اسلام اور جدید سائنس
 

باب چہارُم

اِسلامی سپین میں تہذیب و سائنس کا اِرتقاء
برِاعظم یورپ کے جنوب مغربی کنارے پر موجود جزیرہ نما آئبیریا (Iberian Peninsula) جو ’کوہستانِ پیرینیز‘ (Pyrenees) کی وجہ سے باقی برِاعظم سے کافی حد تک کٹا ہوا ہے اور آج کل سپین (Spain) اور پرتگال (Portugal) نامی دو ممالک پر مشتمل ہے، مسلمانوں نے اُس پر تقریباً 800 برس تک حکومت کی ۔ اِسلامی تاریخ میں اس ملک کو’ اندلس‘ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے ۔ اندلس جو کبھی اپنی وُسعت میں پھیلتا ہوا موجودہ سپین اور پرتگال کے ساتھ ساتھ فرانس کے جنوبی علاقوں اربونہ (Narbonne)، بربنیان (Perpignan)، قرقشونہ (Carcassonne)اور تولوشہ (Toulouse) وغیرہ تک جا پہنچا تھا، دورِ زوال میں اُس کی حدُود جنوب مشرقی سمت میں سکڑتے ہوئے محض ’غرناطہ‘ (Granada) تک محدُود ہو گئیں۔
تاریخِ اندلس جہاں ہمیں عروج و زوال کی ہوش رُبا داستان سناتی ہے وہاں قرونِ وُسطیٰ میں مسلمان سائنسدانوں کے عظیم کارہائے نمایاں سے بھی نقاب اُلٹتی نظر آتی ہے، اور اِس حقیقت سے آگاہ کرتی ہے کہ موجودہ سائنسی ترقی کی بنیادوں میں دراصل قرونِ وُسطیٰ کے مسلمان سائنسدانوں ہی کا ہاتھ ہے اور اِسلامی سپین کے سائنسدان بغداد کے مسلمان سائنسدانوں سے کسی طور پیچھے نہ تھے۔
سپین میں سائنسی علوم و فنون اور تہذیب و ثقافت کے ذکر سے پہلے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ کچھ اَحوال اُس کی فتح اور اَدوارِ حکومت کے حوالے سے بھی بیان کر دیئے جائیں تاکہ قارئین کو اُس کا پس منظر سمجھنے میں آسانی ہو۔

اَدوارِ حکومت
اِسلامی سپین کی تاریخ درج ذیل بڑے اَدوار میں منقسم ہے :
1 ۔فتوحات و عصرِ وُلاۃ 19جولائی 711ء تا 773ء
2۔ دورِ بنو اُمیہ 773ء تا 1008ء
3۔ دورِ ملوکُ الطوائف 1008ء تا 1091ء
4۔ دورِ مرابطون 1091ء تا 1145ء
5۔ دورِ موحّدون 1147ء تا 1214ء
6۔ طوائفُ الملوکی 1214ء تا 1232ء
7۔ دورِ بنونصر(غرناطہ) 1232ء تا 2جنوری1492ء

فتحِ سپین
ولید بن عبدالملک کے دورِ خلافت (705ء تا 715ء) میں موسیٰ بن نصیر کو شمالی افریقہ کی گورنری تفویض ہوئی۔ اُس دور میں سپین کی سیاسی و معاشی حالت اِنتہائی اَبتر تھی۔ عیش کوش ’گاتھ‘ حکمرانوں نے غریب رِعایا کا جینا دوبھر کر رکھا تھا۔ عیش و عشرت کے دِلدادہ بدمست اُمراء اور پادریوں نے عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا رکھا تھا۔ یہودیوں کی حالت سب سے بری تھی۔ اُنہیں کوئی دَم سکھ کا سانس نہیں لینے دیا جاتا تھا۔ ظلم و بربریت کے اُس نظام سے تنگ آ کر بڑی تعداد میں لوگوں نے ہجرت کی سوچی اور وہاں سے فرار ہو کر موسیٰ بن نصیر کے زیرِ اِنتظام شمالی افریقہ میں پناہ لینا شروع کر دی جہاں اِسلامی نظامِ حکومت کے باعث لوگ پُر امن زندگی بسر کر رہے تھے۔ جب معاملہ حد سے بڑھا اور مہاجرین بڑی تعداد میں سمندر پار کر کے افریقہ آنے لگے تو موسیٰ نے سپین کی مظلوم رِعایا کو بدمست حکمرانوں کے چنگل سے آزاد کروانے کا منصوبہ بنایا۔
سپین پر باقاعدہ حملے سے قبل دُشمن کی فوجی طاقت کے صحیح اندازے کے لئے موسیٰ نے اپنے ایک قابل غلام ’طریف‘ کی کمان میں جولائی 710ء میں 100 سواروں اور 400پیادوں کا دستہ روانہ کیا، جس نے سپین کے جنوبی ساحل پر پڑاؤ کیا، جسے آج تک اُس کی یاد میں ’طریفہ‘ کہا جاتا ہے ۔
آس پاس کے علاقوں پر کامیاب یلغار کے بعد’طریف‘ نے موسیٰ کو اِطلاع دی کہ فضاء سازگار ہے، اگر حملہ کیا جائے تو جلد ہی عوام کو ظالم حکمرانوں کے پنجۂ تسلط سے نجات دِلائی جا سکتی ہے ۔
