بیان ہونے والے شرائط کے ساتھ وضو صحیح ہے،اور ان میں سے کسی ایک کے نہ ہونے پر وضو باطل ہے۔
وضوکے شرائط:
١ ۔وضو کے پانی اور برتن کے شرائط
١۔وضو کا پانی پاک ہو (نجس نہ ہو )۔
٢۔وضو کا پانی مباح ہو (غصبی نہ ہو)۔*
٣۔ وضو کا پانی مطلق ہو(مضاف نہ ہو)۔
٤۔وضو کے پانی کا برتن مباح ہو۔
٥۔وضو کے پانی کا بر تن سونے اور چاندی کانہ ہو ۔
٢۔ اعضائے وضو کے شرائط:
١۔ پاک ہو ں۔
٢۔ ان تک پانی پہنچنے میں کوئی چیز مانع نہ ہو۔
٣۔ کیفیت وضوکے شرائط :
١ ۔ترتیب کی رعایت(اعمال وضو میں بیان ہوئی ترتیب کے مطابق)
٢۔موالات کی رعایت (اعمال وضو کے درمیان فاصلہ نہ ہو۔
٣۔ خودانجام دے ( کسی اور سے مدد نہ لے)۔
٤۔وضو کرنے والے کے شرائط :
١۔اس کے لئے پانی کا استعمال باعث حرج نہ ہو ۔
٢۔ قصد قربت سے وضو کرے ( ریاکاری نہ کرے)۔
..............
*(تمام مراجع)وضو کاپانی اورو ہ فضا جس میں وضو کیا جاتا ہے، وہ بھی مباح ہو(مسئلہ ٢٧٢کے بعد ،تیسری شرط)
وضو کے پانی اور اس کے برتن کے شرائط
١۔نجس او رمضاف پانی سے وضو کرنا باطل ہے،خواہ جانتا ہو کہ پانی نجس یامضاف ہے یا نہ جانتا ہو، یا بھول گیا ہو۔(١)
٢۔وضو کا پانی مباح ہونا چاہئے،اس لحاظ سے درج ذیل مواقع پر وضو باطل ہے:
*اس پانی سے وضو کرنا،جس کا مالک راضی نہ ہو(اس کا راضی نہ ہونا معلوم ہو)
*اس پانی سے وضو کرنا،جس کے مالک کے بارے میں معلوم نہ ہو کہ راضی ہے یا نہیں۔
*اس پانی سے وضو کرنا جوخاص افراد کے لئے وقف کیا گیا ہو،جیسے:بعض مدرسوں کے حوض اور بعض ہوٹلوں اور مسافر خانوں کے وضو خانے...(٢)
٣۔بڑی نہروں کے پانی سے وضو کرنا،اگر چہ انسان نہ جانتا ہو کہ اس کا مالک راضی ہے یا نہیں، کوئی حرج نہیں ،اگر اس کا مالک وضو کرنے سے منع کرے،تو احتیاط واجب یہ ہے کہ وضو نہ کیا جائے۔(٣)
٤۔اگر وضو کا پانی غصبی برتن میں ہو اور اس سے وضو کر لیا جائے تو وضو باطل ہے۔(٤)
اعضائے وضو کے شرائط
١۔دھونے اور مسح کرنے کے وقت ،اعضاء وضو کا پاک ہونا ضروری ہے۔(٥)
..............
(١)توضیح المسائل٢٦٥.
(٢)العروة الوثقیٰ ج١ ص٢٢٥م٦،٧،٨، توضیح المسائل م ٢٦٧ تا ٢٧٢.
(٣)توضیح المسائل ،مسئلہ٢٧١.
(٤)توضیح المسائل ۔شرائط وضو۔شرط چہارم.
(٥)توضیح المسائل ص٣٥،شرط ششم.
