ضریح و مرقد امیر المومنین علی ابن ابی طالب(علیھماالسلام)
 

مسجد راس
سیّد عبد المطلب نے اپنی کتاب ''مساجد و معالم ''میں بیان کیا ہے کہ یہ مسجد عمارت صحن حیدری کے مغربی زاویئے سے ملی ہوئی ہے اور قدیم مساجد میں شمار ہوتی ہے۔ اس حوالے سے شیخ جعفر محبوبہ لکھتے ہیں کہ اس کے دیواروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حرم علوی کے ساتھ بنی تھی اور بُراقی نے اس کی نسبت شاہ عباس اوّل ١٠٣٨ھ /١٦٢٩ ء کی طرف دی ہے۔
اسی مسجد میں مشہور مرجع آیت اللہ نائینی نماز جماعت پڑھا تے تھے ان کے بعد سیّد جمال الدین ہاشمی امام جماعت مقرر ہوئے۔ آیت اللہ محسن الحکیم طبا طبائی یہاں اپنے طلباء کو درس دیتے تھے۔ اس مسجد کا مذکورہ نام رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ کیونکہ امام کے بالائے سر کی طرف واقع ہے یا یہ کہ سرِ مبارک امام حسینـیہیں پر دفن ہے جیسا کہ اس بارے میں امام صادقـسے روایت بھی ہے۔
ڈاکٹر سعاد ماہر کے مطابق اس مسجد کی تعمیر ایلخانیوں کے زمانے میں ہوئی تھی جیسا کہ اس کے قدیم محراب سے ظاہر ہے پھر شاہ عباس اوّل کے زمانے میں اس کی تعمیر نو ہوئی بعد ازاں سلطان نادرشاہ کے زمانے میں اس کی دوبارہ تعمیر ہوئی جب انہوںنے روضہ کے گنبد اور دونوں میناروں پر سونا چڑھانے کا حکم دیا تھا۔ جس کی تعمیراتی اخراجات کل بیس ہزار نادری ہوا تھا جسے نادرشاہ کی زوجہ رضیہ سلطان بیگم نے ادا کی تھی پھر دوبارہ سلطان عبد الحمید کے زمانے میں اس میں ترمیم ہوئی سنگ مرمر کا منبر بنایا گیا اور تاریخ ترمیم لکھا گیا جو کہ یہ ہے ١٣٠٦ھ بمطابق١٨٨٨ء ۔ لیکن شیخ محمد حسین حرز الدین کے مطابق یہ مسجد غازان بن ہلاکو متوفی ٧٣٠ھ بمطابق ١٣٣٠ ء نے بنوائی تھی اس بات کی تائید ابن بطوطہ کے بیان سے بھی ہوتی ہے جب وہ ٧٢٦ھ/١٣٢٧ ء میں نجف آیاتھا وہ لکھتے ہیں:
''روضہ کیلئے ایک دروازہ اور ہے جس کا چوکھٹ چاندی کا ہے جو ایک مسجدکی طرف کھلتا ہے جس کے چار دروازے ہیں جن کے چوکھٹ بھی چاندی کے بنے ہوئے ہیں۔''
بعض یہ اندازہ لگاتے ہیں کہ مذکورہ مسجد عمران سے منسوب ہے لیکن یہ قبول کرنا مشکل ہے کیونکہ روایت میں اس نسبت میں لفظ رواق آیا ہے اور اس سے مراد احاطہ ہے نہ مسجد۔
شیخ محمد اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ سیّد داود الرّفیعی نے مرزا ہادی کیلئے اپنے آباء سے ایک روایت بیان کی تھی کہ مذکورہ مسجد دراصل ایک چھوٹا مربع شکل کا ایوان ہے جو قبلے کی جانب دیوار میں محراب اور ساباط کے درمیان ہے یہاں ایک قبر بھی ہے اس کے لئے ایک فولاد کی قیمتی کھڑکی ہے اور اس کیلئے ایک چھوٹا دروازہ بھی ہے جس پر تالا لگا ہوا ہے ''روایات کے مطابق یہ قبر سر مبارک حسین ابن علی ابن ابی طالب کی جگہ ہے اس ایوان میں سبز رنگ کے پردے لگے ہوئے ہیں اس کے ایک جانب ایک چوکور پتھر جس پر خط کوفی میں کچھ لکھا ہوا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے یہ جو ''مسجد رأس ''کے نام سے مشہور ہے اسے غازان بن ہلاکو خان نے پورے ایک سال میں تعمیر کروایا تھا اس دوران وہ نجف اور ثویّہ میں واقع مسجد الحنانہ کے درمیان خیمہ لگاکر بیٹھا رہا۔