موسیٰ بن نصیر نے اگلے ہی سال 711ء بمطابق92ھ معروف بربر جرنیل ’طارق بن زیاد‘ کو ,0007 فوج کے ساتھ سپین پر لشکر کشی کیلئے روانہ کیا۔ افریقہ اور یورپ کے درمیان واقع 13 کلومیٹر چوڑائی پر مشتمل آبنائے کو عبور کرنے کے بعد اِسلامی لشکر نے سپین کے ساحل پر جبل الطارق (Gibraltar) کے مقام پر پڑاؤ کیا۔
’طارق‘ کا سامنا وہاں سپین کے حکمران ’راڈرک‘ کی ایک لاکھ سے زیادہ اَفواج سے ہوا۔ تین روز گھمسان کی لڑائی جاری رہی مگر فتح کے آثار دِکھائی نہ دیئے۔ چوتھے دِن طارق بن زیاد نے فوج کے ساتھ اپنا تاریخی خطاب کیا، جس کے اِبتدائی الفاظ یوں تھے:
أیھا النّاسُ! أین المفرّ البحر مِن ورائِکم و العدوّ أمامکم، و لیس لکم و اللہ إلا الصّدق و الصبر۔
(دولۃُ الاسلام فی الاندلس، 1:46)
اے لوگو! جائے فرار کہاں ہے؟ تمہارے پیچھے سمندر ہے اور سامنے دُشمن، اور بخدا تمہارے لئے ثابت قدمی اور صبر کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
شریف اِدریسی نے اپنی کتاب "نُزھۃُ المشتاق" میں لکھا ہے کہ اِس خطاب سے قبل ’طارق‘ نے سمندر میں کھڑی اپنی کشتیاں جلادی تھیں تاکہ فتح کے سوا زِندہ بچ نکلنے کے باقی تمام راستے مسدُود ہو جائیں۔ چنانچہ مسلمان فوج بے جگری سے لڑی اور 19جولائی711ء کے تاریخی دِن ’وادیٔ لکہ‘ کے مقام پر ہسپانوی اَفواج کو شکستِ فاش سے دوچار کیا، جس میں گاتھ بادشاہ فرار ہوتے ہوئے دریا میں ڈوب کر مر گیا۔ اِس بڑے معرکے کے بعد جہاں عالمِ اِسلام خصوصاً افریقہ میں مسرّت کی لہر دوڑ گئی وہاں سپین کے عوام نے یومِ نجات منایا۔ اس کے بعد اکتوبر711ء میں اِسلامی اندلس کا نامور شہر قرطبہ (Cordoba) ’مغیث رومی‘ کے ہاتھوں فتح ہوا اور دُوسرے شہر بھی یکے بعد دیگرے تیزی سے فتح ہوتے چلے گئے ۔ بعد اَزاں جون712ء میں ’موسیٰ بن نصیر‘ نے خود,00018 فوج لے کر اندلس کی طرف پیش قدمی کی اور ’اشبیلیہ‘ (Seville) اور ’ماردہ‘ (Merida) کو فتح کیا۔ دونوں اِسلامی لشکر ’طلیطلہ‘ (Tledo) کے مقام پر آن ملے جو پہلے ہی کسی مزاحمت کے بغیر فتح ہو چکا تھا۔
اِسلامی لشکر جن شہروں کو فتح کرتا وہاں کے مفلوک الحال مقامی باشندے خصوصاً یہودی مسلمانوں کا بھرپور ساتھ دیتے ۔ عوامی پذیرائی کچھ اِس قدر بڑھی کہ مسلمان تھوڑے سے وقت میں پورا سپین فتح کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ طارق بن زیاد کی فتوحات میں سے آخری فتح ’خلیج بسکونیہ‘ (Bay of Biscay)پر واقع شہر ’خیخون‘ (Gijon) کی تھی، جس کے بعد فتوحات کا سلسلہ روک کر ملکی اِنتظام و اِنصرام کی طرف توجہ دی گئی۔ (دولۃُ الاسلام فی الاندلس، 1:51)
اِسی اثناء میں موسیٰ بن نصیر کو خلیفہ ولید بن عبدالملک کی طرف سے پیغام موصول ہوا کہ وہ اور طارق بن زیادہ اس مہم کو یہیں چھوڑ کر دمشق چلے آئیں۔ دو سال کی قلیل مدّت میں کم و بیش سارا سپین فتح ہو چکا تھا، موسیٰ نے وہاں سے واپسی سے پہلے اُس کے اِنتظام حکومت کا اِہتمام کیا۔ قرطبہ (Cordoba) کو اندلس کا دارالحکومت قرار دیا، اپنے بیٹے ’عبدالعزیز‘ کو وہاں کا حاکم بنایا اور خلیفہ کے حکم کے مطابق دمشق کی طرف عازمِ سفر ہوا۔

عصرِ وُلاۃ
’موسیٰ بن نصیر‘ اور ’طارق بن زیاد‘ کی واپسی کے بعد 714ء سے 756ء تک 43سالوں میں ملک سیاسی حوالے سے عدم اِستحکام کا شکار رہا۔ اُس دوران میں کل 22گورنر اندلس میں مقرر ہوئے۔ یہی وجہ ہے کہ علمی اور تہذیبی اِرتقاء کے ضمن میں اُس دور میں کوئی خاص پیش رفت نہ ہو سکی۔ اندلس کی تاریخ میں یہ دور کافی حد تک غیر واضح ہے ۔ اُس دَور کو اِسلامی سپین کی تاریخ میں عصرِ وُلاۃ (یعنی گورنروں کا دَور) کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