٢۔اگر اعضائے وضو پر کوئی چیز ہو جو پانی کے اعضاء تک پہنچنے میں مانع ہو یا مسح کے اعضاء پر ہو،اگر چہ پانی پہنچنے میں مانع بھی نہ ہو،وضو کے لئے اس چیز کو پہلے ہٹانا چاہئے۔(١)
٣۔ بال پین کی لکیریں،رنگ ،چربی اور کریم کے دھبے،جب رنگ جسم کے بغیر ہوں،تو وضو ء کے لئے مانع نہیںہیں،لیکن اگر جسم رکھتا ہو تو (کھال پر جسم حائل ہو نے کی صورت میں )اول اسے برطرف کرنا چاہئے۔(٢)
(٥)کیفیت وضو کے شرائط
ترتیب(٣)
:وضو کے اعمال ا س ترتیب سے انجام دئے جائیں:
*چہرہ کا دھونا
*دائیںہاتھ کا دھونا
*بائیںہاتھ کا دھونا
*سر کا مسح
*دائیں پیر کا مسح
*بائیں پیر کامسح
اگر اعمال وضو میں ترتیب کی رعایت نہ کی جائے تو وضو باطل ہے،حتیٰ اگر بائیں اور دائیں پائوں کا ایک ساتھ مسح کیا جائے*
..............
(١)توضیح المسائل ص٣٧شرط ١٣و مسئلہ ٢٥٩.
(٢)استفتا آت ۔ج١ص٣٦و ٣٧س ٤٠تا ٤٥ .
(٣)تحریر الوسیلہ ج١ص٢٨.
*(گلپائیگانی ۔اراکی۔)بائیں پیر کو دائیں پیر سے پہلے مسح نہ کیا جائے۔(خوئی)احتیاط کی بناء پر بائیں پائوں پر دائیں پائوںکے بعد مسح کرنا چاہئے۔(شرائط وضو،شرط نہم)
موالات
١۔موالات،یعنی اعمال وضو کا پے در پے بجالانا تا کہ ایک دیگر اعمال میں فاصلہ نہ ہو ۔
٢۔اگر وضو کے اعمال کے درمیان اتنا وقفہ کیا جائے کہ جب کسی عضو کو دھونا یا مسح کرنا چاہے تو اس سے پہلے والے وضو یا مسح کئے ہوئے عضو کی رطوبت خشک ہوچکی ہو،تو وضو باطل ہے۔(١)
دوسروں سے مدد حاصل نہ کرنا
١۔جو شخص وضو کو خود انجام دے سکتا ہو،اسے دوسروں سے مدد حاصل نہیں کرنی چاہئے، لہٰذا اگر کوئی دوسرا شخص اس کے ہاتھ اور منھ دھوئے یا اس کا مسح انجام دے ، تو وضو باطل ہے۔(٢)
٢۔جو خود وضو نہ کر سکتا ہو،اسے نائب مقرر کرنا چاہئے جو اس کا وضو انجام دے سکے، اگر چہ اس طرح اجرت بھی طلب کرے،تو استطاعت کی صورت میں دینا چاہئے، لیکن وضو کی نیت کو خود انجام دے۔(٣)
وضو کرنے والے کے شرائط
١۔جو جانتا ہو کہ وضو کرنے کی صورت میں بیمار ہو جائے گا یا بیمار ہونے کا خوف ہو،اسے تیمم کرنا چاہئے اور اگر وضو کرے،اس کا وضو باطل ہے، لیکن یہ نہ جانتا ہو کہ پانی اس کے لئے مضر ہے اور وضو کرنے کے بعدپتہ چلے کہ پانی مضر تھا تو اس کا وضو صحیح ہے۔(٤)*
..............
(١)تحریر الوسیلہ۔ج١ ص٢٨و توضیح المسائل م٢٨٣.
(٢)العروة الوثقیٰ۔ج١ص٢٣٤.
(٣)توضیح المسائل۔م ٢٨٦.