شیخ محمد یہ بھی لکھتے ہیں کہ اس قبر کی زیارت کے لئے ہند سے اسماعیلی آتے تھے بعد میں زائرین کی کثرت کی وجہ سے وزارت اوقاف عثمانیہ نے مقام تکیہ البکتا شیہ کی طرف سے ایک دروازہ نکالا اور پہلا والا دروازہ بند کردیاپھر بعد میں آنے والوں نے اس دروازے کو بھی بند کروادیا اس طرح یہ مسجد عراق میں عربی حکومت کی تشکیل تک کافی سالوں تک بند رہی۔
موصوف فرماتے ہیں ''اس دور میں یہ قبور دوبارہ دریافت ہوئی اور ٩٣٢ھ / ١٣٥١ ء میں ان کی دوبارہ تعمیر ہوئی اس مسجد میں پہلی بار اس سال٢٣ذی الحجہ کو داخلہ ہوا ہم نے جب اس قبر کی علامت کو دیکھا تو یہاں قبلے کی جانب دیوار پر ایک پتھر کے سوا کچھ نہیں تھا جس کی لمبائی ایک ہاتھ سے لمبا جبکہ اس کا عرض ایک ہاتھ تھا اور اس پر گولائی میں قرآن کریم کی یہ آیت لکھی ہوئی تھی:(اٰمَنَ الرَّسُولُ بِمَا اُنْزِلَ اِلَیْہِ مِنْ رَبِّہ)اور اس کے درمیان تقریباً ایک سطر خط کوفی میں لکھا ہوا تھا۔ مسجد کا رقبہ ساباط سے دو ہاتھ بلند ہے اور یہ اصلی سطح زمین ہے آج کل صحن شریف کے ٹائلیں اس سے چار ہاتھ بلند ہے ۔ سیّد عبد المطلب الخرسان کے مطابق ''پتھر جس پر کوفی میں لکھا ہوا ہے اور ایک دوسرا پتھر جو محرابی شکل میں مسجد کے محراب میں نصب ہے شیخ حرز الدین کہتے ہیں ان دونوں پتھروں کے آثار بہت اہم ہیں ١٩٦٥ ء میں آثار قدیمہ کاایک وفد جدید کیمرے کے ساتھ بعض تاریخی آثار کی تصویر لینے کیلئے آئے تھے تو انہوں نے مجھ سے ان دونوں پتھروں کے بارے میں پوچھا تو میں نے انہیں دکھایا، میرے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ آثار قدیمہ کے ادارے نے ١٩٣٧ ء میں ان دونوں پتھروں کی تصویر لی تھی کیونکہ یہ مشہور پتھر چینی لوہے کے ہیں اور یہ منفرد قسم کے ہیں جو کہ رنگدار ہیں چینی لوہا عام طور سے سیّاہ ہوتا ہے اور جب مسجد کو گرایا گیا تو یہ پتھر الماری میں رکھ دیاگیا تاکہ زنگ لگنے سے محفوظ رہے۔''
شیخ جعفر محبوبہ سے منقول ہے کہ مسجد راس علّامہ سیّد بحر العلوم کے زمانے میں دوبارہ تعمیر کی گئی اور وہ اپنے بعض خاص افراد سے فرماتے تھے کیونکہ یہ سر مبارک امام حسین کی جگہ ہے اس لئے یہاں مسجد بنائی گئی ہے۔ اور اس مسجد کے لئے حدود صحن کے باہر مغرب کی جانب سے ایک دروازہ نکالا گیا جب راقم نے اپنی زیارت کے دوران اس کی نئی عمارت کو دیکھا جو ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ہے میں نے دیکھا کہ وہاں آثار قدیمہ کی انتہائی نگہداشت کے ساتھ تعمیر و ترمیم جاری ہے ۔ مذکورہ مسجد سے ملحق ساباط جو مغربی رواق کے جانب واقع ہے اس کی بھی تعمیر جاری ہے۔