دورِ بنواُمیہ
40ہجری سے 132ہجری تک عالمِ اِسلام پر حکمرانی کے بعد جب اُموی دورِ خلافت کا خاتمہ ہوا اور بنو عباس نے غلبہ پانے کے بعد شاہی خاندان کے اَفراد کو چن چن کر قتل کرنا شروع کیا تو اُموی خاندان کے چند اَفراد بمشکل جان بچا سکے ۔ اُنہی بچ نکلنے والوں میں سے ’ہشام بن عبدالملک‘ کا 20سالہ نوجوان پوتا ’عبدالرحمن بن معاویہ‘ بھی تھا جس کی ماں ’قیوطہ‘ افریقہ کے بربری قبیلہ ’نفرہ‘ سے تعلق رکھتی تھی۔ عبدالرحمن نے عباسیوں کے مظالم سے بچنے کیلئے افریقہ کا رُخ کیا جہاں اُس کیلئے پناہ کے مواقع ایشیا کی نسبت بہت زیادہ تھے۔ وہ افریقہ سے گزرتا ہوا 5سال بعد اندلس کے ساحل تک جا پہنچا ۔ جہاں اُموی دور کی شاہی اَفواج موجود تھیں۔ کچھ ہی دنوں میں عبدالرحمن نے اُن میں اِتنا اثر پیدا کر لیا کہ اُنہوں نے اُسے اپنا کمانڈر بنا لیا۔ یہ فوج شمال کی سمت چلی اور چند ہی سالوں میں تمام اندلس اُس کے زیرِ قبضہ آگیا۔ مقامی اُمراء اور عوام نے اُس کی اِطاعت قبول کر لی اور پورا ملک آزاد اُموی ریاست کی صورت اِختیار کر گیا۔
تاریخ اُسے ’عبدالرحمن الداخل‘ کے نام سے یاد کرتی ہے۔ اُس نے اندلس پر 756ء سے 788ء تک کل 32سال حکومت کی ۔ اس دوران میں اُس نے مقامی اُمراء کی بغاوتوں کو فرو کرنے کے علاوہ فرانس کے بادشاہ ’شارلیمان‘ کا حملہ بھی بری طرح پسپا کیا ۔ اُس کے بعد اُس کا بیٹا ’ہشام‘ تختِ سلطنت پر بیٹھا۔ اُس کے عہد میں مسلمانوں نے جنوبی فرانس کے بہت سے شہروں کو فتح کیا۔ یہ وہ دور تھا جب فقہ مالکی کو ریاست میں قانون کی بنیاد کے طور پر نافذ کیا گیا۔
822ء میں ’عبدالرحمن دُوم‘ تخت نشین ہوا۔ اُس کے 30سالہ دورِ حکومت میں ملک اِنتظامی طور پر مضبوط ہوا۔ علوم و فنون کی ترقی کا آغاز ہوا، سائنسی علوم کی ترویج عام ہونے لگی۔ صنعت و حرفت نے بھی بہت زیادہ ترقی کی اور تجارت دُور دراز ممالک تک پھیل گئی۔ اندلس کی بحری طاقت بڑھ جانے سے تجارت کو خوب فروغ حاصل ہوا۔ یہ دَور تعمیرات اور دولت کی فراوانی کا دَور تھا۔ (آگے چل کر ہم اس کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔) دُوسری طرف یہی وہ دَور ہے جس میں یورپ میں اِسلام کے خلاف باقاعدہ طور پر مسیحی تحریک کا آغاز ہوا۔ جس نے بعدازاں صدیوں تک سپین کے مسلمانوں کو جنگوں میں اُلجھائے رکھا اور بالآخر جزیرہ نما آئبیریا (Iberian Peninsula) سے نکال کر دَم لیا۔
اِسلامی سپین کی تاریخ میں سب سے عظیم حکمران ’عبدالرحمن سوم‘ تھا۔ اُس نے 21برس کی عمر میں912ء میں اپنے دادا ’عبداللہ‘ کی وفات کے بعد سلطنت کا اِنتظام سنبھالا۔ یہ وہ دَور تھا جب اندلس میں مسلمان رُو بہ زوال تھے اور صلیبی تحریک خوب زور پکڑ چکی تھی۔اُس نے ہر طرح کی داخلی بدامنی اور خارجی شورشوں کو کچل کر معاشرے کا امن بحال کیا اور ایک نئے دَور کی بنیاد رکھی۔ یہ اندلس کا پہلا حکمران تھا جس نے ’الناصر لدین اﷲ‘ کے لقب کے ساتھ اپنی خلافت کا اِعلان کیا۔ اپنے 912ء سے 961ء تک 49 سالہ دورِ حکومت میں اُس نے نہ صرف بہت سی عیسائی ریاستوں کو اپنا زیرِ نگیں کر لیا بلکہ ملک کو عظیم اِسلامی تہذیب و تمدّن کا گہوارہ بنا دیا۔ اُس کے دَور میں علوم و فنون کو عروج ملا جس سے اندلس اپنے دَور کی ایک عظیم ویلفیئر سٹیٹ بن کر اُبھرا۔
