت ارتقاء کا احساس دلایا۔
٢۔حکومت پر دبائو کو کم کرنے کے لئے پہلے معاشرے میں اصلاح کر کے اور اس کی بعض اجتماعی سرگرمیوں میں شرکت اور کچھ مسائل کے حل کے لئے اس سے مدد لے کر اسے باقی رکھا۔
٣۔ عقیدہ کی آزادی، یہودیوں کو اپنے دین و مذہب پر باقی رہنے اور تہوار منانے کی اجازت ہے وہ نئی اسلامی حکومت میں اقلیت کے عنوان سے رہیں گے۔
٤۔ مدینہ کو جائے امن قرار دیا جائے گا اور وہاں امن و امان بر قرار رکھا جائے گا۔ مدینہ میں قتل و خونریزی جائز نہیں ہوگی۔
٥۔ اسلامی حکومت و نظام کی زمام اور لڑائی جھگڑوںکے فیصلوں کا اختیار صرف رسول ۖ کو ہوگا۔
٦۔ سیاسی سوسائٹی کی توسیع، وہ اس طرح کہ مسلمان اور یہودی ایک سیاسی نظام کے تحت زندگی گذاریں گے اور دونوں اس نظام کا دفاع کریں گے۔
٧۔ مسلمان معاشرہ کے افراد کے درمیان تعاون کے جذبہ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ وہ ہر قسم کے بحران سے محفوظ رہے۔

٥۔مدینہ میں قیام اور نفاق
رسولۖ نے مسلمان معاشرہ کی تشکیل کو اہمیت دی اور ہر مسلمان پر ہجرت کو واجب قرار دیا سوائے معذورافراد کے۔ یہ اس لئے کیا تھا تاکہ تمام طاقتوں اور صلاحتیوں کو مدینہ میں جمع کر لیا جائے۔
اس عہدِ نو میں مدینہ امن و امان کی زندگی سے مالا مال تھا۔ مسلمانوں کی ساری طاقتوں کے یکجا ہو جانے سے وہ ساری طاقتیں خوف زدہ تھیں جنہوں نے پہلے رسولۖ کی دعوت کا انکار کر دیا تھا اور اس دعوت کا عقیدہ رکھنے والوں کو دھمکی دی تھی آج ایسا نظام بن گیا جو انسان کوفضائل و کمالات کی طرف بڑھانے والا تھا۔ اب انہیں تبلیغِ رسالت سے کوئی بھی نہیں روک سکتاتھا، چنانچہ بہت سے لوگوں نے اسلام قبول کر لیا ، بعض اسلامی رسالت سے دور رہے یا آپۖ سے مصالحت کر لی۔
دوسری طرف رسول،ۖ منافقین کی تحریک اور یہود کی کینہ توزی پر مبنی ان ریشہ دوانیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے کہ جس کے ذریعے وہ مسلمانوں میں تفرقہ اندازی کرکے اسلام کے نئے نظام کو برباد کرنے کی کوشش کرتے تھے۔
تھوڑا ہی عرصہ گذرا تھا کہ مدینہ کے ہر گھر میں اسلام داخل ہو گیا(١) اور اجتماعی نظام اسلام کے حکم اور رسولۖ کی قیادت کے تحت آگیا۔ اسی زمانہ میں زکات، روزہ، حدود کے احکام فرض ہوئے اسی طرح نماز کے لئے اذان و اقامت کا حکم آیا۔ اس سے پہلے رسولۖ نے ایک منادی کو مقرر کر رکھا تھا جو نماز کے وقت ندا دیتا تھا۔ رسولۖ پر وحی نازل ہوئی کہ انہیں اذان کے کلمات تعلیم دیجئے(٢) رسولۖ نے جناب بلال کو بلایا اور انہیں اذان کی تعلیم دی۔
..............