تکیہ بکتا شیہ
یہاں تکیہ سے مراد وہ جگہ ہے جہاں عام طور پر لوگ عبادت کیلئے اپنے آپ کو جدا کرتے ہیں اور یہ نام عہد عثمانی سے شروع ہوا ہے ڈاکٹر سعاد ماہر کے مطابق بکتاشیہ دراصل ایک ترک صوفی فرقہ ہے جو سیّد محمد بن ابراہیم آتا ہے جو حاجی بکتاش کے نام سے مشہور تھا یہ شیخ حمد ایسوی کا ماننے والاایک ترک ولی تھا ان کا سال وفات ٧٣٨ھ / ١٣٣٨ ء ہے ۔ یہ تکیہ حدود صحن کے شمال مغرب میں واقع ہے ۔ سیّد عبد المطلب نے اپنی کتاب ''مساجد و معالم ''میں لکھا ہے ''یہ پرانی عمارت مسجد بالائے سر کے شمال صحن شریف کے مغربی زاویئے سے ملی ہوئی ہے اس کے تین دروازے ہیں ان میں سے ایک ساباط کے نیچے ایوان میں واقع ہے دوسرا دروازہ شمالی ساباط کے دوسرے ایوان میں ہے جبکہ تیسرا دروازہ صحن حیدری سے ملحق سڑک مغرب میں واقع ہے۔''
لیکن سیّد محسن الامین نے اپنی کتاب ''اعیان الشیعہ ''میں لکھا ہے کہ یہ دراصل عضد الدولہ کا مقبرہ تھا جیسا کہ اس سے پہلے بیان ہوچکا کہ ''عضد الدّولہ نے اپنے لئے نجف میں مشہد علی کے جوار میں مغرب کی جانب سے ایک بڑا گنبد بنوایا تھا اور پھر یہ وصیت کی تھی اسے یہیں پر دفنا یا جائے اور بعد ان کے وصیت کے مطابق انہیں یہیں پر دفن کیا گیا۔ بعد میں شہزادہ سلیمان عثمانی ٩٣٠ھ /١٥٣٣ ء کو جب عراق میں داخل ہوا تو اسے گرا دیا گیا اور اسے بکتاشی فرقہ کے تکیہ یعنی عبادت خانہ قرار دیا گیاجو آج تک باقی ہے اس کا دروازہ صحن شریف کے مغرب میں واقع ہے بعض کا خیال ہے یہ کام شہزادہ سلیم نے انجام دیا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کے بیٹے سلیمان نے یہ دروازہ نکالاتھا بعد میں سلیم سے ان کی شہرت کی وجہ سے منسوب ہوا۔''
یہ بات تھوڑی بہت غورو فکر کرنے سے غلط ثابت ہو جاتی ہے کیونکہ رواق میں عضد الدّولہ دفن ہے جسے ہم بعد میں بیان کریں گے جس کی طرف ڈاکٹر سعاد نے اشارہ نہیں کیا ہے۔
انہوںنے ا س بات کو ترجیح دی ہے کہ یہ تکیہ آٹھویں صدی ہجری میں حاجی بکتاش کی زندگی میں بنا تھا جہاں نجف اشرف میں وہ ایک مدت تک اعتکاف کرتے تھے اس جگہ کو عثمانیوں نے خاص عنایت بخشی ہے اس لئے کہ وہ نجف میں جب بھی آتے تھے یہیں پر ٹھہرتے تھے۔ یہ مقام دو حصوں پر مشتمل تھا ایک حصہ نماز و دروس کیلئے مختص تھی جو چار چوکور ایوانوں پر مشتمل تھی اور درمیان میں ایک چھوٹا صحن تھا جبکہ دوسرا حصہ رہائش کے لئے تھا یہ چوکور تھی اور دو منزلوں پر مشتمل تھی جہاں کمرے اور اس کے لوازمات مرافق وغیرہ تھے۔