’عبدالرحمن سوم‘ کے بعد ’حکم ثانی‘، ’ہشام‘ اور ’مظفر‘ تخت آرائے خلافت ہوئے مگر اُن کے بعد 1010ء میں سلطنت کا اِنتظام بکھرنا شروع ہوا اور پورا اندلس خانہ جنگی کی لپیٹ میں آگیا۔1010ء سے 1031ء تک 21سالوں میں کل 9خلفاء تخت نشین ہوئے مگر کوئی بھی حالات کے دھارے کو قابو میں نہ لا سکا۔ 1031ء میں اِنتشار اِس حد تک بڑھا کہ اُس کے نتیجے میں اندلس سے اُموی خلافت کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو گیا، سلطنت بہت سے حصوں میں بٹ گئی اور ہر علاقے میں مقامی سرداروں اور ملوک نے حکومت شروع کر دی۔ تاریخ اُن سرداروں کو ’ملوکُ الطوائف‘ کے نام سے یاد کرتی ہے ۔

دَورِ مرابطون
شمالی افریقہ کے بربری خاندان اور تحریکِ مرابطین کے زیرِ اِنتظام قائم حکومت کے تیسرے حکمران’یوسف بن تاشفین‘ کا دورِ حکومت 1091)ء تا 1106ء( شمالی افریقہ کے بہترین اَدوار میں سے ایک ہے ۔ اُس کے کارہائے گراں مایہ کے اِعتراف میں بغداد کی خلافت کی طرف سے اُسے ’امیر المسلمین‘ کے خطاب سے بھی نوازا گیا تھا۔ جب اندلس میں طوائفُ الملوکی حد سے بڑھی اور عیسائی حکومتوں کی طرف سے مسلمان ریاستوں پر حملوں کا آغاز ہوا اور اِسلامی سپین کی سرحدیں سُکڑنا شروع ہوئیں تو ملوکُ الطوائف کو اپنے انجام سے خطرہ لاحق ہوا۔ ایسے میں اُنہیں ہمسایہ مسلمان ریاست کا فرمانروا ’یوسف بن تاشفین‘ اپنی اُمیدوں کے آخری سہارے کی صورت میں دِکھائی دیا۔ اندلس کے سفیروں نے ’یوسف بن تاشفین’ کو اندلسی مسلمانوں پر ہونے والے عیسائیوں کے مظالم کی لرزہ خیز داستان سنائی اور اُسے صلیبی حملوں کے خلاف اِمداد کے لئے بلایا، جس کے نتیجے میں وہ 1086ء میں 100 جہازوں کے بیڑے کے ساتھ 12ہزار کی فوج لے کر افریقہ کی بندرگاہ ’سبتہ‘ سے اندلس روانہ ہوا۔ ملوکُ الطوائف بالخصوص معتمد اشبیلیہ (Seville) کے,0008 اَفواج بھی اُس کے ساتھ آن ملیں۔ یوں,00020 اَفواج کے ساتھ اُس نے ’سرقسطہ‘ (Zaragoza) کے مقام پر ’لیون‘ (Leon) کے حملہ آور باشادہ ’الفانسوششُم‘ کے 80,000 سپاہیوں کو تہِ تیغ کیا، جن میں سے بمشکل چند سو سپاہی جان بچا کر اپنے وطن واپس لوٹ سکے۔
جنگ زلّاقہ کے نام سے معروف یہ لڑائی اِس اِعتبار سے سپین کی تاریخ میں اہم مقام رکھتی ہے کہ عیسائیوں کی طرف سے مسلمانوں کو جو زبردست خطرہ لاحق ہو گیا تھا وہ ایک طویل عرصے کے لئے ٹل گیا۔ اگر یوسف بن تاشفین عیسائیوں کا پیچھا کرتا تو اُن کی طاقت کو مستقل طور پر ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار کر سکتا تھا مگر اُس نے واپسی کا اِرادہ کیا اور اپنی3,000 فوج اشبیلیہ (Seville) کی حفاظت کے لئے چھوڑ کر باقی لشکر کے ساتھ عازمِ افریقہ ہوا۔
’یوسف بن تاشفین‘ تو ’الفانسو‘ کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد واپس افریقہ چلا گیا مگر اندلس کے ملوک اِس قدر بگڑے ہوئے تھے کہ اُن کا اِتحاد کسی صورت نہ رہ سکا اور ملک میں پھر سے اَمن و امان کا مسئلہ اُٹھ کھڑا ہوا۔ چنانچہ یوسف نے چند سال بعد اندلسی علماء اور عوامُ الناس کے بھرپور اِصرار پر1091ء میں اندلس کو اپنی افریقی ریاست کے ساتھ مدغم کر لیا، یہیں سے ’مرابطین کے دور کا آغاز‘ ہوا۔
اُس دَور میں اندلس کا امن اور خوشحالی ایک بار پھر عود کر آئی تاہم یہ کوئی زیادہ طویل دَور نہ تھا۔ مرابطون کا دورِ حکومت صرف 54سال تک قائم رہنے کے بعد 1145ء میں ختم ہو گیا۔ صدیوں پر محیط اندلس کی تاریخ میں اِس مختصر دَور کو فلاحِ عامہ کے نکتۂ نظر سے اِنتہائی اچھے لفظوں میں یاد کیا جاتا ہے ۔