١۔سیرت نبویہ ج١ ص ٥٠٠۔
٢۔کافی ج١ ص ٨٣، تہذیب الاحکام ج١ ص ٢١٥۔
٦۔ تحویلِ قبلہ
جب تک رسولۖ مکہ میں تھے تو بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے تھے ہجرت کے بعد بھی آپۖ سترہ ماہ تک بیت المقدس ہی کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے تھے اس کے بعد خدا نے آپۖ کو یہ حکم دیا کہ کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھیں۔
دین اسلام سے یہودیوں کی دشمنی اور زیادہ بڑھ گئی وہ رسولۖ اور رسالت کا مذاق اڑانے لگے پہلے تو وہ یہ فخر کرتے تھے کہ مسلمان یہودیوں کے قبلہ کی طرف رخ کرتے ہیں، اس سے رسولۖ کو تکلیف ہوتی تھی لہذا تحویلِ قبلہ کے سلسلہ میں رسولۖ کو وحی کا انتظار تھا ایک رات کا واقعہ ہے کہ رسولۖ گھر سے نکلے اور آسمان کی وسعتوں کا جائزہ لیتے رہے یہاں تک کہ صبح ہو گئی،ظہر کا وقت آ یا تو آپۖ مسجد بنی سالم میں نمازِ ظہرمیں مصروف ہوئے دو رکعت پڑھ چکے تھے کہ جبریل نازل ہوئے اور آپ کے دونوں شانوں کو پکڑ کر کعبہ کی طرف موڑ دیا اور آپۖ کو خدا کا یہ قول سنایا:
(قد نریٰ تقلب وجھک فی السّماء فلنولّینّک قبلةً ترضاھا فولِّ وجھک شطر المسجد الحرام)(١)
ہم دیکھتے ہیں کہ آپ کی توجہ آسمان کی طرف ہے تو ہم آپ کا رخ اس قبلہ کی طرف موڑ دیں گے جسے آپ پسند کرتے ہیں لہذا اپنا رخ مسجد الحرام کی طرف موڑ لیجئے ۔
تحویل قبلہ ایک لحاظ سے مسلمانوں کا بھی امتحان تھا تاکہ معلوم ہو جائے کہ وہ حکم رسولۖ کی کس حد تک اطاعت کرتے ہیں اوردوسری طرف یہودیوں کے عناد و استہزاء کے لئے چیلنج تھا اور ان کے مکرکا جواب تھا اور ایک مسلمان کے لئے یہ نیا راستہ تھا۔
..............
١۔بقرہ:١٤٤۔
٧۔ فوجی کاروایوں کی ابتدائ
طاقت ہی ایک ایسی چیز ہے جس کے ذریعہ لوگوں پر حکومت کی جاتی ہے اور اسی کے وسیلہ سے ان کی قیاد ت کی جاتی ہے ۔ انہیں حالات میں -جب رسولۖ مدینہ میںمقیم ہو گئے تو-آپۖ نے اور مسلمانوں نے یہ طے کیا کہ جزیرہ نما عرب بلکہ اس کے باہر کی طاقتوں -جیسے روم و فارس-کو یہ جتا دیا جائے کہ تبلیغِ رسالت اور آسمانی قوانین کے مطابق ایک تہذیب قائم کرنے کے لئے جد و جہد کا سلسلہ جاری رہے گا ظاہر ہے کہ مسلمانوں کے علاوہ کوئی دوسرا اس کام کو انجام نہیں دے سکتا تھا کیونکہ ان کا ایک محکم عقیدہ تھا اور ان کی ایک آزاد فکر تھی وہ حق و عدل کے طالب تھے وہ امن و امان قائم کرنے والے اور صاحب شمشیر و مرد میدان تھے۔