اس حوالے سے شاید سیّد عبد المنعم الخرسان کا بیان زیادہ دقیق ہے وہ کہتے ہیں ''اس کے شمال میں ایک بڑا مستطیل کمرہ ہے جو ایک ہال جیسا ہے اس کے بالکل روبرو جنوب میں ایک مستطیل شکل کا کمرہ اور ہے ان دو کمروں کے درمیان ایک کھلا دالان ہے اس کے سطح کے برابر مغرب میں ملے ہوئے دو کمرے ہیں ان تمام کمروں کے چھت بلند ہے ''وہ مزید آگے لکھتے ہیں ''یہ کمرے روضہ حیدریہ مقدسہ کے اسٹور کے طور پر استعمال ہوتے تھے جہاں پر قالین ، فانوس اور پرانے چاندی کے دروازے رکھے ہوئے تھے۔ ١٩٨٥ ء بمطابق ١٤٠٥ھ میں ادارئہ اوقاف نے اسے گراکر اس جگہ مہمان خانہ بنوایا ''۔موصوف اپنی کتاب الصحیفہ میں بیان کرتے ہیں کہ مقام تکیہ کے جنوب کے ایک حصے میں دو کنویں بھی تھے جس کا قُطر شیخ محمد حرز الدین کے مطابق دو میٹر سے زیادہ تھا اس کے برابر میں آب باراں کے لئے ایک ٹینکی ہے جو صحن کے سطح پر واقع ہے اور کنویں سے اس میں پانی بھرا جاتا تھا تاکہ حرم کا فرش دھویا جائے لیکن اب اسے ضرورت نہ ہونے کی وجہ سے گرا دیا گیا ہے۔
شیخ محبوبہ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ بعض کا گمان ہے کہ یہ مقام تکیہ روضہ مقدسہ کی کتابوں کا اسٹور ہے۔ اب مزید کثرت زوّار کی وجہ سے توسیع نو ہوئی ہے تو تکیہ کا ایک حصہ بھی اس میں داخل ہوا ہے لیکن باقی حصے مہمان خانہ بنیں ہیں۔

دارِضیافت
سیّد عبد المطلب الخرسان کے مطابق دارِ ضیافت دراصل تکیہ بکتاشیہ ہی تھا ١٩٨٥ ء میں ادارہ اوقاف نے اس کو گراکر اس کی جگہ دارِ ضیافت بنایا۔ اور اس کی جدید توسیع میں تکیہ کا ایک بڑا حصہ شامل کیا گیا یہ ایک مربع شکل ہال کے ساتھ متصل باورچی خانہ اور اس کے لوازمات پر مشتمل ہے جبکہ اس کی دوسری منزل میں عتبہ علویّہ کے مہمانوں کے لئے ایک بڑا کمرہ ہے اور ایسا ہی دوسرا کمرہ امانتیں رکھنے کیلئے مختص ہے اس میں داخل ہونے کے دو راستے ہیں۔ ایک شمالی ساباط کی جانب متصل ایوان سے ہے جبکہ دوسرا مغربی صحن کے حدود سے ہے اور اس کے ہال میں بعض مناسبات میں پروگرام منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ راقم نے بھی یہاں امیر المومنین کی زیارت کے دوران بروز بدھ کی شام ١٧نومبر ٢٠٠٨ ء کو روضہ و مرقد امام علی بن ابی طالب کے حوالے سے ایک لیکچر دیا تھا۔ صحن کے مغربی جانب حدود سے باہر زائرین کے لئے ایک اور مہمان خانہ بھی بنایا گیا ہے جیسا کہ اشارہ کیا گیا۔

سَاباط
سیّد عبد المطلب الخرسان کے مطابق ساباط یا طاق ''صحن حیدری'' کا وہ مغربی حصہ ہے جس کے مشرقی جانب رواق ہے جبکہ اس کے مغربی سمت میں تکیہ بکتاشی اور مسجد بالائے سر ہے جو ایک ہی جیسا آٹھ قوسوں پر مشتمل ہے جس کے درمیان فاصلہ بھی برابر ہے اور ان قوسوں کے درمیان چھوٹے چھوٹے گنبد اسلامی طرز تعمیر سے بنے ہوئے ہیں۔ اس کے درمیان چار کونہ ایک کھلا دالان موجود ہے اور یہ دو حصوں میں تقسیم ہوتا ہے جن کے طول اور حجم بالکل برابر ہیں ایک حصہ شمال کی جانب ہے جبکہ دوسرا جنوب کی طرف ہے اور اس کے داخل ہونے کے دو راستے شمال و جنوب میں ہیں۔