دورِ مؤحِّدُون
مغربِ اَقصیٰ (موجودہ مراکش) سے 1120ء میں ایک نئی اِصلاحی تحریک نے جنم لیا، جس کا بانی ’ابوعبداللہ محمد بن تومرت‘ تھا۔ مہدیت کے دعوے پر مشتمل اُس کی تبلیغ مَن گھڑت عقائد و نظریات کے باوُجود بڑی پُر اثر تھی، جس کے نتیجے میں نہ صرف ہزاروں کی تعداد میں لوگ اُس کے مُرید ہونے لگے بلکہ جلد ہی وہ افریقہ کی ایک عظیم سیاسی قوت کی صورت میں اُبھرا۔ اُس کے مریدین مؤحّدوں کہلاتے تھے۔ ’محمد بن تومرت‘ کے جانشین ’عبدالمومن علی‘ کے دَور میں اُس تحریک نے اپنی سیاسی قوت میں بے پناہ اِضافہ کیا، جس کے نتیجے میں 1145ء میں مرابطون کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔
جن دِنوں مؤحّدون نے مرابطون کا خاتمہ کیا سپین کے صلیبی حکمران ’الفانسوہفتم‘ نے ’قرطبہ‘ (Cordoba) اور ’اشبیلیہ‘ (Seville) سمیت اندلس کے بہت سے شہروں پر قبضہ کر لیا۔ چنانچہ اندلس میں مؤحّدون کے دَور کا آغاز ایک سُکڑی ہوئی ریاست کے طور پر ہوا۔ اس کے باوُجود عبدالمؤمن کے جانشینوں نے نہ صرف صلیبی حملوں کا پُر زور مقابلہ کیا بلکہ ریاست کی تمدّنی ترقی کی طرف بھی خصوصی توجہ دی۔ بہت سی مساجد، محلات، فوجی مدرسے، قلعے، پل اور سڑکیں اُسی دَور میں تعمیر ہوئیں۔ اُس دَور میں بندرگاہوں کی توسیع بھی عمل میں آئی اور جہازرانی کے کارخانے قائم ہوئے۔ صنعت و حرفت کو خوب فروغ ملا اور تجارت نے بھی ترقی کی۔
1214ء میں مؤحّدون کے آخری فرمانروا ’ابوعبداللہ محمدالناصر‘ نے ’الفانسونہم‘ کی زیرقیادت حملہ آور قشتالہ، لیون، نبرہ اور ارغون کی مشترکہ اَفواج سے ’العقاب‘ کی جنگ میں شکست کھائی۔ یہ جنگ مسلمانوں کے حق میں فیصلہ کن ثابت ہوئی اور آئندہ کہیں بھی وہ عیسائیوں کے خلاف جم کر نہ لڑ سکے اور اُن کی عظمت و شکوہ کا سکہ پامال ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔ جس کے نتیجے میں اندلس ایک بار پھر طوائفُ الملوکی میں گھِر گیا جو 1232ء تک جاری رہی۔

دورِ بنو نصر
مؤحّدون کے بعد ملک میں چھانے والی طوائفُ الملوکی کے دوران اندلس کی حدُود تیزی سے سمٹنے لگیں اور بہت سی مسلم ریاستیں یکے بعد دیگرے عیسائی مقبوضات میں شامل ہوتی چلی گئیں۔ حتیٰ کہ ’خاندانِ بنو نصر‘ کے آغاز سے قبل اِسلامی سپین محض 700 میل کے لگ بھگ رقبے پر مشتمل رہ گیا، جس میں غرناطہ (Granada)، المریہ (Almeria)، مالقہ (Malaga)، قادِس (Cadiz)، بیضاء (Baza) اور جیان (Jaen) کے مشہور شہر شامل تھے۔
غرناطہ کا خاندانِ بنو نصر جس نے 1232ء سے 1492ء تک 260 سال حکومت کی، تاریخِ اندلس میں ایک خاص مقام رکھتا ہے ۔ اُس خاندان نے اِتنے طویل عرصے تک اپنے محدُود ریاستی وسائل کے باوُجود یورپ بھر کی اِجتماعی یلغار کو روکے رکھا۔ 1423ء میں صحیح معنوں میں ریاست کے زوال کا آغاز ہوا جو بالآخر 2جنوری1492ء کے تاریخی دِن اپنے انجام کو جا پہنچا۔
عیسائی قابضین نے غرناطہ (Granada) کے مسلمان عوام کے ساتھ کئے گئے جان، مال، عزت و آبرو اور مذہبی آزادی کے وعدے کے برخلاف اُن پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے اور اُنہیں تبدیلیِ مذہب یا جلاوطنی میں سے ایک پر مجبور کیا گیا۔ جس کے نتیجہ میں سپین سے مکمل طور پر مسلمانوں کا خاتمہ ہو گیا۔

اِسلامی سپین کے چند عظیم سائنسدان