(٤)العروة الوثقیٰ۔ج١ص٢٣٢۔توضیح المسائل ۔م ٢٨٨ و ٦٧٢.
*(خوئی )اگر وضو کے بعد پتہ چلے کہ پانی مضر تھا اور ضرر اس حد میں ہو کہ شرعاً حرام نہیں ہے تو اس کا وضو صحیح ہے. (گلپائیگانی)اگر وضو کے بعد معلوم ہوجائے کہ پانی مضر تھاتو احتیاط واجب ہے کہ وضو کے علاوہ تیمم بھی کرے (مسئلہ٢٩٤).
٢۔ وضو کو قصد قربت کے ساتھ انجام دینا چاہئے یعنی خدائے تعالیٰ کے حکم کو بجالانے کے لئے وضو انجام دے۔(١)
٣۔ضروری نہیں کہ نیت کو زبان پر لا ئے ،یا اپنے دل ہی دل میں (کلمات نیت) دہرائے،بلکہ اسی قدر کافی ہے کہ جانتاہو کہ وضو انجام دے رہا ہے، اس طرح کہ اگر اس سے پوچھا جائے کہ کیا کررہا ہے؟ تو جواب میں کہے کہ وضو کررہا ہوں ۔(٢)
مسئلہ: اگر نماز کا وقت اتنا تنگ ہوچکا ہوکہ و ضو کرنے کی صورت میں پوری نماز یا نماز کا ایک حصہ وقت گزرنے کے بعد پڑھا جائے گا تو اس صورت میں تیمم کرنا چاہئے (٣)
..............
(١)توضیح المسائل،ص ٣١شرط ہشتم.
(٢)توضیح المسائل،م ٢٨٢.
(٣) توضیح المسائل، م ٠ ٢٨.
سبق: ٨ کا خلاصہ
١۔وضو کاپانی پاک ، مطلق اور مباح ہونا چاہئے ، لہٰذا نجس ومضاف پانی سے وضو کرنا ہر حالت میں باطل ہے، چاہے پانی کے مضاف یا نجس ہونے کے بارے میں علم رکھتا ہویانہیں۔
٢۔ غصبی پانی سے وضو کرنا باطل ہے، البتہ اگر جانتا ہو کہ پانی غصبی ہے۔
٣۔ اگر وضو کے اعضا نجس ہوں تو وضو باطل ہے ،اسی طرح اگر وضو کے اعضاپر کوئی مانع ہوکہ پانی اعضا تک نہ پہنچ پائے تو وضو باطل ہے۔
٤۔ اگر وضو میں ترتیب وموالات کا لحاظ نہ رکھا جائے تو وضو باطل ہے۔
٥۔ جو خود وضو کرسکتا ہو اسے دھونے یا مسح کرنے میں کسی دوسرے کی مدد نہیں لینی چاہئے
٦۔ وضو کو خدائے تعالیٰ کا حکم بجالانے کی نیت سے انجام دینا چاہئے۔
٧۔ اگر انسان وضو کرنے کی صورت میں اسکی پوری نماز یا نماز کا ایک حصہ وقت گزرنے کے بعد پڑھا جائے گا تو اس صورت میں تیمم کرنا چاہئے۔
(؟)سوالات:
١۔ مختلف اداروں کے وضوخانوں میں وہاں کے ملازموں کے علاوہ دوسرے لوگوں کا وضو کرنا کیا حکم رکھتا ہے؟
٢۔ پانی کے ان منابع یا پانی سرد کرنے کی مشینوںسے جو پینے کے پانی کے لئے مخصوص ہوں، وضو کرنا کیا حکم رکھتا ہے؟
٣۔ جوخود وضو انجام دینے سے معذور ہو، اس کا فرض کیا ہے؟
٤۔ وضو میں قصد قربت کی وضاحت کیجئے۔
٥۔ وضوکی ترتیب وموالات میں کیا فرق ہے؟
|