اس کا مشرقی زاویہ مغربی رواق سے متصل ہے اور اسی طرف رواق کے تمام حجروں کی پانچ کھڑکیاں ساباط میں کھلتی ہیں۔ اور اس میں دو چھوٹے چھوٹے کمرے اور ہیں ان میں سے ایک راستہ شمالی طرف جبکہ دوسرا مدخل جنوبی جانب میں ہے۔مغربی زاویہ میں چھ کمرے ہیں ان میں سے اس کی شمال کی جانب تین کمرے جویہ اور تکیہ بکتاشی کے درمیان واقع ہیں۔ جبکہ تین جنوب کی طرف ہے ان میں دو یہ اور مسجد بالائے سر کے درمیان ہے ان میں ہر ایک کے مشرق و مغرب کی طرف دو بڑی کھڑکیاں ہیں اور مغربی زاویہ کے درمیان ایک ایوان ہے اس ایوان کے شمالی زاویہ میں دو متصل دروازے ہیں۔ ان میں ایک صحن شریف کے زینے کے لئے ہے دوسرا تکیہ بکتاشی کے لئے۔ جنوبی ایوان کے زاوئیے میں دو دروازے ہیں ان میں ایک مسجد بالائے سر کے لئے دوسرا ایک چھوٹا کمرہ کی طرف کھلتا ہے جہاں ایک مشہور لبنانی عالم سیّد سعید فضل اللہ دفن ہیں اور ساباط کے دونوں اطراف اوپری حصہ میں ایک منزل اور ہے جس میں تین کمرے ہیں جن کے درمیان گزرنے کا راستہ بھی ہے ١٤٢٦ھ/٢٠٠٥ ء میں رواق کی توسیع میںیہ ساباط گرادیا گیالیکن اس صورت میں بھی اس کے نشانات اور قدیم مسجد کے نشانات محفوظ رہیں گے۔
حدودِ صحن کے سامنے باقی ایوانوں کی طرح دو ایوانیں ہیں جن کے اندر فن اسلامی کی عظیم شاہکار انتہائی خوبصورت انداز میں نمائندگی کر رہا ہے۔ جو سنہرے خطوط سے مزین ہے اور ماہر خطا طوں سے قرآنی آیات اس کے اطراف میں لکھی ہوئی ہیں ، ایسا اسلامی فنی شاہکار پوری دنیا میں موجود اسلامی عمارتوں میں آج کل نظر نہیں آتا اور یہ دو ایوان مندرجہ ذیل ہیں ۔ ایوان جنوبی، ایوان شمالی۔

ایوان جنوبی
اس کو ایوان بزرگ بھی کہا جاتا ہے اور یہاں مختلف علماء کے دفن ہونے کی وجہ سے یہ مشہور ہے لیکن اس کی بلندی اور عرض اس کے مقابل میں ایوان میزاب الذہب کی طرح ہے اور یہ علماء کے مقبرہ بن چکا ہے یہاں عالم شہید سیّد محمد سعید الحبوبی ١٣٣٣ھ/١٩١٤ ء کو دفن ہوئے اور ایوان انہی کے نام سے مشہور ہے اس کے محراب کے اوپر کاشانی ٹائل پر یہ لکھا ہے۔
'' اسے بندئہ حضرت ملک اقدس امجد احمد نے ١١٩٨ھ /١٧٨٣ ء کو تمام کیا ''اور ''یہ شخص احمد کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ ایک نواب ہے جس نے نجف اشرف آکر صحن میں کاشانی حجرہ بنوانے کے لئے بڑی تعداد میں اموال عطا کئے ''اس کی ٹائلوں پر اشعار لکھے ہوئے ہیں اور دیگر ایوان کی طرح اس کے اوپر فریم بنے ہوئے ہیں اور اس کے مشرقی و مغربی اطراف میں نیلے رنگ پر سفید رنگ میں آیات قرآنی مکتوب ہیں لیکن اس کے اگلی طرف عام لکڑی سے بنا ہوا ہے۔ سیّد عبد المطلب الخراسان کے مطابق اس کے قریب ایک کنواں تھا اور جیسا کہ گزر چکا کہ اس کے ایک طرف فاطمہ بنت شبلی نے ١٢٩١ھ / ١٨٧٤ ء میں ایک تالاب بنوایا تھا۔