سپین کی سرزمین اِسلام کی علمی تاریخ میں بڑی زرخیز ثابت ہوئی ہے۔ اُس کا مقام مردم خیزی میں کسی طرح بھی بغداد (Baghdad) اور دمشق (Damascus) کی یونیورسٹیوں سے کم نہیں۔ اندلس کی کوکھ سے جن عظیم سائنسدانوں نے جنم لیا یہ اُنہی کا کسبِ کمال تھا جس کی بدولت قرطبہ (Cordoba) جیسا عظیم شہر قرونِ وُسطیٰ میں رشکِ فلک بنا۔ اندلس کی تمدّنی زندگی کے پیچھے اُس کے جلیل القدر سائنسدانوں ہی کا ہاتھ تھا۔ قرونِ وُسطیٰ کی بہت سی نامور شخصیات اندلس ہی سے تعلق رکھتی تھیں۔ چنانچہ عظیم مفسرِ قرآن اِمام قرطبی، مشہورِ عالم سیاح اِبنِ بطوطہ اور اِبنِ جبیر، موجدِ سرجری و ماہرِ اَمراضِ چشم ابوالقاسم الزہراوی، معروف فلسفی و طبیب اِبنِ باجّہ، خالق فلسفۂ وحدتُ الوُجود اِبنِ عربی، عظیم فلسفی و طبیب اِبنِ رُشد، بطلیموسی نظریۂ کواکب کا دلائل کے ساتھ ردّ کرنے والے عظیم اِسلامی ماہرینِ فلکیات اَبواِسحاق الزّرقالی اور اَبواِسحاق البطرُوجی، تاریخ و عمرانیات کے اِمام اِبنِ خلدون، نامور طبیب یونس الحرانی، معروف جغرافیہ نگار و ماہرِ فلکیات شریف اِدریسی، ہوائی جہاز کا موجد عباس بن فرناس، نامور طبیب اِبنِ الہیثم، ماہرِ فلکیات و الجبراء نصیر الدین طوسی اور دیگر بے شمار علمی و ادبی شخصیات کا تعلق سپین ہی کی عظیم سرزمین سے تھا۔
اِن مسلمان سائنسدانوں نے علم کو صرف اِسلام ہی کی دولت سمجھتے ہوئے محدُود کرنے کی بجائے اپنے دروازے ہر مذہب کے ماننے والوں کے لئے کھلے رکھے اور علم کو بنی نوع انسان کا مشترکہ وِرثہ قرار دیا۔ چنانچہ سپین کی یونیورسٹیوں میں عیسائی اور یہودی طلباء بھی بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔ حتیٰ کہ مسلمان سائنسدانوں کے یہودی و عیسائی شاگرد بعد میں نامور سائنسدان ہوئے اور اپنی قوم میں سائنسی تعلیم کی ترویج کا باعث بنے۔ یہیں سے سپین کا علمی سرمایہ مغربی اور وسطی یورپ منتقل ہونا شروع ہوا۔
معروف مستشرق ’منٹگمری واٹ‘ اِس سلسلے میں رقمطراز ہے:
Already when the fortunes of the Muslims were in the ascendant, their learning had attracted scholars of all faiths. Spanish Jews in particular were -- including the great Maimonides (1135-1204) -- sat at the feet of Arabic-speaking teachers and wrote their books in Arabic.
(W. Montgomery Watt A History of Islamic Spain P.157)
ترجمہ:
"جب مسلمانوں کی قسمت اپنے عروج پر تھی تو اُن کی تعلیمات نے تمام مذاہب کے ماننے والے طلباء کو اپنی جانب متوجہ کر لیا تھا۔ سپین کے یہودی بطورِ خاص عرب فکر سے متأثر ہوئے، اور (عظیم میمونائیڈز سمیت) اُن میں سے بیشتر نے عربی بولنے والے اساتذہ سے زانوئے تلمّذ طے کیا اور عربی زبان میں کتابیں لکھیں"۔
ذیل میں ہم خوفِ طوالت کے باعث اِختصار کے ساتھ اندلس کے چند اہم سائنسدانوں کے نام اور اُن کے شعبہ ہائے تحقیق پر مشتمل فہرست پیش کر رہے ہیں تاکہ قارئین پر اندلس کی مردم خیزی عیاں ہو سکے:
نام سائنسدان شعبۂ تحقیق
1 اِبراہیم بن سعید السہلی فلکیات، ماہر اُسطُرلاب سازی
2 اِبن الاصم طب، ماہر نباض
3 اِبن البغونش طب
4 اِبن البیطار، ابو محمد عبداللہ بن احمد المالقی باٹنی، طب
5 اِبن الجزار طب، ادویہ سازی
6 اِبن الحلاء طب
7 اِبن الخطیب اندلسی، ابوعبداللہ محمد بن عبداللہ لسان الدین طب، ماہرِ اَمراضِ تعدیہ، جغرافیہ، تاریخ، تصوّف، ادب، فلسفہ
8 اِبن الذہبی، ابو محمد عبداللہ بن محمد الازدی کیمیا
9 اِبن الرومیہ، ابوالعباس احمد بن محمد بن مفرح النباتی باٹنی، طب
10 اِبن الصفار، ابوالقاسم احمد بن عبداللہ الغافقی حساب، نجوم، انجینئرنگ، فلکیات، علم الاعداد
11 اِبن العوام باٹنی
12 اِبن النباش طب
13 اِبن الوافد طب
14 اِبن ام البنین طب