رسولۖ کو یہ اندیشہ تھا کہ قریش اور آپۖ سے عداوت رکھنے والے ،مسلمانوں کو تباہ کرنے کی کوشش کریں گے خواہ کچھ مدت کے بعد ہی کریں۔ چنانچہ آپۖ نے عقبہ ثانیہ کی بیعت میں انصار سے یہ مطالبہ کیا کہ اگر قریش ظلم و تعدی کریں یا رسولۖ اور مسلمانوں پر چڑھائی کریں تو تمہیں میری مدد کرنا ہوگی۔ مکہ میںمسلمانوں کی ملکیت ضبط کر لی گئی تھی اور ان کے گھروںکو لوٹ لیا گیا تھا۔رسولۖ اور مسلمانوں-خصوصاً مہاجرین-کی یہی خواہش تھی کہ قریش اپنی خوشی سے اسلام میں داخل ہو جائیں یا کم از کم انہیں ان کی گمراہی پر نہ چلنے دیا جائے۔
اسی بنا پر رسولۖ نے چھوٹے چھوٹے دستے بھیجے تاکہ وہ اپنی خود مختاری(مستقل وجود)اور کسی کی تا بعداری نہ کرنے کا اعلان کریں جب ہم ان دستوں کے افراد کو دیکھتے ہیں تو معلوم ہو تا ہے وہ صرف ساٹھ آدمی تھے اور سب مہاجر تھے ان میں وہ انصار شامل نہیں تھے جنہوں نے رسولۖ کی مدد اورآپۖ کی طرف سے جنگ کرنے کے لئے بیعت کی تھی، یہ لوگ جنگ کے طلبگار بھی نہیں تھے یہ دستے صرف قریش پر اقتصادی دبائو ڈالنے کا وسیلہ تھے(١) ہو سکتا ہے اس طرح وہ کھلے کان اور دل سے حق کی آواز سن لیں یا مسلمانوں سے صلح کرلیں اور ان سے چھیڑچھاڑ نہ کریں تاکہ دوسرے علاقوں میں بھی اسلام پھیل جائے۔ اسی کے ساتھ یہود
١۔ اس لئے کہ(قریش کے پاس) پیسہ تجارت کے ذریعہ آتا تھا اوران قافلوں کے ذریعے جس کی آمدو رفت مکہ ، شام اور یمن سے ہوتی تھی۔
و منافقین کو طاقت ِ اسلام اور مسلمانوں کی ہیبت سے آگاہ کرنا بھی ضروری تھا۔
ہجرت کے سات ماہ بعد پہلا دستہ روانہ ہوا، اس میں تیس مرد شامل تھے اور اس کی قیادت رسولۖ کے چچا جناب حمزہ کر رہے تھے۔ اس کے بعد دوسرا دستہ عبیدہ بن حارث کی سر کردگی میں روانہ ہوا، تیسرا دستہ سعد بن ابی وقاص کی قیادت میں روانہ ہوا۔
٢ھ میں رسولۖ قریش کے قافلہ کو روکنے کے لئے ایک دستہ کے ساتھ روانہ ہوئے لیکن ابواء و بواط کی طرف آپۖ کے سفر سے طرفین میں ٹکرائونہیں ہوا۔ اسی لئے آپۖ نے ذو العشیرۂ بنی مدلج اور ان کے حلیفوں سے بھی صلح کا معاہدہ کیا۔
رسولۖ اپنے اوپر اعتماد کو محفوظ رکھنے اور ظلم و تعدی کرنے والوں کو درس عبرت دینے کے لئے چلے کیونکہ کرز بن جابر فہری مدینہ کے اطراف سے (اہل مدینہ کے) اونٹ اور مویشی پکڑکر لے گیا تھا ۔رسولۖ نے زید بن حارثہ کو مدینہ میں چھوڑا اور خود اس کے تعاقب میں نکلے۔(١)
رسولۖ نے اپنی فوجی تحریک سے یہ واضح کر دیا کہ دین کے لئے جہاد کیا جاتا ہے عصبیت و خون خواہی کے لئے نہیں۔آپ نے حرمت والے مہینوں کے احترام کو ملحوظ رکھا اور صلح و آشتی کے روایات کو محترم سمجھا۔
..............
١۔سیرت نبویہ ج١ ص ٥٩٨ ، مغازی ج١ ص ١١و ١٢۔