ایوان شمالی
یہ صحن شریف کے شمال میں واقع ہے بعض کا بیان ہے کہ یہ ایوان رواق عمران کا حصہ تھا ۔ ان میں شیخ علی الشرقی اپنی کتاب ''الاحلام ''میں لکھتے ہیں۔ ''یہ رواق عمران بن شاہین کا ایک حصہ ہے اس پر خط کاشانی میں یہ آیت مکتوب ہے (اِنَّمَا یَعْمُرُ مَسَاجِدَ اﷲِ) اور بعض علماء یہاں بیٹھنے اور گزرنے سے گریز کرتے تھے۔''اس گمان سے کہ یہ مسجد عمران کا حصہ ہے اس کیلئے یہی آیت پیش کرتے تھے۔
لیکن شیخ الشرقی کے مطابق اس کی دوسری تفسیر ممکن ہے کیونکہ قرآنی آیات ١٢٥١ھ میں لکھا گیا ہے اور خطاط نے سورہ توبہ سے پانچ آیات کا انتخاب کیا ہے شاید مسجد کی طرف جو اشارہ ہے وہ ایوان کے پیچھے جو مسجد ہے اس کی طرف ہے۔
محمد الکوفی نے اپنی کتاب ''نزہة الغری ''بیان کیا ہے کہ ''اہل نجف کے ہاں اس مسجد کے بارے میں مشہور ہے کہ باب طوسی میں جو مسجد ہے وہ مسجد عمران ہے اور ان کا گمان ہے کہ یہ رواقِ عمران بن شاہین ہے بعض دوسرے کا خیال ہے اس مسجد کا کچھ حصہ صحن شریف میں شامل ہوا ہے ۔''
یہ دوسرے ایوانوں کی طرح ایک منزلہ ہے ۔ اس کے اندرونی چھت پر تھر ما پول کا فریم بناہوا ہے اور دائیں بائیں اطراف میں نیلے رنگ کے اوپر سفید خط میں آیات قرآنی مکتوب ہیں اس کتابت کی تاریخ ١٢٥١ھ ہے اور خطاط کا نام محمد صالح ظبیبِ قزوینی قرآنی آیات کے نیچے ایک مستطیل خانے میں نیلے رنگ پر پیلے رنگ سے لکھا ہوا ہے اور اس کے اندرونی فریم میں لائنوں میں کاشانی پتھر لگے ہوئے ہیں ان دونوں لائنوں کے درمیان بدبع صناعت میں رسوم نباتیہ لگا ہوا ہے اب یہ اندر سے مسجد عمران سے ملحق ہوگا کیونکہ توسیع نو کے دوران ان کے درمیان والی دیوار گرادی گئی ہے۔
صحن شریف کے گنبد فنی بداعت میں قرون ماضی کی اسلامی تعمیرات کی نمائندگی کر رہے ہیں اور شاید ہی اس طرح مشہور اسلامی عمارتوں میں ہو کیونکہ یہ اپنے رسوم نباتیہ رنگین، بدیع خطوط، دقیق صناعت، کمالِ فن اور معیاری مواد کے استعمال کی وجہ سے تمام مسلم و غیرمسلم زائرین کی آنکھوں کو خیرہ کئے ہوئے ہے۔ یہاں یہ ذکر بھی زیادہ مناسب ہے کہ اس روضہ مقدسہ کے تمام رموز و اسرار کی معرفت محققین کے لئے بہت زیادہ مشکل ہے۔ اس لئے کہ مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ ایوان شمالی کی ترمیم کے دوران ایسی قبریں بھی دریافت ہوئی ہیں جو بعض بادشاہان ہند اور شیعوں کے بزرگ اشخاص کی ہیں اور قبروں کے اطراف باریک انداز میں دراز کرکے کاشانی سے مزین کیا گیا ہے۔