15 اِبن بدر، ابو عبداللہ محمد بن عمر بن محمد ریاضی، الجبرا
16 اِبن باجّہ فلسفہ، طب، ادویہ سازی، کیمیا، انجینئرنگ، ہیئت، ادب، موسیقی
17 اِبن خاتمہ طب، ماہرِ اَمراضِ تعدیہ
18 اِبن رُشد، ابو محمد عبداللہ بن ابوالولید طب، ماہرِ اَمراضِ چشم، فلسفہ
19 اِبن زہر اشبیلی طب، سرجن، کیمیا
20 اِبن سعید المغربی جغرافیہ
21 اِبن طفیل طب، فلسفہ
22 اِبن عبدالبر انجینئرنگ، باٹنی
23 اِبن مسعود فلکیات، انجینئرنگ
24 اِبن ملوکہ طب
25 ابو اِسحاق اِبراہیم الدانی طب
26 ابو اِسحاق اِبراہیم بن لب التجیبی فلکیات
27 ابو اِسحاق اِبراہیم بن یحییٰ الزرقالی قرطبی فلکیات، علمُ الاعداد (معیاری اُسطرلاب کا مُوجد، بطلیموسی نظریہ کا ردّ کرنے والا)
28 ابو اِسحاق بن طملوس طب
29 ابو اِسحاق نور الدین البطروجی فلکیات، بطلیموسی نظریہ کا ردّ کرنے والا
30 ابو الاصبغ عیسیٰ بن احمد الواسطی فلکیات
31 ابوالحجاج یوسف بن موراطیر طب
32 ابوالحسن المراکشی فلکیات، ریاضی، جغرافیہ، ساعات شمسیہ، تقویم
33 ابو الحسن بن عبدالرحمن بن الجلاب فلکیات
34 ابوالحسن علی بن ابی الرجال الشبیانی فلکیات
35 ابوالحسن علی بن سلیمان الزہراوی الحاسب ریاضی
36 ابوالحسن علی بن محمد بن علی القرشی القطصادی ریاضی، علم الاعداد، الجبراء
37 ابوالحسن علی بن موسیٰ الانصاری کیمیا
38 ابوالحسن مختار بن عبدالرحمن بن شہر فلکیات
39 ابو الحکم بن غلندو طب
40 ابو الصّلت اُمیہ بن عبدالعزیز طبیعیات، ریاضی، میکانیات، طب، ادویہ سازی، کیمیا، انجینئرنگ، فلکیات، فلسفہ، ادب، موسیقی، منطق
41 ابوالعباس احمد بن محمد، ابن البناء المراکشی فلکیات، ریاضی، انجینئرنگ، الجبراء، علم الاعداد، نجوم
42 ابو العباس الکنیاری طب
43 ابو العرب یوسف بن محمد طب
44 ابو العلاء بن ابو جعفر احمد بن حسان طب
45 ابو العلاء زہربن ابو مروان طب، ادویہ سازی، ماہر نباض، ادب، حدیث
46 ابو الفضل محمد بن عبدالمنعم الجلیانی طب، شعر و ادب
47 ابوالقاسم احمد بن عبداللہ بن الصفار فلکیات، ریاضی، کیمیا
48 ابوالقاسم احمد بن محمد العددی ریاضی
49 ابوالقاسم۔ اصبغ بن محمد بن السمح المہری فلکیات، ریاضی، انجینئرنگ
50 ابوالقاسم الزہراوی طب، موجد سرجری، ماہرِ اَمراضِ چشم
51 ابوالقاسم صاعد بن احمد بن عبدالرحمن بن صاعد فلکیات
52 ابوالقاسم مسلمہ المجریطی فلکیات، ریاضی، کیمیا
53 ابو ایوب عبدالغافر بن محمد ریاضی
54 ابوبکر احمد بن جابر طب
55 ابوبکر بن القاضی ابوالحسن الزہری طب
56 ابوبکر بن سمجون طب، ادویہ سازی
57 ابوبکر بن عیسیٰ فلکیات
58 ابوبکر بن بشرون کیمیا
59 ابوبکر محمد بن احمد الرقوطی طب، انجینئرنگ، منطق، موسیقی، ریاضی
60 ابوبکر محمد بن عبدالملک بن زہر (الحفید) طب، ماہرِ اَمراضِ چشم، فقہ، حدیث، ادب
61 ابوبکر محمد بن یحییٰ ابن باجہ فلکیات
62 ابو جعفر احمد بن حسان طب
63 ابو جعفر احمد بن سابق طب
64 ابو جعفر احمد بن محمد الغافقی باٹنی
65 ابو جعفر الذہبی طب
66 ابو جعفر بن الغزال طب
67 ابو جعفر یوسف بن احمد بن حسدائی طب
68 ابو حامد الغرناطی جغرافیہ
69 ابو داؤد سلیمان بن حسان ابن جلجل قرطبی طب، ادویہ سازی، سیاست
70 ابو عبداللہ الملک الثقفی طب
71 ابو عبداللہ الندرومی طب
72 ابو عبداللہ بن یزید طب
73 ابو عبداللہ محمد بن حسین الکتانی طب، ادویہ سازی، سیاست
74 ابوعبداللہ محمد بن علی القربلائی طب، سرجری
75 ابو عبداللہ محمد بن عمرو بن محمد بن برغوث فلکیات
76 ابو عبداللہ محمد بن محمد الادریسی باٹنی
77 ابو عبید عبداللہ بن عبدالعزیز البکری جغرافیہ، باٹنی، ادب، تاریخ، اِلٰہیات
78 ابو عبیدہ مسلم بن احمد بن ابو عبیدہ البلنسی ریاضی
79 ابو عمر النوشریسی جغرافیہ
80 ابو محمد العبدری جغرافیہ
81 ابو محمد الشذونی طب
82 ابو محمد عبداللہ بن الحفید طب
83 ابو محمد عبداللہ بن حجاج ابن الیاسمین ریاضی، الجبراء، شعر و ادب
84 ابو مروان عبدالملک بن ابی العلاء زہر طب، ادویہ سازی
85 ابو مسلم عمر بن احمد بن خلدون فلکیات
86 ابو ولید محمد بن حسین الکتانی طب
87 ابو یحییٰ بن قاسم الاشبیلی طب
88 احمد بن حکم بن حفصون طب
89 احمد بن خالد ریاضی
90 ابو جعفر بن خاتمہ، احمد بن علی بن محمد طب
91 احمد بن محمد الطبری طب، ادویہ سازی
92 احمد بن نصر انجینئرنگ
93 احمد بن یونس الحرانی طب، ماہرِ اَمراضِ چشم، ادویہ سازی
94 اِسحاق الطبیب طب
95 اِسحاق بن سلیمان طب، ادویہ سازی
96 اِسحاق بن عمران طب، ادویہ سازی
97 اِسحاق بن قسطار طب، فلسفہ، منطق
98 اصبغ بن یحییٰ طب
99 الرمیلی طب، حساب، معادلات
100 المصدوم طب
101 ثابت بن محمد الجرجانی نجوم، فلسفہ، منطق
102 جابر بن افلح فلکیات، الجبراء
103 جواد الطبیب طب
104 حسدائی بن شپروط (یہودی) طب، ادویہ سازی، سیاست
105 حسین بن محمد ابن حی التجیبی فلکیات
106 حمدین بن ابان طب
107 خالد بن یزید بن رومان قرطبی طب، باٹنی، ادویہ سازی
108 سعید بن عبد ربہ طب، ادویہ سازی
109 سلیمان ابوبکر بن باج طب، ادویہ سازی، سیاست
110 سلیمان عبداللہ المشتری ریاضی
111 شریف اِدریسی، ابو عبد اللہ محمد بن عبداللہ بن اِدریس فلکیات، جغرافیہ
112 عامر الصفار القرطبی حساب، مساحت، فرائض
113 عباس بن فرناس فلکیات، فلکیاتی لیبارٹری، ہوائی جہاز
114 عبدالرحمن بن اسحاق بن الہیثم طب، ادویہ سازی
115 عبدالعزیز بن مسلمہ الباجی طب
116 عبداللہ بن احمد السرقسطی فلکیات
117 عبداللہ بن محمد السری ریاضی
118 عبدالمنعم الجلیانی طب
119 عبدالمنعم الحمیری جغرافیہ، تاریخ
120 عریب بن سعد الکاتب قرطبی تقویم، تاریخ، طب، ماہرِ اَمراضُ النساء و اَمراضُ الاطفال
121 عمران بن ابی عمرو طب، ادویہ سازی
122 محمد بن جابر جغرافیہ
123 عمر بن حفص بن برتق طب
124 عمر بن یونس الحرانی طب، ماہر امراضِ چشم، ادویہ سازی
125 عمرو بن عبدالرحمن الکرمانی ریاضی
126 قاسم بن اصبغ ریاضی
127 محمد التمیمی طب
128 محمد بن ابراہیم بن نوح بن بونہ المیورقی حساب، علم الاعداد
129 محمد بن ابوبکر الزہری جغرافیہ، فلکیاتی جغرافیہ، ہیئت
130 محمد بن احمد بن اللیث فلکیات
131 محمد بن السراج طب
132 محمد بن رشید الفہری جغرافیہ، ادب، حدیث، نحو
133 محمد بن عبدون الجبلی طب
134 محمد بن علی الشفرہ باٹنی
135 محمد بن فتح طلمون طب
136 محمد بن یوسف الوراق جغرافیہ
137 محمد تملیخ طب
138 محی الدین بن محمد الشکر المغربی فلکیات، انجینئرنگ
139 مروان بن جناح طب، ادویہ سازی، سیاست
140 مسلمہ المجریطی فلکیات، ریاضی، کیمیا
141 مسلمہ بن قاسم فلکیات
142 مُطرِف الاشبیلی فلکیات، ریاضی
143 موسیٰ بن میمون فلسفہ، طب، ادویہ سازی، کیمیا، انجینئرنگ، ہیئت، ادب، موسیقی
144 نصیر الدین طوسی فلکیات، الجبراء
145 ہارون بن موسیٰ الاشبونی طب
146 ہشام بن احمد ابن ہشام حساب، انجینئرنگ، منطق
147 یحیٰ بن اِسحاق طب
148 یحیٰ بن یحیٰ ابن السمینہ طب، حساب، فلکیات، لغت، نجوم، عروض، حدیث، فقہ
149 یوسف المؤتمن المقتدر باﷲ بن ہود (امیرِ سرقسطہ) فلکیات، ریاضی، فلسفہ
150 یوسف بن اِسحاق ابن بکلارش باٹنی، طب
151 یونس الحرانی طب، ادویہ سازی